Tawani Baksh Ghazal Sy Jism Sehatmand - Article No. 1439

Tawani Baksh Ghazal Sy Jism Sehatmand

توانائی بخش غذا سے جسم صحت مند - تحریر نمبر 1439

صحت بخش غذاؤں سے مراد ایسی غذائیں ہیں ،جو توانائی بخش ہوں اور آپ کے جسم کو تندرست وتوانا رکھیں ۔غذا ایسی ہونی چاہیے،جودن بھر آپ کو چاق چو بند رکھے

ہفتہ 15 دسمبر 2018

ڈاکٹر شازیہ ارم
صحت بخش غذاؤں سے مراد ایسی غذائیں ہیں ،جو توانائی بخش ہوں اور آپ کے جسم کو تندرست وتوانا رکھیں ۔غذا ایسی ہونی چاہیے،جودن بھر آپ کو چاق چو بند رکھے ۔ذیل میں کھانے کی ان اچھی عادات کا ذکر کیا جارہا ہے ،جو ہر فرد کو اپنانی چاہییں :
سست رفتاری سے کھائیے اور اچھی طرح چبائیے
کھانا تیز رفتاری سے کھانے سے ہاضمے پر خراب اثر پڑتا ہے اور غذا ہضم نہیں ہو پاتی ۔
آپ موٹے اور بدوضع ہوجاتے ہیں ۔غذا کو اگر اچھی طرح سے نہ چبایا جائے تو معدے میں جلن اور طبیعت میں گرانی پیدا ہوجاتی ہے ۔غذا خوب چبا کر کھانے سے بد ہضمی نہیں ہوتی ،فربہی غالب نہیں آتی اور جسم متوازن رہتا ہے ۔کسی وقت کا کھانا نہ چھوڑیے،خاص طور پر رات کا۔

(جاری ہے)

کھانا تھوڑا تھوڑا کرکے دن میں پانچ بار کھائیں ۔کھانا ذائقے دار ہو،تب بھی زیادہ نہ کھائیں ۔


کھانا اس وقت کھائیں جب خوب بھوک لگے
جب آپ کو خوب بھوک لگے ،تب ہی کھانا کھائیں ۔غذا ہمیشہ متوازن کھائیں ،جس میں نشاستہ (کاربوہائڈریٹ)،چکنائی ،لحمیات (پروٹینز)اور دودھ دہی شامل ہوں ۔مٹھائی کم کھائیں ۔جب تھوڑی بھوک رہ جائے تو ہاتھ روک لیں اور مزید کھانا نہ کھائیں۔
کھانے کے دوران ٹی وی نہ دیکھیں
کھانے کے دوران ٹیلی وژن دیکھنے کے کافی نقصانات ہیں ۔
اگر کھانے کے بجائے آپ کی توجہ کسی اور طرف ہو گی تو آپ زیادہ کھابیٹھیں گے اور فربہ ہوجائیں گے ۔شام کو چائے کے ساتھ گرماگرم سموسے اور رول کھانے کے دوران جب آپ ٹیلی وژن دیکھنے لگتے یا کتابیں پڑھنے لگتے ہیں تو زیادہ کھاجاتے ہیں ۔اسی طرح سے کولا مشروبات بھی کم پینے چاہییں،لیکن ٹیلی وژن پرکوئی دلچسپ پروگرام دیکھنے یا تحریر پڑھنے کے دوران آپ زیادہ پی جاتے ہیں ،جو سراسر نقصان دہ ہے ۔
بہتر ہو گا کہ گھنٹوں ٹیلی وژن دیکھنے کے ساتھ ورزش بھی کر لیا کریں ،مثلاً بیٹھے بیٹھے پیروں کو سائیکل چلانے والے انداز میں ہلاتے رہیں اور پندرہ بیس منٹ کے بعد سوفے سے اُٹھ کر کمرے ہی میں جاگنگ کے انداز میں ایک جگہ پر بھاگتے رہیں ۔اس طرح آپ کا جسم متحرک رہے گا۔
سارا دن متحرک رہیے:
ایک ہفتے کے دوران 150منٹ ورزش کیجیے۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ روزانہ آپ کو کم از کم 25منٹ متحرک رہنا ہے۔تیز قدمی سب سے بہتر ورزش ہے ۔کھانا اتنا کھائیے کہ اگلا وقت آنے تک آپ کو خوب بھوک لگے۔
صفائی کی طرف دھیان دیجیے:
صحت مندی کا صفائی سے گہر ا تعلق ہے ۔روزانہ غسل کیجیے،ناخن کا ٹیے،دن میں دوبار دانتوں میں برش کیجیے۔کھانا پکانے سے پہلے یا کھانے سے پہلے ہاتھوں کو صابن سے خوب اچھی طرح سے دھوئیے۔ایسا کرنے سے جراثیم دور ہوجاتے ہیں اور بیماریوں کا تعدیہ (انفیکشن)ختم ہوجاتا ہے ۔

Browse More Ghiza Aur Sehat