Sarson Ka Soodmand Tail - Article No. 1461

Sarson Ka Soodmand Tail

سرسوں کا سود مند تیل - تحریر نمبر 1461

سرسوں ایک اہم فصل اور اُس کا ساگ سردیوں کی قوت بخش غذا ہے ۔غذائیت سے بھر پور اس ساگ کو دیہات کے لوگ بہت شوق سے کھاتے ہیں

ہفتہ 12 جنوری 2019

سرسوں ایک اہم فصل اور اُس کا ساگ سردیوں کی قوت بخش غذا ہے ۔غذائیت سے بھر پور اس ساگ کو دیہات کے لوگ بہت شوق سے کھاتے ہیں ۔سرسوں کا ساگ اور مکئی کی روٹی لذیذ اور مقوی غذا ہے ،جو دودھ کا نعم البدل بھی ہے۔سرسوں کے پتوں کے ساگ میں حیاتین الف ،ب اور ج (وٹامنز اے ،بی اور سی)کے علاوہ کیلسےئم ،سوڈئیم،نمکیات ،کلورین،فاسفورس ،لحمیات (پروٹینز)،فولاد اور گندھک بھی پائی جاتی ہے ۔

اس کی غذائیت گوشت کے مساوی ہے ۔
سرسوں کے ساگ کی طرح اس کا تیل بھی توانائی بخش اور صحت کے لیے بے حد مفید ہے ۔سرسوں کا تیل اس کے بیجوں سے کشید کرکے نکالا جاتا ہے ۔یہ تیل پرانے وقتوں میں کھانے پکانے کے لیے نہایت شوق سے استعمال کیا جاتا تھا ۔آج بھی خاص طور پر دیہی علاقوں میں سرسوں کا تیل ہی استعمال کیا جاتاہے ،
صرف کھانا پکانے کے لیے ہی نہیں ،بلکہ بطور دوا بھی۔

(جاری ہے)


سرسوں کا تیل صحت افزا ہونے کے ساتھ ساتھ حُسن افزا بھی ہے ۔پرانے وقتوں سے ہی خواتین اپنی جِلد اور بالوں کی خوب صورتی اور صحت کے لیے اسے استعمال کرتی آرہی ہیں ۔سرسوں کا تیل جِلد اور بالوں کی خوب صورتی و رعنائی میں اضافہ کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے ۔یہاں اس کے فوائد درج کیے جارہے ہیں :
سرسوں کا تیل جِلد کی خوب صورت اور حفاظت کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے ۔
یہ تیل سورج کی تمازت سے جھلس جانے والی جِلد کی درستی میں مدد کرتا اور جِلد پر موجود داغ دھبوں کو صاف کرکے اسے قدرتی نکھار بخشتا ہے ۔
سرسوں کے تیل میں حیاتین ھ(وٹامن ای)کی خصوصیات بہت وافر مقدار میں ہوتی ہیں ۔جِلد کی اوپری سطح پر سرسوں کا تیل لگانے سے آپ کی جِلد سورج کی بنفشی شعاعوں کے اثرات سے محفوظ رہتی ہے ۔
سرسوں کے تیل کا جسم پر مساج جِلد کو تروتازہ ،جوان وصاف ستھرا کردیتا ہے اور خون کے دورانیے کو تیز کرنے میں معاونت کرتا ہے ۔
یہ نہ صرف جِلدی تعدیہ (انفیکشن)ختم کرنے میں نہایت مفید ہے ،بلکہ جِلد کی سوزش وجلن کو کم کرنے میں بھی فائدہ مند ہے ۔اس کے علاوہ زخموں کو بھی بہت تیزی سے مند مل کرتا ہے ۔
سرد موسم میں اکثر ہونٹوں کی جِلد خشک ہوجاتی ہے،جس سے ہونٹ پھٹ جاتے ہیں اور ان سے خون بھی رسنے لگتا ہے ۔سرسوں کا تیل پھٹے ہوئے ہونتوں کو اچھا کرنے کا بہترین علاج ہے ،لیکن اسے پھٹے ہوئے ہونٹوں پر نہیں لگائیں ،بلکہ رات کو سونے سے پہلے ناف میں دو تین قطرے ڈال کر سوجائیں اور یہ عمل روزانہ کریں ۔
اس عمل سے آپ کے ہونٹوں کا پھٹنا پن ختم ہوجائے گا اور وہ کبھی خشک نظرنہیں آئیں گے ۔یہ ایک حیرت انگیز وقدیم علاج ہے ،جو ہونٹوں کو قدرتی نرمی دیتا ہے اور انھیں ملائم و نم آلود رکھنے میں معاونت کرتا ہے ۔
سرسوں کا تیل بالوں کی قدرتی غذا ہے،لمبے،گھنے،مضبوط اورچمک دار بالوں کی مناسب نشوونما کے لیے سرسوں کا تیل بہترین ہے ۔اس کا استعمال بالوں کو ضروری غذائیت فراہم کرتا ہے اور بالوں کی افزایش میں بھی اضافہ کرتا ہے ۔
سرسوں کے تیل کو ہلکا سا گرم کرکے بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح مساج کرنے سے بالوں کی نشوونما میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے اور کھوپڑی کا دورانِ خون بھی بڑھ جاتا ہے ۔
سرسوں کا تیل حیاتین اور معدنیات (منرلز)کا مجموعہ ہے ۔اس میں کثیر مقدار میں بیٹا کیروٹین (BETACAROTENE)ہوتی ہے ۔بیٹا کیروٹین جسم میں جا کر حیاتین الف میں تبدیل ہوجاتی ہے ۔یہ بالوں کے لیے نہایت مفید حیاتین قرار دی جاتی ہے ۔
سرسوں کے تیل میں فولاد ،چربیلا تیزاب(فیٹی ایسڈ)،کیلسےئم اور میگنیز ےئم جیسی اہم معدنیات پائی جاتی ہے ،جو بالوں کی نشوونما میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں ۔
سرسوں کا تیل بالوں کی صحت کے لیے انتہائی ضروری غذائی اجزا فراہم کرتا ہے ،جس کی وجہ سے بال گرنا بند ہوجاتے ہیں ۔یہ گنج پن کو ختم کرنے میں نہایت موٴثر ٹانک کا کام سر انجام دیتا ہے اور خشک وبے رونق بالوں کو چمک دمک وتروتازگی عطا کرتا ہے ۔

