Strawberry - Quwat Madafiyat Ka Khas Zariya - Article No. 2118

اسٹرابیری قوت مدافعت کا خاص ذریعہ - تحریر نمبر 2118

منگل مارچ

Strawberry - Quwat Madafiyat Ka Khas Zariya - Article No. 2118
عالیہ احمد
سرخ اور مزیدار پھل اسٹرابیری قوت مدافعت کا خاص ذریعہ ہے۔بیریز کو سپر فوڈز کہا جاتا ہے کیونکہ یہ دیکھنے میں جتنی چھوٹی ہوتی ہیں تو وہیں ان میں لاتعداد فوائد بھی چھپے ہوتے ہیں،سپر فوڈز بیریز میں سے ایک اسٹرابیری ہے جس میں صحت کو فروغ دینے والے ضروری غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔سرخ رنگ کے دل کی شکل اور سر پر سبز پتوں کا تاج رکھنے والا یہ پھل وٹامن،فائبر،زیرہ کولیسٹرول اور اینٹی آکسڈینٹس سے بھرپور ہے جبکہ یہ پوٹاشیم اور میگنیشیم کا بھی ایک اچھا ذریعہ ہے۔

اس کے علاوہ اسٹرابیری وٹامن سی کے بہترین ذرائع میں سے ایک ہے جو ہماری قوت مدافعت بڑھانے کے لئے بہت اہم ہے اور کہا جاتا ہے کہ اسٹرابیری میں سنترے کے مقابلے میں وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اسٹرابیری کے کرشماتی فوائد مندرجہ ذیل ہے۔
قوت مدافعت بڑھاتی ہے:
اسٹرابیری وٹامن سی کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے،یہ قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد کرتی ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ اگر آپ روزانہ ایک کپ اسٹرابیری کھائیں تو اس سے آپ کی قوت مدافعت بھی بڑھے گی اور آپ کی مجموعی صحت بھی بہتر ہو گی۔
ہائی بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے:
اسٹرابیری میں پایا جانے والا پوٹاشیم ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد کے لئے جانا جاتا ہے ،اس سے ہمارے جسم میں سوڈیم کی زائد مقدار کم ہوتی ہے جس کے نتیجے میں ہائی بلڈ پریشر کی سطح کم ہو جاتی ہے۔


جوڑوں کے درد میں مفید:
ان لوگوں کے لئے جو جوڑوں کے درد کا شکار ہیں اسٹرابیری کھانے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔اسٹرابیری میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ اور فائٹو کیمیکل جوڑوں کی سوزش کو کم کرنے کو یقینی بناتے ہیں۔
امراض قلب اور کولیسٹرول کے مریضوں کے لئے مفید:
اسٹرابیری میں پائے جانے والے ایلیجک ایسڈ اور فلیو نوائڈز ایسا اینٹی آکسیڈنٹ اثر فراہم کرتے ہیں جو دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور خون میں موجود خراب کولیسٹرول کو ختم کرتا ہے،ایک کینیڈین تحقیق کے مطابق اسٹرابیری کا غذا میں استعمال امراض قلب اور ذیابیطس سے تحفظ دیتا ہے۔


جلد کو نکھارتی ہے:
اسٹرابیری میں موجود وٹامن سی کولاجن کو بڑھانے کے لئے بھی اہم ہے۔کولاجن جلد کی لچک اور نرمی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ وٹامن سی کے ساتھ ساتھ اسٹرابیری میں موجود ایلیجک ایسڈ جھریوں کو روکتا ہے۔اسٹرابیری کا استعمال رنگت میں نکھار لانے کے علاوہ ایکنی اور چھائیوں کو دور کرکے چہرہ خوبصورت بناتا ہے۔
تاریخ اشاعت: 2021-03-30

Your Thoughts and Comments