Thande Thar Dil Bahar Mashroof PiyeeN - Garmi Bhagayeen - Article No. 1923

Thande Thar Dil Bahar Mashroof PiyeeN - Garmi Bhagayeen

ٹھنڈے ٹھار دل بہار مشروب پئیں،گرمی بھگائیں - تحریر نمبر 1923

گرم موسم میں ان کا استعمال طمانیت کا احساس دلاتا اور توانائی بحال کرنے کا ذریعہ بن جاتا ہے

پیر 10 اگست 2020

راحیلہ مغل
پاکستان میں رہنے والے لوگ چاہے وہ لاہور میں مقیم ہوں یا کراچی میں ،سال میں ایک بار گرمی کا مزہ ضرور چکھتے ہیں اور یہ عرصہ کتنا طویل ہو،اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ملک میں موسم گرما اینٹری دے چکا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے گرمی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ایسی صورت میں انسان کا دل کرتا ہے کہ وہ یا تو سوئمنگ پول میں چھلانگ لگا دے یا پھر ایسے مشروبات استعمال کرے جن کے ذریعے گرمی کا اثر دور کیا جاسکے۔
گرمی کی شدت جسم میں نمکیات کی کمی،چڑچڑاپن،تھکاوٹ،کمزوری ،گھبراہٹ،بدہضمی، پانی کی کمی،نیند اور معدے کے مسائل کا سبب بنتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ٹھنڈے اور فرحت بخش مشروبات موسم گرما کی پہلی طلب بن جاتے ہیں۔

(جاری ہے)


طبی ماہرین بھی گرم موسم میں ٹھنڈے مشروبات کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں ان کا استعمال کہیں طمانیت کا احساس دلاتا ہے تو کہیں تندرستی و توانائی بحال کرنے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔

