Sehat Bakhsh Khushk Mewe - Article No. 2558

Sehat Bakhsh Khushk Mewe

صحت بخش خشک میوے - تحریر نمبر 2558

تمام ہی خشک میوے نہ صرف خوش ذائقہ ہوتے ہیں،بلکہ اپنی توانائی بخش تاثیر کی وجہ سے جسم میں طاقت و حرارت بھی پیدا کرتے ہیں

پیر 17 اکتوبر 2022

کنزا زاہد یار خان
خشک میوے ہر موسم میں کھائے جا سکتے ہیں۔یہ صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ویسے تو کم و بیش تمام ہی میوے مہنگے ہوتے ہیں اور عام آدمی کی دسترس میں کم کم ہی آتے ہیں،مگر پھر بھی لوگ حسب استطاعت انھیں خریدتے ہیں۔یہی خشک میوے سماجی طور پر ذی حیثیت (Status Symbol) ہونے کی وجہ سے صدیوں تک بادشاہوں کے دربار میں بھی موجود رہے ہیں اور آج کل سوغات کے طور پر ایک دوسرے کو دیے جاتے ہیں اور مہمانوں کی خاطر مدارت کے لئے بھی پیش کیے جاتے ہیں۔
تمام ہی خشک میوے نہ صرف خوش ذائقہ ہوتے ہیں،بلکہ اپنی توانائی بخش تاثیر کی وجہ سے جسم میں طاقت و حرارت بھی پیدا کرتے ہیں۔ذیل میں چند خشک میوے اور اُن میں پائی جانے والی صحت بخش غذائیت کے بارے میں مختصراً بتایا جا رہا ہے:
چلغوزے
سب سے پہلے بات کرتے ہیں چلغوزے کی،سارے میووں میں یہ سب سے مہنگا میوہ ہے۔

(جاری ہے)

اس کے دام ہمیشہ ہی آسمان سے باتیں کرتے ہیں۔

عام آدمی تو صرف اس کو دور سے دیکھ کر ہی دل بہلا سکتا ہے،اس لئے اس کی قیمت اچھے اچھوں کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی ہے۔اس کی قیمت کا اندازہ آپ اس طرح لگائیں کہ ان دنوں چھلکے والا اور بغیر چھلکے والا چلغوزہ بہت مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔بہرحال اگر اس میں موجود غذائیت و صحت بخش اجزاء کی بات کی جائے تو یہ فاسفورس،حیاتین ک (وٹامن k)،کیلشیم اور میگنیزیئم جیسے مفیدِ صحت اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ چلغوزے میں موجود اومیگا۔3 بھی ہوتا ہے،جس سے دماغی صحت اچھی رہتی ہے اور فتورِ دماغ (Dementia) کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔چلغوزہ دل کی صحت کے لئے بھی بہت مفید ہے۔ذیابیطس کے مریض بھی بلاخوف و خطر چلغوزے کھا سکتے ہیں۔
مونگ پھلی
مونگ پھلی میں تانبا،حیاتین ب۔1،ب۔3،ب۔9 (وٹامنز بی۔1،بی۔3 اور بی ۔9) اور حیاتین ھ (وٹامن E) کے علاوہ مانع تکسید اجزاء (Antioxidants) بھی پائے جاتے ہیں،جو وزن کم کرنے میں معاون ہونے کے ساتھ دل کے لئے بھی فائدہ مند ہوتے ہیں۔
مونگ پھلی کچی اور بھُنی دونوں صورتوں میں مفید ہوتی ہے۔اس میں چکنائی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔ذیابیطس کے مریض بھی اسے بلاخوف و تذبذب کھا سکتے ہیں۔
کاجو
کاجو ہائی بلڈ پریشر (بلند فشارِ خون) کو کم کرنے،قوتِ مدافعت کو بڑھانے اور ہڈیوں،دماغ و بالوں کے لئے بھی بے حد مفید ہے۔اس کو وزن کم کرنے کے لئے بھی کھایا جا سکتا ہے۔
کاجو میں ریشہ،معدنیات،(منرلز) اور تانبا خاصی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
اخروٹ
اومیگا۔3 سے بھرپور اخروٹ نہ صرف وزن کم کرنے میں مدد کرتا ہے،بلکہ کئی حوالوں سے صحت کے لئے بھی بہت اچھا ہے۔یہ ہاضمہ درست کرنے کے ساتھ موٴثر قبض کشا بھی ہے۔اس کے علاوہ یہ خون میں شکر کی مقدار کو قابو میں رکھتا ہے اور وزن بھی بڑھنے نہیں دیتا۔

بادام
بادام میں موجود صحت بخش چکنائی اسے توانائی سے بھرپور بناتی ہے۔اس میں موجود حیاتین ھ سے بال اور ناخن صحت مند رہتے ہیں۔رات بھر بھیگے ہوئے بادام ناشتے میں کھانے سے بلڈ پریشر قابو میں رہتا ہے۔
انجیر
انجیر نظامِ ہاضمہ اور ہڈیوں کے لئے بہترین ہے۔اس میں فولاد،کیلشیم،پوٹاشیم اور تانبا پایا جاتا ہے۔
انجیر بالوں کی نشوونما میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
پستہ
پستے کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ مدافعتی نظام کو بہتر بناتا ہے۔اس کے علاوہ سرطان سے بچاؤ اور بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کو کم کرنے کی صلاحیت بھی اس میں موجود ہے۔قدرت کے عطا کردہ یہ خشک میوے ہمارے لئے کسی انمول خزانے سے کم نہیں۔سو ان کو کھا کر تندرستی و توانائی بھی حاصل کریں اور لطف و مزہ بھی۔مالک دو جہاں کا شکر ادا کریں کہ اُس نے ہمیں ایسی بہترین نعمتوں سے نوازا ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat