Turnip K Faide - Article No. 1730

Turnip K Faide

شلجم کے فائدے - تحریر نمبر 1730

پتوں والا شلجم صحت کے لیے بہت مفید ہوتاہے۔یہ گوشت کے ساتھ بے حد مزے دار بنتاہے۔

جمعہ 15 نومبر 2019

ایم۔شفیق احمد
پتوں والا شلجم صحت کے لیے بہت مفید ہوتاہے۔یہ گوشت کے ساتھ بے حد مزے دار بنتاہے۔شلجم کا پودا سال میں ایک بار پھل دیتاہے۔پودے کی اونچائی ڈیڑھ فیٹ تک ہوتی ہے۔اس کی پتیاں سبز اور روئیں دار ہوتی ہیں۔جب اس کی جڑیں دو تین انچ لمبی ہو جاتی ہیں تو جمع کرلی جاتی ہیں ۔اس کا پودا پینتالیس سا پچاس دنوں میں بار آور ہو جاتاہے اور پھل دینے لگتاہے۔


بغیر پتوں والے شلجم کو تازہ اور کچی حالت میں سلاد بنا کر یا پھر ہوٹلوں اور گھروں میں دوسری سبزیوں کی طرح پکا کر کھایا جاتاہے۔ اسے سِر کے اور نمک میں ڈال کر اچار بھی بناتے ہیں۔شلجم کا اچار بہت ذائقے دار ہوتاہے۔اسے سوپ اور اسٹو(STEW)میں ذائقہ بڑھانے اور خوشبو پیدا کرنے کے لیے ڈالا جاتاہے۔

(جاری ہے)

بعض علاقوں میں اسے کھاد کے طور پر بھی استعمال کیا جاتاہے۔

اچھا شلجم اُگانے کے لیے اس کی کاشت موسم بہار کے اوائل میں کی جاتی ہے۔اس کے پودے کو زرخیز زمین،اچھی کھاد اور پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔
شلجم کا پودا غذائیت بخش اجزاء سے بھر پور ہوتاہے،مثلاً کیلسیئم ،فاسفورس،لحمیہ(پروٹین)اور فولاد وغیرہ۔اس کے علاوہ اس میں حیاتین ج اورھ(وٹامنز سی اور ای)بھی پائی جاتی ہیں۔شلجم کھانے سے بھوک خوب لگتی ہے۔
چنانچہ اسے اشتہا انگیز سبزی بھی کہا جا سکتاہے ۔وہ افراد جو اسے کسی بھی شکل میں باقاعدگی سے کھاتے ہیں،ان کے معدوں اور گردوں پر معمولی سے خراب اثرات پڑ سکتے ہیں۔اگر اسے مرچ اور سِر کے کے ساتھ کھایا جائے تو یہ بہت سے امراض کو دور کرتاہے۔شلجم پیشاب آور ہے اور گردوں کو صاف کرتاہے۔
پتوں والے شلجم کو اگر گوشت میں ڈال کر پکایا جائے تو سالن کی لذت اور ذائقہ بہت بڑھ جاتاہے۔
اس کے بیج طب مشرق کی ادویہ میں استعمال کیے جاتے ہیں۔شلجم خون صاف کرتاہے۔اسے کھانے سے کمزوری دور ہو جاتی ہے۔یہ جگر کے فعل کو درست رکھتا ہے اور جگر میں پڑی ہوئی پتھری کو خارج کر دیتاہے ۔شلجم معمولی نزلے زکام کو دور کرتا اور بینائی میں اضافہ کرتاہے۔مثانے کو مضبوط کرتاہے۔اس کے علاوہ قبض اور بواسیر کو ختم کرنے میں بھی معاونت کرتاہے۔

صنعتی طور پر شلجم کو کاشت کاری کے لیے وسیع میدانوں میں اُگایا جاتاہے۔کاشت کاری کے لیے قلم لگانے کی نسبت اس کا بیج لگانا زیادہ سہولت کا باعث ہوتاہے۔آج کل ملک کے بڑے شہروں میں گھروں میں بنی ہوئی سبزیوں کی کیاریوں میں چھوٹی سبزیاں اُگانے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔چنانچہ گھر میں بنی ہوئی کیاری میں ہرادھنیا ،پودینہ ،ہری مرچ اور شلجم اُگا کر پیسوں کی بچت بھی کی جاسکتی ہے اور یہ مشغلہ صحت پر بھی اچھے اثرات مرتب کرتاہے۔سردیوں اور شلجم سلاد کے طور پر بھی کھائیے اور گوشت میں ڈال کر بھی کھائیے ،یہ ہر طرح سے فائدہ مند ہے۔

Browse More Ghiza Aur Sehat