یہ تیل سر کی جِلد میں تعدیے کے باعث ہونے والی خارش کے خلاف مدافعت کرتا اور اس سے نجات دلاتا ہے ۔بالوں میں تیل لگانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ تیل کو ہلکا سا گرم کرکے اُس سے پندرہ منٹ تک سر کا خوب مساج کیا جائے۔بالوں کو ڈھانپ لیں اور دوتین گھنٹے بعد سرد ھو لیں ۔یہ عمل بالوں کو ہر قسم کے جِلدی تعدیے سے بچا کر انھیں لمبا،گھنا اور خوب صورت بنا تا ہے ،جس سے بال گرنا بند ہوجاتے ہیں۔

سرسوں کے تیل کی باقاعدگی سے سر میں مالش کرنے سے قبل ازوقت سفید ہونے والے بالوں کے مسئلے سے بھی نجات مل سکتی ہے اور بال قدرتی طور پر سیاہ و چمک دار ہو سکتے ہیں ۔ہر دوسرے دن سونے سے پہلے سرسوں کے تیل سے سر کی مالش کریں ،کچھ دنوں میں ہی آپ کو واضح فرق محسوس ہوگا اور بال سیاہ ہونے کے ساتھ ساتھ مضبوط بھی ہو جائیں گے ۔سرسوں کا تیل بالوں کو صحت مند بناتا ہے ۔

سرسوں کے تیل کو صرف سردیوں میں ہی استعمال کریں تو زیادہ بہتر ہو گا ،اس لیے کہ ا س کی تاثیر گرم ہوتی ہے اور سر د موسم میں اس کا استعمال جِلد اور بالوں کے لیے موٴثر ثابت ہوتا ہے۔
اس تیل میں سے مخصوص سی خوشبو یا مہک نکلتی ہے ،جو بہت سے افراد کو نا گوار گزرتی ہے اور وہ اسے استعمال کرنے سے گریز کرتے ہیں ،لیکن انھیں اس کی مہک کے بجائے اس کے فوائد پر نظر رکھنی چاہیے ۔سرسوں کا تیل مفید تیلوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔

Browse More Ghiza Aur Sehat