اس میں شک نہیں کہ موسموں کی تبدیلی قدرت کی انمول نعمتوں میں سے ایک ہے۔ہر موسم دوسرے سے مختلف ہوتا ہے جس کی بناء پر لوگ ہر موسم کی انفرادیت سے لطف حاصل کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام چاروں موسموں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔یہاں ہر موسم کی عناسبت سے بہترین اور خوش ذائقہ پھل اور سبزیاں وافر پائی جاتی ہیں۔تاہم ہمارے ملک کے بیشتر حصوں میں سال کے زیادہ تر مہینوں میں موسم گرم رہتا ہے،ایسے میں گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات پینے پر زور دیا جاتا ہے۔
موسم گرما میں لیموں،گنے،تخم بالنگا،فالسے اور صندل سے بنائے جانے والے مشروبات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔اس کے علاوہ مختلف ذائقہ دار پھلوں کے رس اور شیک بھی شوق سے نوش کیے جاتے ہیں۔تازہ پھلوں کے جوسز اور شیکس بہت سی بیماریوں سے بچاتے ہیں اور جلد کو تروتازہ رکھتے ہیں،ساتھ ہی پیاس کی شدت کو بھی کم کرتے ہیں۔وقت کے ساتھ ساتھ مشروبات اور شیکس بھی نئے انداز سے بنائے جانے لگے ہیں۔
اس موسم میں بہت سے افراد چکر آنے،متلی،تھکاوٹ،بدہضمی اور گھبراہٹ کا بھی شکار ہو جاتے ہیں۔ان تمام علامات کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی زندگی میں کام،نیند،خوراک اور آرام کا توازن بگڑ چکا ہے اور آپ کو اس بارے میں بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
اوپر بنائی گئی علامات میں سے بیشتر کا تعلق بدن میں پانی کی کمی کے ساتھ ہوتا ہے کیونکہ گرمی کے موسم میں بدن سے پسینہ خارج ہو رہاہوتا ہے جس کے باعث جسم میں نمکیات،منرلز اور پانی کی کمی ہو جاتی ہے جو دیگر بیماریوں اور پریشانیوں کا باعث بنتی ہے۔
اس موسم میں زیادہ سے زیادہ پانی پی کر آپ بہت سارے طبی مسائل سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔تپتی دھوپ میں بعض اوقات سادہ پانی پینا بھی فائدہ مند ثابت نہیں ہوتا کیونکہ شدید گرمی اور کڑی دھوپ آپ کی توانائی چوس رہی ہوتی ہے لہٰذا ایسے عالم میں دھوپ اور گرمی سے نمٹنے کا بہترین حل یہ ہے کہ پھلوں کا تازہ رس یا کوئی ٹھنڈا میٹھا اور مزے دار مشروب پیا جائے۔
ذیل میں ہم آپ کو ایسے مشروبات کے بارے میں بتا رہے ہیں جن کو پیتے ہی نہ صرف آپ کے دل و جگر کو فوری طور پر راحت ملے گی بلکہ آپ کے بدن کی کھوئی ہوئی توانائی بھی فوراً بحال ہو جائے گی۔
آئس کریم سوڈا
گرمی کی شدت سے نمٹنے اور دل کو راحت پہنچانے والا ٹھنڈا میٹھا مزے دار جھاگ بھرا آئس کریم سوڈا بنانے میں بھی بہت آسان ہے،دودھ،سوڈا والز،آئس کریم سیرپ اور بھنے ہوئے باداموں کو ملا کر بنایا جانے والا شاندار مشروب آپ کی دن بھر کی تھکن کو دور کرکے پل بھر میں آپ کو فرحت اور توانائی بخشتا ہے۔
اس کا سنسناتا ہوا جھاگ بھرا مزہ آپ کو گرمی کے باعث آنے والے چکروں سے نجات دلا کر دل کو راحت اور سکون سے بھر دینا ہے۔اسے تازہ تازہ پینا زیادہ بہتر ہے۔گرمیوں کے دنوں میں روزانہ پینے کے لئے یہ ایک بہترین مشروب ہے۔
منٹ لیمونیڈ
گرمیوں کے لمبے اور سخت دنوں میں راحت اور تازگی پانے کے لئے پودینے اور لیموں کا بہترین ذائقہ لئے ٹھنڈا میٹھا مزے دار منٹ لیمونیڈ بہترین مشروب ہے۔
اسے معدے اور جگر کی گرمی کے خاتمے کے لئے بھی نوش کیا جاتا ہے۔اس میں شامل پودینہ دمے کی شکایت میں افاقہ پہنچاتا ہے اور الرجی کی کئی اقسام کا بہترین علاج ہے۔وزن گھٹانے اور معدے کے افعال درست کرنے کے لئے بھی بہترین ہے۔وزن کم کرنے کے خواہش مند خواتین و حضرات کو خاص طور پر یہ مشروب ضرور پینا چاہئے،اسے بنانا بھی نہایت آسان ہے جبکہ اس میں لفظ چار اجزاء ڈالے جاتے ہیں جن میں لیموں،پودینہ،چینی اور پانی شامل ہیں،ایک بار ضرور چکھ کر دیکھیں۔

فالسے کا شربت
کھٹے میٹھے فالسے کا جوس غذائیت سے بھر پور ہوتا ہے ۔خوبصورت رنگ کے حامل چھوٹے چھوٹے فالسے صحت کے لئے بے شمار فوائد سے مالا مال ہیں۔ان کا ذائقہ ترش ہوتا ہے۔اگر چہ فالسہ موسم گرما میں چند دن کیلئے آتا ہے لیکن اس تھوڑے سے عرصہ کو غنیمت جانتے ہوئے اس پھل کے شوقین اسے کھانا شروع کر دیتے ہیں۔فالسے کا جوس بچے اور بڑے سب ہی شوق سے پیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق فالسے میں قدرتی طور پر ایسے غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو کہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھتے ہیں اس میں وافرمقدار میں پانی ہوتا ہے،یوں یہ جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا۔یرقان اور جگر کے دیگر امراض کی صورت میں بھی مفید رہتا ہے۔گرمی کے بخار میں ڈاکٹر اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔اسی طرح یہ جسم میں خون کی مقدار بڑھانے کے لئے بھی مفید رہتاہے۔
فالسے دھونے کے بعد ان کو ایک گھنٹے کے لئے پانی میں بھگو دیں۔چینی،دہی،لیموں کا رس اور تھوڑا سا نمک ملا لیں۔خوب ملا کر کسی صاف کپڑے سے چھان لیں۔لیجیے مزیدار فالسے کا شربت تیار ہے۔
لیموں کی مزیدار سکنجبین
پیلے رنگ کا ترش ذائقہ لیموں ہر خاص وعام میں مقبول ہے۔اسے مشروبات،کھانوں اور پھلوں میں شامل کرکے استعمال کیا جاتا ہے۔
لیموں کی سکنجبین ہر ایک کو پسند ہے۔موسم گرما میں سکنجبین بنانے والے افراد سٹرک کے کناروں پر نظر آتے ہیں۔لیموں کا رس وٹامن سی کا ذخیرہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی اہم غذائی اجزاء سے مالا مال ہے۔ماہرین کے مطابق یہ موسم گرما میں جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا۔اس کا باقاعدہ استعمال چہرے کی جھریاں ختم کرتا ہے۔موٹاپے سے متاثرہ افراد نہار منہ اس کا استعمال کرتے ہیں،جس سے کچھ ہی عرصے میں ان کے وزن میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔
لیموں ہاضمہ بہتر کرتا ہے جبکہ سانسوں کو مہکانے کے لئے بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔گردوں میں پتھری سے پریشان افراد اگر اس کا باقاعدہ استعمال کریں تو صحت یاب ہو سکتے ہیں۔جسمانی نظام کو بہتر کرنے کے لئے لیموں کا استعمال بہت ضروری ہے۔
تخم بالنگا کا شربت
تخم ملنگا یا تخم بالنگا قدرت کا بیش قیمت تحفہ ہے جو انسانی صحت کے لئے نا گزیر کئی اجزاء سے مالا مال ہے۔
اس کی تاثیر ٹھنڈی ہے اور یہ جسم کی گرمی دور کرتا ہے۔بنیادی طور پر تخم بالنگا تلسی کے پودے سے حاصل کیا جانے والا بیج ہے۔اس کو استعمال کرنے کے لئے اسے پانی میں ایک سے دو گھنٹے بھگو کر رکھا جاتا ہے بعد ازاں اسے مختلف مشروبات میں ڈالا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق تخم بالنگا کے صحت کے لئے بہت سے فوائد ہیں۔اس کا باقاعدہ استعمال جسم کی اضافی چربی ختم کرتا ہے جبکہ یہ ہاضمے کے لئے نہایت مفید ہے۔
اس سفید بیج میں آئرن کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو جسم میں خون کی کمی نہیں ہونے دیتی،اسی طرح اس میں موجود زنک بالوں کی نشوونما اور افزائل کے لئے بھی اہم ہے۔تخم بالنگا مشروبات کو مزید خوش ذائقہ بناتا ہے جب کہ اس کو دودھ میں شامل کرنے سے اس کی لذت میں اضافہ ہوتا ہے ۔اس میں کیلشیم وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے،لہٰذا یہ ہڈیوں کو مضبوط کرنے کے لئے اہم ثابت ہوتاہے۔

صندل کا شربت
صندل کا خوش ذائقہ شربت موسم گرما میں دماغ کو تروتازہ رکھتا ہے اور اس کو تقویت بخشتا ہے۔صندل خوشبودار سدا بہار درخت ہے ،جس کی لکڑی بھی بے شمار فوائد کی حامل ہے۔شربت صندل موسم گرما کا پسندیدہ مشروب ہے جو کہ نہ صرف ذائقے دار ہوتا ہے بلکہ خوشبو میں بھی لا جواب ہے ۔اسی طرح یہ بلڈ پریشر کنٹرول رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کیری کا شربت
کیرے کے طبی فوائد بھی بہت زیادہ ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق آم کی نسبت کیری میں وٹامن ای ،بی ون اور بی ٹو زیادہ پایا جاتا ہے۔کیری میں شدید گرمی کے اثرات اور لو سے بچانے کی قدرتی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔یہ نظام ہضم کو فعال بنانے کے ساتھ جسم سے فاضل مادے خارج کرنے میں معاون ہوتی ہے ۔کیری آنتوں کی خرابی کی شکایت رفع کرتی ہے ۔کچے آم کا چھلکا قابض اور مقوی ہوتا ہے۔کیری میں موجود وٹامن سی خون کی نالیوں کو زیادہ لچکدار بناتی ہے اور خون کے خلیات کی تشکیل میں بھی مددگار ہوتی ہے۔غذا میں موجود آئرن کو جسم میں جذب کرنے میں بھی یہ وٹامن کی معاونت کرتی ہے اور جریان خون روکتی ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat