Turnip Aur Hum - Article No. 2162

Turnip Aur Hum

شلجم اور ہم - تحریر نمبر 2162

شلجم میں قدرت نے بہت سے فوائد رکھے ہیں

ہفتہ 29 مئی 2021

ام محمد سلمان
”امی یہ کیا بھئی،آپ نے پھر شلجم گوشت پکا لیا؟ابھی پچھلے ہفتے تو کھائے تھے شلجم۔“ہماری دختر نیک اختر نے مدرسے سے آتے ہی سلام کرنے کے بعد ناگوار سا منہ بنا کے کہا۔”ہاں بھئی پکا لیے۔صبح آپ کے بابا جان کہہ کر گئے تھے کہ شلجم گوشت پکانا ہے“،ہم نے جلدی جلدی آخری روٹی بیلتے ہوئے کہا۔’امی مجھے نہیں اچھے لگتے میں نہیں کھاؤں گی۔
بس یہ آپ کے بابا کے لئے پکایا کریں۔ہمارے لئے کچھ اور بنا دیا کریں“۔”لو بھئی!کیوں نہ پکایا کروں؟اتنی اچھی سبزی ہے۔کچھ اور بنانے کی کیا ضرورت؟یہی کھاؤ۔پتا ہے کتنے فائدہ مند ہوتے ہیں شلجم،نیا خون پیدا کرتے ہیں جسم میں،چہرے پہ تازگی آجاتی ہے انہیں کھانے سے“،کہتے کہتے میں نے ساتھ ہی دسترخوان بھی لگا دیا۔

(جاری ہے)

اتنے میں وہ بھی منہ ہاتھ دھو کر آگئی۔


چہرے پہ تازگی کا نام سن کر وہ بھی نیم رضا مند ہو گئی تھی کھانے کے لئے۔کھانے کے ساتھ ساتھ ہم دونوں ہلکی پھلکی باتیں بھی کرتے رہے۔ وہ رغبت سے کھانا کھا رہی تھی۔”اور بتاؤں شلجم کے فائدے؟“بتا دیں امی!ویسے بھی آپ نے کون سا مجھے ایسے ہی چھوڑ دینا ہے۔”ہاں تو میری پیاری بیٹی!غور سے سنو!شلجم ایک ایسی سبزی ہے جسے پکا کر بھی کھایا جاتا ہے اور کچی بھی۔
جیسا کہ میں نے بہت کھائی بچپن میں کیوں کہ ہمارے گاؤں میں زرد شلجم ہوتے تھے اور وہ بہت میٹھے اور ذائقے دار ہوتے تھے۔شلجم میں قدرت نے بہت سے فوائد رکھے ہیں بیٹا! اس کی تین اقسام ہوتی ہیں۔گلابی،زرد اور سفید۔اگر ان کا کیمیائی تجزیہ کیا جائے تو شلجم میں پروٹین،فاسفورس،کیلشیم اور وٹامن ایچ،سی اور فولاد پایا جاتا ہے۔شلجم میں وٹامن سی اتنی ہوتی ہے کہ اگر شلجم کو وٹامن سی کا خزانہ کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا۔
شلجم کے پتوں میں بھی غذائیت پائی جاتی ہے اور ان میں وٹامن موجود ہوتا ہے۔
شلجم خشک کھانسی میں بے حد مفید ہے۔نہ صرف نیا خون پیدا کرتا ہے بلکہ مصفی خون بھی ہے۔شلجم کا استعمال بصارت کو مضبوط کرتا ہے۔ بھوک بڑھاتا ہے،جلدی امراض میں اس کا کھانا مفید ہے۔یہ دوا اور غذا دونوں صورتوں میں استعمال ہوتا ہے۔شلجم کھانے والوں کو کمر درد،درد گردہ اور کمر میں درد کبھی نہیں ہوتا۔“میں نے کچھ اپنے آزمودہ اور کچھ تازہ تازہ کتاب میں پڑھے ہوئے شلجم کے فائدے بتا دیے۔ وہ بہت متاثر نظر آرہی تھی۔

Browse More Ghiza Aur Sehat