Strawberry - Khush Rang O Khush Zaiqa Sehat Bakhash Phaal - Article No. 2125

Strawberry - Khush Rang O Khush Zaiqa Sehat Bakhash Phaal

اسٹرابیری خوش رنگ و خوش ذائقہ‘صحت بخش پھل - تحریر نمبر 2125

دوران خون کو متوازن رکھنے اور بلڈ گلوکوز کے توازن کو معتدل رکھنے کی وجہ سے اسٹرابیری بلڈ پریشر‘شوگر اور امراض قلب کے مریضوں کے لئے ایک بیش بہا نعمت ہے

بدھ 7 اپریل 2021

افشین حسین بلگرامی
اسٹرابیری خوشگوار ترش و میٹھے ذائقے کا حامل وہ مزیدار پھل ہے جسے دنیا بھر میں انتہائی مقبول و پسندیدہ درجہ حاصل ہے۔اسٹرابیری کی اس وقت دنیا بھر میں کم از کم 600 سے زائد اقسام موجود ہیں جو ساخت‘ذائقے و خوشبو کی مناسبت سے ایک دوسرے سے معمولی فرق تو ضرور رکھتی ہیں تاہم آپ ان سب کو چمکتے ہوئے سرخ رنگ کے گودے میں نگینوں کی مانند جڑے ہوئے مہین مہین پیلے رنگ کے دانے دار بیجوں‘کنگورے دار سبز پتیوں جو ایک نازک ڈنٹھل کے ساتھ پھل کے سر پہ تاج کی مانند ایستادہ ہونے سے با آسانی شناخت کر سکتے ہیں کہ یہ اسٹرابیری کی نسل سے تعلق رکھنے والی بیری ہی ہے۔
اسٹرابیری کا نباتاتی نام”فراگاریہ ورجینیا (Fragaria Virginiana) اور“ فراگاریہ چلی لونائیسس (Fragaria Chiloensis) ہے۔

(جاری ہے)


یہ وہ پھل ہے جسے دنیا بھر پسندیدہ مقام حاصل ہے۔غذائی محققین کے مطابق اس پھل کی ابتدائی کاشت اٹھارہویں صدی میں یورپ کے نیم سرد یا معتدل آب و ہوا کے حامل خطوں میں کی کئی تاہم آج یہ پھل پوری دنیا کے کم و بیش سب ہی(بالخصوص معتدل آب و ہوا کے حامل) خطوں میں کاشت کیا جا رہا ہے۔

اگرچہ ایگری کلچرل سائنس کی ترقیاتی فتو حالت نے اس پھل کی دستیابی سال کے بارہ مہینوں میں ممکن بنا دی ہے تاہم اس لذیذ و فرحت بخش کی دستیابی کا قدرتی موسم یعنی اس پھل کی فصل کا اصل سیزن سردیوں کے اختتام کے ساتھ شروع ہو جاتا ہے اور فروری سے لے کر جون کے وسط تک دستیاب اسٹرابیریز تازگی اور لذت میں اپنی مثال آپ ہوتی ہیں۔اسٹرابیری بہت سے کھانوں میں ایک اہم غذائی جز کی حیثیت سے استعمال کی جاتی ہے جن میں آئس کریم‘ملک شیک‘ کنفیکشنری آئٹمز‘اسموتھی‘پائی‘فلیور دہی‘کیک‘ پیسٹریز‘جیم‘جیلی‘سیرپ‘بسکٹس‘کینڈی‘کسٹرڈ اور کولاڈا وغیرہ شامل ہیں۔
اپنے منفرد ذائقے و خوشبو کی بناء پر اسے بعض اقسام کی ادویات کی تیاری میں بھی بطور فلیور استعمال کیا جاتا ہے۔اپنے مزے دار ذائقے اور منفرد ساخت و خوشبو کی بناء پر یہ پھل دنیا بھر کی مقبول و پسندیدہ غذاؤں کی فہرست میں ممتاز و ارفع مقام پر فائز ہے۔
جیسا کہ ہم سب اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ بیریز کی ساخت کے حامل پھلوں خاص طور پر شوخ و چمکتے ہوئے رنگوں پر مشتمل بیری فروٹس خاص طور پر مانع تکسید مرکبات (Antioxidant) اینٹی آکسیڈنٹ جُز سے بھرپور ہوتے ہیں ٹھیک اسی طرح اسٹرابیری بھی اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر اقسام کے صحت بخش غذائی اجزاء سے بھی پُر ہے جو ہماری صحت کے لئے اکسیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔
صحت و تندرستی کے حوالے سے اسٹرابیری کے چند عمومی فوائد درج ذیل ہیں۔اسٹرابیری کھانے خاص طور پر اسے دانتوں و مسوڑھوں پر ملنے سے دانتوں پر جمے ٹارٹر (Tarter) کو با آسانی صاف کیا جا سکتا ہے یعنی دانتوں کی صحت و مسوڑھوں کی تندرستی کے لئے اسے ایک قوت بخش پھل کی حیثیت حاصل ہے۔چونکہ اسٹرابیریز غذائی ریشوں فائبر (Fiber) سے بھرپور پھل ہے اسی لئے یہ خوراک میں شامل غذائی اجزاء کو جز و بدن بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

ذیابیطس کے مریضوں کے لئے اسٹرابیری ایک صحت بخش پھل ہے کیونکہ یہ خون میں موجود (Blood-Glucose) شکر کے توازن کو معتدل رکھنے میں معاونت کرتا ہے۔یہ پھل دوران خون کو متوازن رکھتے ہوئے دل کے دورے (Heart Attack) کے امکانات کو گھٹاتا ہے۔جگر میں کولیسٹرول کی پیداوار کی راہ میں مزاحم ہونے والے ایک اہم غذائی جز کی حیثیت بھی اسٹرابیری کو ہی حاصل ہے۔

جسم سے زہریلے مادوں کے اخراج میں اسٹرابیری معاونت کرتی ہے۔اسٹرابیری میں موجود مانع تکسید اجزاء (اینٹی آکسیڈنٹ)کی کثیر تعداد انسانی جسم کو ماحول میں موجود آزاد اصلیوں (فری ریڈیکلز Free Radicals) سے پہنچنے والے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رہنے کے لئے مضبوطی فراہم کرتے ہیں۔اسٹرابیریز میں بڑی مقدار میں پوٹاشیم پایا جاتا ہے جو جسم میں نمکیات کے توازن کو صحت بخش انداز میں بر قرار رکھنے کے لئے ضروری ہے اور فرد کے کمزوری و نقاہت سے بے ہوش ہونے کے خطرات کو تقریباً ختم کر دیا کرتا ہے۔

وٹامن C‘فولیٹ‘Anthocyanin‘Quercetinاور کیم فیرول (Kaem Ferol) اور فلے نوائیڈز (Flavonoids) کی ایسی بہت سی تعداد جو اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی کارسائینوجینک (Carcinogenic) خصوصیات سے پُر ہوتی ہیں اسٹرابیریز میں پائی جاتی ہیں جو متفقہ طور پر کینسر اور ٹیومر کے خلاف مضبوط مزاحم کاروں کی صورت میں سامنے آتی ہیں۔ان امراض سے متاثر افراد کے یومیہ غذائی معمول میں اسٹرابیریز کی مقدار میں اضافہ کرنے سے سرطانی خلیات کی پیداوار میں حیرت انگیز حد تک کمی نوٹ کی گئی ہے۔
یہی اینٹی آکسیڈنٹ اور وٹامن C ہی ہیں جو دوران خون معتدل رکھنے کے ساتھ ساتھ صحت بخش ذہنی و جسمانی کارکردگی کے لئے اکسیر کا درجہ رکھتے ہیں اسی لئے اسٹرابیری کے سیزن میں اپنا ذہن و جسم تندرست و توانا رکھنے کے لئے صحت بخش مقدار میں اسٹرابیری کا استعمال ضرور کیجئے۔
خریداری و استعمال
اسٹرابیری خریدتے ہوئے ہمیشہ چمکتے ہوئے تیز سرخ رنگ کی حامل بیریز کا انتخاب کیجئے۔
کہیں کہیں سے دبے ہوئے‘پانی چھوڑتے ہوئے یا پیلے دھبوں والے پھل کی خریداری آپ کے لئے سود مند ثابت نہیں ہو گی۔اگر آپ نے بڑی تعداد میں اسٹرابیری خرید لی ہے تو اسے ٹھنڈی و خشک جگہ پر رکھیں۔خیال رہے کہ خریداری کے بعد اسے اس وقت ہی پانی سے دھوئیں جب آپ اسے فوراً استعمال کرنے جا رہی ہیں وگرنہ دھونے کے بعد اسے زیادہ دیر تک آپ ٹھیک حالت میں نہیں رکھ سکتیں گی۔
اسموتھی اور شیکس‘جام جیلی بنانے کے لئے اسٹرابیری کو فریز کرکے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔اسٹرابیریز کو فریز کرنے سے قبل ان کی پتیاں اور ڈنٹھل نکال کر پھل کو دھو کر کچن پیپر یا اخبار پر بچھا کر خشک کرنے کے بعد ٹرے میں فاصلے سے رکھ کر اس طرح فریز کر لیں کے پھل آپس میں جم کر چپکیں نہیں۔جب بیریز خوب اچھی طرح جم جائیں تو انہیں نکال کا جار یا پلاسٹک بیگ میں ڈال کر فریز میں رکھ دیں اور حسب ضرورت مقدار میں جب چاہیں استعمال کریں اگر اس طرح لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے والی اسٹرابیریز کو دھوتے وقت ٹھنڈے پانی میں سرکہ یا لیموں کے رس کو شامل کر لیا جائے تو پھر فریز کرنے کے بعد ان کا رنگ اور ذائقہ بھی خراب نہیں ہو گا۔

Browse More Ghiza Aur Sehat