Shehad Se Sehat - Article No. 2388

Shehad Se Sehat

شہد سے صحت - تحریر نمبر 2388

شہد کو زمانہ قدیم ہی سے بطور دوا و غذا استعمال کیا جا رہا ہے

جمعہ 4 مارچ 2022

شہد کو زمانہ قدیم ہی سے بطور دوا و غذا استعمال کیا جا رہا ہے۔چقندر کی شکر کی ایجاد سے قبل شہد کو ہی مٹھاس کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔شہد ایک موٴثر قسم کی جراثیم کش بھی ہے۔طب و سائنس نے بھی اس پر مہر ثابت تسلیم کر دی ہے کہ شہد میں جراثیم زندہ نہیں رہ سکتے۔
جدید طب (ایلو پیتھی سسٹم آف میڈیسن) کی بنیاد ہی نظریہ جراثیم پر ہے۔
شہد جراثیم کش ہونے کے باعث نہ صرف جراثیمی امراض سے محفوظ رکھتا ہے بلکہ اس میں جراثیم زندہ نہیں رہ سکتے۔شہد کی ایک خوبی اس کا سریع الاثر ہونا ہے۔شہد پینے سے فوراً توانائی کا احساس ہوتا ہے اس سے حاصل شدہ توانائی دیرپا رہتی ہے۔
رومن موٴرخ پلوٹارک Plutarch نے قدیم برٹش کے لوگوں کے بارے میں لکھا ہے کہ ان کی عمر طویل ہونے کا سبب شہد کا بکثرت استعمال تھا۔

(جاری ہے)

قدیم یونانی فلاسفر بھی شہد کو طویل عمر والا مانتے ہیں۔دیکھا گیا ہے کہ جن علاقوں میں شہد کا استعمال کیا جاتا ہے وہاں کے لوگ طویل العمر ہوتے ہیں۔اس سلسلے میں وسطیٰ ایشیا کی ریاست آذربائیجان کا نام لیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر جی این ڈبلیو تھامس G.N.W Thomas ایڈنبرا اسکاٹ لینڈ کا کہنا ہے کہ خرابی ہضم کے کئی مریضوں میں اختلاج قلب کا بھی عارضہ تھا۔
میں نے شہد کا تجربہ کیا اور اسے دل کی بے ترتیب حرکت کو درست کرنے اور مریض کو قوت دینے والی عجیب مقوی چیز پایا۔
ڈاکٹر آرنلڈ Dr. Arnold جو معروف عالمی ماہر غذائیت ہیں نے شہد کے فوائد اور مختلف مواقع پر اس کے استعمال کے طریقے بتائے ہیں۔
یونانی محکمہ حفظان صحت کے افسر اعلیٰ ڈاکٹر جے ایچ کیوج نے اپنی کتاب جدید غذائیہ میں لکھا ہے:کسی طویل بیماری میں مثلاً محرقہ یا نمونیہ وغیرہ میں مریض کا ہاضمہ کمزور ہو جاتا ہے،ایسی صورت میں جب مریض کا دل بھی کمزور ہو تو شہد مفید ہے۔

امریکن ڈاکٹر کلنٹن جاروِس DeForest Clinton Jarvis کا کہنا ہے کہ اگر جسم کے اندر معدنی اجزاء کم ہوں تو اسے پورا کرنے کا آسان نسخہ یہ ہے کہ دو چمچ سیب کے سرکہ میں اتنا ہی شہد ملا لیا جائے یہ ترش مرکب گٹھیا مرض سے لے کر دمہ تک اور بچپن سے بڑھاپے،نیز جلد کے امراض تک کئی امراض میں شفاء بخش ہے۔
روسی عوام آگ سے جلے ہوئے کا علاج شہد سے تیار کردہ ایک مرہم سے کرتے ہیں۔
شہد جسم کو صحت مند رکھنے اور جلد کو جگمگانے کے لئے بھی بہترین ہے۔شہد کے چند مزید فوائد درج ذیل ہیں۔
شفاف جلد
شہد ایک زبردست اینٹی آکسائیڈنٹ ہے یعنی اسے کھانا معمول بنا لینا بیشتر زہریلے مواد کے جسم سے اخراج میں مدد دیتا ہے۔شہد کی جراثیم کش خصوصیات جلد کو شفاف اور بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں۔
جسمانی وزن میں کمی
اگر کوئی شخص بڑھتے وزن سے پریشان ہے،تو طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ شکر سے بنے میٹھے پکوانوں کو غذا سے نکال دے،بلکہ شہد کو شامل کر لے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ شہد میں موجود مٹھاس چینی سے مختلف ہوتی ہے جو کہ میٹابولزم کو بہتر بناتی ہے اور جسمانی وزن میں کمی کے لئے مفید ہے۔
کولیسٹرول لیول میں کمی
شہد ایسے اجزاء اور وٹامنز سے بھرپور ہے جو صحت کے لئے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتے ہیں۔روزانہ شہد کھانا ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس اجزاء کی سطح برقرار رکھنے کے لئے فائدہ مند ہوتا ہے جو اضافی کولیسٹرول سے لڑتے ہیں۔

صحت مند دل
طبی تحقیقی رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ شہد میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس شریانوں کو سکڑنے سے محفوظ رکھتے ہیں،شریانوں کا سکڑنا حرکت قلب روکنے،یادداشت خراب ہونے یا سر درد کا باعث بنتا ہے،تاہم روزانہ ایک گلاس پانی کے ساتھ دو سے تین چمچ شہد کا استعمال اس تکلیف سے بچانے کے لئے مفید ہوتا ہے۔
بہتر یادداشت
کچھ طبی تحقیقی رپورٹس سے شہد کی ذہنی تناؤ سے لڑنے کی صلاحیت کا پتہ چلا ہے۔
یہ ایسے دفاعی نظام کو بحال کرتی ہے جو یادداشت کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔شہد میں کیلشیم دماغ میں آسانی سے جذب ہو جاتا ہے جو کہ دماغی افعال پر فائدہ مند اثرات مرتب کرتا ہے۔
معدے کے لئے فائدہ مند
جراثیم کش ہونے کی وجہ سے خالی پیٹ ایک چمچ شہد کو کھانا متعدد ایسے امراض سے تحفظ دیتا ہے جو نظام ہضم سے جڑے ہوتے ہیں۔
شہد جراثیموں کو ختم کرکے جسم کے اندر چھوٹے زخموں کو بھی بھر دیتا ہے۔
گلے کی تکلیف میں راحت
کھانسی کی روک تھام کے ساتھ ساتھ شہد ایک ایسے جراثیم کش محلول کا کام بھی سر انجام دیتا ہے جو گلے کی تکلیف میں فائدہ پہنچا سکتا ہے۔آدھا کپ پانی میں ایک چائے کا چمچ چھلی ہوئی ادرک،ایک یا دو لیموں کا عرق اور ایک چائے کا چمچ شہد کو مکس کریں،اس مکسچر سے غرارے کرنا گلے کی تکلیف میں کمی لا سکتا ہے۔

سر کی خشکی دور
شہد سے بال دھونا سر کی خشکی سے نجات دلا سکتا ہے،اس کے استعمال سے سر کی نمی بحال ہوتی ہے اور خشکی کا امکان کم ہو جاتا ہے۔سر کی خشکی سے نجات کے لئے پتلے شہد کو ہلکے سے گرم پانی میں مکس کریں اور پھر سر پر اس کی دو سے تین منٹ تک مالش کریں۔

Browse More Ghiza Aur Sehat