Sabz Patton Wali Sabziyon Ke Fawaid - Article No. 2124

Sabz Patton Wali Sabziyon Ke Fawaid

سبز پتوں والی سبزیوں کے فوائد - تحریر نمبر 2124

ہرے پتوں والی سبزیاں ایک ایسی سستی غذا ہے،جس کے فوائد بے شمار ہیں

منگل 6 اپریل 2021

عبدالرحمن
ہرے پتوں والی سبزیاں ایک ایسی سستی غذا ہے،جس کے فوائد بے شمار ہیں،تاہم اکثر لوگ سبزیوں کو دیکھ کر ناک بھوں چڑھاتے ہیں۔ سبزیوں کی متبادل کوئی غذا نہیں ہو سکتی۔دیکھنے میں ہری بھری اور فوائد بے شمار،انسان کی صحت و تندرستی کا دارومدار ان سبزیوں پر ہے۔ سبزیاں تو سب ہی فائدہ مند ہیں لیکن غذائی ماہرین ہرے پتوں والی سبزیوں کی غذائی اہمیت پر زیادہ زور دیتے ہیں۔
ہرے پتوں والی سبزیوں میں کرم کلا،پالک،سلاد پتہ،دھنیا،بند گوبھی،ہرے پتوں والے چقندر،اور دیگر سبزیاں شامل ہیں۔ان میں موجود حیاتین، کلوروفل نمکیات اور سیلولوز،انسان کو بہترین توانائی فراہم کرتے ہیں۔ان کی افادیت اور فوائد کے پیش نظر طبی ماہرین دن میں کم از کم 2 مرتبہ سبزیوں کا استعمال ضروری قرار دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہرے پتوں والی سبزیوں کے اور کیا فوائد ہیں،جن کے پیش نظر ان سبزیوں کا روزانہ استعمال ضروری ہے،آئیے جانتے ہیں۔


غذائیت کی مقدار
مختلف مطالعوں سے ثابت ہوا ہے کہ ایک پیالہ ہرے پتوں والی سبزیاں،مندرجہ ذیل غذائی اجزاء فراہم کرتی ہیں:
کیلشیم 9 فیصد،کیلوریز 23 گرام،کولیسٹرول 0 گرام،غذائی ریشہ 2.2 گرام،آئرن 15 فیصد،میگنیشیم 19 فیصد،پوٹاشیم 55 گرام، پروٹین 2.9 گرام،شوگر 0.4 گرام،وٹامن اے 187 فیصد،وٹامن B6 دس فیصد،وٹامن سی 46 فیصد۔
ہرے پتوں والی سبزیوں کے لاتعداد فوائد کے علاوہ اب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اگر آپ اپنے مسلز(پٹھوں)کو بڑھانا اور مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو ہرے پتوں والی سبزیوں کا باقاعدہ استعمال شروع کر دیں۔ایڈتھ کووان یونیورسٹی(ای سی یو)کے سائنسدانوں نے جرنل آف نیوٹریشن میں شائع رپورٹ میں اپنے سروے کی تحقیقات پیش کی ہیں۔ ہرے پتوں والی سبزیوں میں نائٹریٹ کی بہتات ہوتی ہے جو بالخصوص نچلے دھڑ کے پٹھوں کو مضبوط کرتے ہیں۔

ہم جانتے ہیں کہ پٹھے کمزور ہو جائیں تو نہ صرف چلنے پھرنے میں مشکل پیش آتی ہے بلکہ گر کر چوٹ لگنے اور ہڈیوں کے فریکچر کے واقعات بھی بڑھ سکتے ہیں۔میلبورن میں واقع بیکر ہارٹ اینڈ ڈائیٹس انسٹی ٹیوٹ نے 3759 افراد کا 12 سال تک مطالعہ کیا۔اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن افراد کے جسم میں نائٹریٹ کی مقدار زیادہ رہی،دیگر افراد کے مقابلے میں ان کے پٹھے گیارہ فیصد زائد مضبوط تھے اور وہ دیگر سے چار فیصد تیزی سے چل پھر سکتے تھے۔

اس طرح ہم کہہ سکتے ہیں کہ غذا انسانی صحت کی بہتری میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔اس طرح کسی ورزش کے بغیر پٹھوں کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔اب اگر ہرے پتوں کے ساتھ ورزش یا وزن اٹھائے جائیں تو اس کے مزید فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔سائنسدانوں کے مطابق بزرگ افراد کو اپنی خوراک میں سبز پتوں والی غذا کو بڑھانے کی ضرورت ہے جن میں پالک،سلاد اور چقندر بھی شامل ہیں۔لیکن سبز پتوں والی سبزیاں دل کے لئے بھی انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہیں کیونکہ یہ خون کی چھوٹی بڑی رگوں کو ہموار اور پرسکون رکھتی ہیں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat