Quwat Mudafiat Barhayeen - Article No. 2217

Quwat Mudafiat Barhayeen

قوت مدافعت بڑھائیں - تحریر نمبر 2217

آئرن سے بھرپور غذائیں کھائیں

جمعرات 5 اگست 2021

شازیہ اسلم
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے قوت مدافعت بڑھانے والی خوراک سے متعلق موضوعات زیر بحث رہے ہیں۔دنیا بھر میں لوگوں نے ایسی غذا پر خصوصی توجہ دینا شروع کر دی ہے جو ان کی قوت مدافعت بڑھا سکتی ہے تاکہ وائرس سے مقابلہ کرنے کی طاقت پیدا ہو سکے۔ ہیلتھ ماہرین کے مطابق معدنیات اور وٹامن سے بھرپور کھانے خوراک کا حصہ ہونے چاہیے۔
کورونا کی وبا سے مقابلے کے لئے ضروری ہے کہ اپنی صحت کا خیال رکھا جائے،تاہم ایسے میں ویکسین لگوانے کو اولین ترجیح دی جائے۔قوت مدافعت بڑھانے کے لئے خوراک میں آئرن سے بھرپور غذا کا روزانہ استعمال یقینی بنانا چاہیے۔
پالک ایک ایسی سبزی ہے جسے آئرن کے حصول کا بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے جو قوت مدافعت بھی بڑھانے میں انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

آئرن کے علاوہ پالک میں کیلشیم،سوڈیئم اور فاسفورس کی بھی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔خون میں ہیمو گلوبن بڑھانے کے لئے بھی پالک کو مفید سمجھا جاتا ہے۔خشک میوہ جات جیسے کشمش اور انجیر بھی آئرن سے بھرپور ہوتے ہیں۔ان کے استعمال سے جسم میں آئرن کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔خشک میوہ جات کھانے سے خون کے خلیات کی تعداد میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

دالیں کھانے سے بھی جسم میں آئرن کی کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ایک کپ پکی ہوئی دال میں چھ ملی گرام تک آئرن موجود ہوتی ہے جو انسانی جسم کے لئے روزانہ کی بنیاد پر لازمی قرار دی گئی مقدار کا 37 فیصد ہے۔
پالک میں آئرن کے علاوہ کیلشیم اور سوڈیئم بھی وافر مقدار میں ہوتی ہے۔آئرن کی وافر مقدار میں حصول کے لئے سویابین کا استعمال بھی کیا جاتا ہے۔
ایک سو گرام کچی سویابین میں 15.7 ملی گرام آئرن موجود ہوتی ہے۔سویابین سے بنے ہوئے کھانوں کا روزانہ استعمال آئرن کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
سبزیوں میں پالک کے علاوہ آلو میں آئرن کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ایک کچے آلو میں 3.2 ملی گرام آئرن موجود ہوتا ہے۔اس کے علاوہ آلو فائبر،وٹامن سی،بی 6 اور پوٹاشیم حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat