Aam Khayeen - Sehat Payeen - Article No. 2469

Aam Khayeen - Sehat Payeen

آم کھائیں․․․صحت پائیں - تحریر نمبر 2469

پھلوں کے بادشاہ کے بیش بہا فائدے

ہفتہ 18 جون 2022

آم پھلوں کا بادشاہ ہے اور بے شک ہم سب پاکستانی اسے ذوق و شوق سے کھانا پسند کرتے ہیں۔سچ پوچھیں تو ہمیں آم کھانے کے لئے کسی قسم کے بہانوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ شاید ہی کوئی پاکستانی فرد ایسا ہو گا جسے آم پسند نہ ہوں،تاہم،اس قابل ذکر پھل کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ آپ کو صحت سے متعلق کئی طرح کے فوائد پیش کرتا ہے۔اگر آپ کو پھر بھی یقین نہیں آیا تو آم کھانے سے حاصل ہونے والے صحت کے بیش بہا فوائد کی ایک فہرست درج ذیل ہے،ہمیں اُمید ہے کہ اس کی روشنی میں آم مزید اہمیت اختیار کرکے آپ کی نظر میں ایک خاص مرتبہ حاصل کر لے گا۔

جسم میں کولیسٹرول کا توازن ٹھیک رکھنے میں مدد کرتا ہے:
آم میں غذائی اجزاء خصوصاً وٹامن سی،فائبر اور پیکٹین کثرت سے پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کولیسٹرول کی بڑھتی ہوئی سطح کو کنٹرول کرنے کے لئے بہترین پھل ہے۔
جلد میں شادابی اور نکھار لانے میں مددگار:
جلد کی شفافیت کا دارومدار اس بات پر ہے کہ آپ اپنی جلد اور اپنے جسم کا کس قدر خیال رکھتے ہیں۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ جو کھاتے ہیں اس کا براہ راست اثر آپ کی ظاہری شخصیت پر پڑتا ہے یعنی جو آپ دوسروں کو نظر آتے ہیں وہ اس بات کا غماز ہے کہ آپ کس قدر صحت بخش غذا کھاتے ہیں۔آم آپ کے جسم کو اندر سے صاف کرکے آپ کو توانائی دیتے ہیں،جس سے نہ صرف آپ کی رنگت میں نکھار آتا ہے بلکہ آپ خود کو چاق و چوبند اور تندرست و توانا محسوس کرتے ہیں،یہ مزیدار پھل آپ کی جلد کے مساموں کی صفائی اور آپ کی جلد کو شاداب کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
لہٰذا اگلی بار جب کوئی آپ کو یہ بتائے کہ آم کھانے سے چہرے پر دانے نکل آتے ہیں تو ہمیں یقین ہے کہ آپ اس کی ان باتوں کا یقین نہیں کریں گے۔
وزن کم کرنے کا بہترین طریقہ:
چونکہ آم میں بہت سے غذائی اجزاء اور معدنیات کا مرکب پوشیدہ ہوتا ہے لہٰذا آم کھانے کے بعد آپ کو اپنا پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اور طبیعت بھی خوشگوار رہتی ہے،جس کے بعد آپ کو کسی قسم کے اسنیکس وغیرہ کھانے کی کوئی حاجت نہیں رہتی۔
اس کے ساتھ ساتھ آم میں موجود اعلیٰ فائبر کا ذخیرہ ہاضمے میں مدد کرتا ہے اور جسم میں موجود ان چاہی کیلوریز کو جلاتا ہے۔
لُو لگنے سے محفوظ رکھتا ہے:
آم اور موسم گرما کا گویا چولی دامن کا ساتھ ہے۔لیکن ایک سے زیادہ وجوہات کی بناء پر آم کھاتے ہی آپ کے جسم کا اندرونی نظام خاصا سرد ہو جاتا ہے جو آپ کو گرمی کی شدت اور لُو لگنے کے خطرے سے محفوظ رکھتا ہے اور ہیٹ اسٹروک کا امکان انتہائی حد تک کم ہو جاتا ہے۔
لہٰذا اس بات کو یقینی بنائیں کہ جیسے ہی گرمیوں کا آغاز ہوتا ہے آپ کو دن میں ایک یا دو آم ضرور کھانے ہیں۔قدرت کے اس انمول تحفے یعنی آموں کے ذریعے آپ اپنی صحت سے متعلق زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔
آموں سے حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں فوڈ ٹریبیون کی یہ فہرست گویا آئس برگ کا صرف سرا ہے باقی آپ خود بھی جانتے ہیں کہ آئس برگ جتنا باہر دکھائی دیتا ہے اس سے کہیں زیادہ سمندر میں چھپا ہوا ہوتا ہے،تو پھلوں کے بادشاہ کے جو خواص اور فوائد ہم نے بتائے ہیں وہ اس سے زیادہ اوصاف اور خوبیوں سے بھرا ہوا ہے۔لہٰذا یہ یقینی بنائیں کہ ہر موسم گرما میں اس بہترین پھل کو اپنی روزمرہ غذا میں ضرور شامل کریں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj