Olive Oil - Article No. 2032

Olive Oil

زیتون کا تیل - تحریر نمبر 2032

انسانی صحت کیلئے دنیا کا واحد کارآمد تیل قرار

بدھ 16 دسمبر 2020

ہماء غفار
زیتون ایک پھل دار درخت ہے اور اس درخت کے پکے ہوئے پھلوں کو نچوڑ کر جو تیل نکالا جاتا ہے وہ زیتون کا تیل یا آلیو آئل کہلاتا ہے۔ یہ واحد تیل ہے جو انسانی جسم کو اندرونی اور بیرونی دونوں طرح سے فائدہ پہنچاتا ہے یعنی کھانے کے لئے بھی اور مالش کیلئے بھی اپنا ثانی نہیں رکھتا۔اس کا اس سے زیادہ کیا رتبہ ہو گا جس کے بارے میں باری تعالیٰ نے فرمایا ہو ”یہ ایک مبارک درخت یعنی برکت والا ہے“۔

پوری دنیا میں یہ واحد کھانے کا تیل ہے جسے محفوظ تصور کیا جاتا ہے۔زیتون کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ کرہ ارض پر موجود سب سے قدیم پھل تصور کیا جاتا ہے۔مارکیٹ میں عام طور پر زیتون کے تیل کی چار اقسام پائی جاتی ہیں۔
1۔اکیسٹرا ورجن آئل

(جاری ہے)

ورجن آئل
3۔ لائٹ آئل
4 ۔پومس آئل
سب سے بہترین اور محفوظ قسم ایکسٹرا ورجن آئل ہے جو نہ صرف پیا جا سکتا ہے بلکہ کھانا بنانے سے لے کر مالش تک کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔اس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہر قسم کے کیمیائی اجزاء سے محفوظ ہوتا ہے۔ ورجن آئل اور لائٹ آئل اگرچہ آلیو آئل ہی ہوتے ہیں لیکن ان کا معیار زیادہ بہتر نہیں ہوتا۔جبکہ پومس ا ٓئل زیتون کے تیل کی سب سے ہلکی قسم ہے۔جو درحقیقت زیتون کے گودے Pulp سے کیمیکلی Chemically تیار کیا جاتا ہے۔جس میں برائے نام مقدار ایکسٹرا ورجن آئل کو ملا کر زیتون کے تیل کی شکل دی جاتی ہے۔

زیتون غذائیت سے بھرپور تیل تو ہے ہی یہ لاتعداد بیماریوں کا علاج بھی ہے۔اس تیل کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں انتہائی کم کاربوہائیڈریٹ یعنی صرف چار سے چھ فیصد تک ہیں۔اس کا مسلسل استعمال موسمی انفیکشن میں جلد قابو پانے میں مدد دیتا ہے۔یہ معدنیات سے لبریز ہوتا ہے اور اس میں صحت بخش معدنی اجزاء فراوانی سے پائے جاتے ہیں۔جس میں اومیگا 9 کی بہت بڑی مقدار کے علاوہ اومیگا 6،اومیگا 3،فیٹی ایسڈ،وٹامن K اور وٹامن E قابل ذکر ہیں۔

دل کے امراض کے معالج تو بالخصوص زیتون کے تیل کے استعمال پر اصرار کرتے ہیں کیونکہ یہ بلڈ پریشر کو مناسب سطح پر رکھنے کی بہتر صلاحیت رکھتا ہے اور کولیسٹرول کی سطح کو بھی مناسب حد تک رکھنے میں اپنا،ثانی نہیں رکھتا۔کولیسٹرول کی عمومی طور پر دو اقسام ہوتی ہیں ایک ایل ڈی ایل (یعنی برا کولیسٹرول) دوسرا ایچ ڈی ایل (یعنی اچھا کولیسٹرول)۔
امراض دل سے بچنے کے لئے ایل ڈی ایل کی سطح کو کم رکھنا ضروری ہوتا ہے۔جبکہ ایچ ڈی ایل کی سطح کو بڑھانا ہوتا ہے۔دونوں کو مناسب سطح پر رکھنے کے لئے زیتون کے تیل کا استعمال نہایت سود مند واقع ہوا ہے۔اس تیل کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ کولیسٹرول فری ہے اور گلوٹین سے بھی پاک ہے۔جہاں زیتون کا تیل کولیسٹرول کو مناسب سطح پر رکھنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے وہاں ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بھی انتہائی سود مند ہے کیونکہ اس کے استعمال سے خون میں شوگر لیول کنٹرول میں رہتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ ہڈیوں کو مضبوط کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔زیتون کے تیل بارے ڈاکٹر اور حکیم اس بات پر متفق ہیں کہ یہ نظام انہضام کو درست کرتا ہے جس کے سبب قبض نہیں ہونے پاتی۔
عرب ممالک اس کی افادیت سے اس قدر متاثر ہیں کہ زیتون کے پتوں سے تیار کردہ قہوہ گھر گھر بہت مقبول ہے۔اس کے بارے عرب اور کچھ مغربی ممالک میں مشہور ہے کہ زیتون کا تیل کینسر سے بچاتا ہے بالخصوص بریسٹ کینسر سے۔اسی طرح جب موسم بدل رہا ہو تو یہ قہوہ موسمی وائرس اور بیکٹیریا سے محفوظ رکھتا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat