Sheep Meat - Mazzedar Bhi - Faidaman Bhi - Article No. 1790

Sheep Meat - Mazzedar Bhi - Faidaman Bhi

بھیڑ کا گوشت۔مزے دار بھی ،فائدہ مند بھی - تحریر نمبر 1790

گوشت کھانے کے شوقین افراد عموماً گائے،بکری یا مرغی اور مچھلی کا گوشت کھانا پسند کرتے ہیں،بھیڑ کے بارے میں ان کی معلومات زیادہ نہیں ہیں۔

جمعرات 23 جنوری 2020

صبا گل حسن
گوشت کھانے کے شوقین افراد عموماً گائے،بکری یا مرغی اور مچھلی کا گوشت کھانا پسند کرتے ہیں،بھیڑ کے بارے میں ان کی معلومات زیادہ نہیں ہیں۔بھیڑ کا گوشت غذائیت بخش ہوتاہے،لہٰذا آپ اسے بھی اتنی ہی رغبت سے کھائیں،جتنی کہ کسی دوسرے جانور کے گوشت کو کھاتے ہیں۔بھیڑ کے گوشت کی خصوصیات اور فائدے درج ذیل ہیں:
بھیڑ کے گوشت میں گائے اور بکرے کے مقابلے میں لحمیات (پروٹینز)کی مقدار زیادہ ہوتی ہے،جس سے آپ کے رگ پٹھے مضبوط ہوتے ہیں اور توانائی میں اضافہ ہوتاہے۔
بھیڑ کے گوشت میں ٹرائی گلیسر ائڈز(TRIGLYCERIDES)،یعنی خراب چکنائیوں کی مقدار بے حد کم ہوتی ہے۔چنانچہ بھیڑ کا گوشت ایسے افراد کے لئے مفید ہے،جو اپنے بڑھے ہوئے وزن کی طرف سے فکر مند رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھیڑ کے گوشت میں حرارے (کیلوریز)بھی کم ہوتے ہیں۔
بھیڑ کے گوشت میں سیلینیئم کی کافی مقدار ہوتی ہے۔یہ معدن بلڈ پریشر کو کم کرتا،جلدی امراض کو ختم کرتا اور غدہ درقیہ(THYROID GLAND)کے نظام کو درست رکھتاہے۔

سیلینیئم حیاتین الف (وٹامن اے)کی مقدار کو بھی درست رکھتاہے،جس سے جسم پر جھائیاں نہیں پڑتیں اور موتیا بند کی شکایت دور ہو جاتی ہے۔یہ بصارت کو بھی بڑھاتاہے۔ایک حالیہ تحقیق کے مطابق سیلینیئم اور حیاتین الف مانع سرطان ہوتے ہیں۔
بھیڑ کے گُردے پکا کر پودینے کی چٹنی،لہسن،پسی ہوئی لال مرچ اور دہی ملا کر کھائے جائیں تو بہت مزے دار لگتے ہیں۔
بھیڑ کے گردوں میں فولاد کی اچھی مقدار ہوتی ہے۔فولاد قوت مدافعت کو بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کرتاہے۔قوت مدافعت کے نظام میں بہتری پیدا ہونے سے تعدیے(انفیکشن) میں کمی ہو جاتی ہے۔اس کے علاوہ ہیمو گلوبن،یعنی خون میں سرخ ذرات میں بھی اضافہ ہوجاتااور بے خوابی ختم ہو جاتی ہے۔
100گرام بھیڑ کے گوشت میں درج ذیل صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں:
حرارے 294 گرام
چکنائی21گرام
سیر شدہ چکنائی9گرام
لحمیات25گرام
کولیسٹرول97ملی گرام
فولاد278 ملی گرام
سیلینیئم374 مائکرو گرام
سوڈیئم 72 ملی گرام
حیاتین ب 12 257مائکرو گرام
حیاتین ج134 ملی گرام
نایا سِن408ملی گرام
ماہرین غذائیت کا خیال ہے کہ اگر بھیڑ کے گوشت کو اُبال کر اس میں پھول گوبھی،مصالحے،ہلدی اور دھنیا ملا کر پکایا اور کھایا جائے تو نسیان کے مرض(الزائمر)میں سست رفتاری پیدا ہوجاتی ہے۔
اس کے علاوہ بڑھاپا تیزی سے نہیں آتا اور ہڈیوں کے بھُر بھُرے پن کی روک تھام بھی ہو جاتی ہے۔
چونکہ بھیڑ کے گوشت میں مفید صحت جزو نایا سن (NIACIN)ہوتاہے،اس لئے اسے کھانے سے اعصابی نظام صحت مند رہتاہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat