Aaru (Peach) - Kayi Bimariyon Ka Muasar Elaaj - Article No. 2492

Aaru (Peach) - Kayi Bimariyon Ka Muasar Elaaj

آڑو ۔ کئی بیماریوں کا موٴثر علاج - تحریر نمبر 2492

آڑو کو ہمیشہ چھلکے سمیت کھانا چاہیے،اس لئے کہ اس کا چھلکا بھی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے

پیر 18 جولائی 2022

حکیم عبدالرحیم ہاشمی
آنکھوں کی بینائی بہتر کرنے کے لئے ماہرینِ صحت صرف گاجر ہی کو نہیں،بلکہ آڑو کو بھی بہترین قرار دیتے ہیں،کیونکہ یہ آنکھوں کو مفید غذائی اجزاء فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے۔آڑو جسم کے تمام حصوں میں خون کی گردش میں اضافے کے علاوہ آنکھوں کے عضلات کے افعال کو بہتر کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرتا ہے۔
یہ فولاد،میگنیزیئم،پوٹاشیئم،تانبے (کاپر)،جست (زنک) اور مینگنیز سے بھرپور پھل ہے۔اس میں موٹاپے اور جسم میں سوزش دور کرنے کی خاصیت پائی جاتی ہے۔آڑو دل کی بیماری،آنکھوں کی کمزوری اور ذیابیطس کے مسائل کم کرنے میں موٴثر ہے۔اس میں چونکہ حیاتین (وٹامنز) اور مانع تکسید اجزاء (Antioxidants) ہوتے ہیں،لہٰذا یہ اُن خلیات (سیلز) کی روک تھام کرتا ہے،جو سرطان کا باعث بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس میں چونکہ بہت اعلیٰ قسم کا ریشہ پایا جاتا ہے،اس لئے یہ بڑی آنت (Colon) کے سرطان سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
آڑو جھریاں کم کرنے اور جلد کو سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے بچا کر نرم و ملائم اور شاداب بنانے میں موٴثر ثابت ہو چکا ہے۔یہ دل کی بیماری سے بچانے میں بھی مدد کرتا ہے۔آڑو کو ہمیشہ چھلکے سمیت کھانا چاہیے،اس لئے کہ اس کا چھلکا بھی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔
اس میں حیاتین ج (وٹامن سی) ہوتی ہے،جو کولاجن (Collagen) کی پیداوار میں اعانت کرتی ہے،جو آپ کی جلد کے مسائل کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق آڑو اور آلو بخارے کا باہم رس چھاتی کے سرطان کا سبب بننے والے خلیات کا خاتمہ کرنے میں معاون ہے اور اس عمل سے صحت مند خلیات کو کوئی نقصان بھی نہیں پہنچتا۔
ایک درمیانہ آڑو 2 گرام ریشہ مہیا کرتا ہے۔
ذیابیطس قسم اول میں اس ریشے کی وجہ سے خون میں شکر کی سطح کم ہو جاتی ہے،جب کہ ذیابیطس قسم دوم میں شکر خون میں چکنائی میں کمی اور انسولین کی سطح میں بہتری پیدا ہو جاتی ہے۔آڑو میں بہت صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں،مثلاً ریشہ،پوٹاشیئم،حیاتین ج اور چربیلے تیزاب (فیٹی ایسڈز) وغیرہ،جو دل کی صحت برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔جسم میں پوٹاشیئم کی مقدار میں اضافے سے سوڈیئم کی مقدار میں کمی واقع ہوتی ہے،جس سے دل کی بیماری کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
پورے دن میں 1000 ملی گرام پوٹاشیئم کھانے والے افراد کے مقابلے میں وہ افراد جو دن بھر میں 4059 ملی گرام پوٹاشیئم کھاتے ہیں،اُن کی دل کی بیماری میں 49 فیصد تک کمی واقع ہوتی ہے۔
جو افراد دن بھر میں دو سے تین آڑو کھاتے ہیں،ان کی آنکھوں کی صحت نہ صرف برقرار رہتی ہے،بلکہ اس میں بہتری بھی ہوتی ہے۔عمر بڑھنے کے ساتھ کارنیا (Cornea) کے سفیدے میں آنے والی خرابی کا خطرہ آڑو کھانے سے دور ہو جاتا ہے۔
آڑو معدے اور جگر کے لئے بہت مفید پھل ہے۔آڑو کی گٹھلی کا روغن بواسیر،کان کے درد اور بہرے پن سے چھٹکارے میں موٴثر ہے۔آڑو کے پتوں کا جوشاندہ پینے سے پیٹ کے کیڑے مر جاتے ہیں۔آڑو کے چند پھول نیم گرم پانی کے ساتھ کھانے سے چند دنوں میں بند ایام جاری ہو جاتے ہیں۔گرمی کی وجہ سے بھوک نہ لگنے کی صورت میں آڑو کھانے سے بھوک کھل جاتی ہے۔گرمی کے بخار میں مریض کو آڑو کھلانے سے مریض کی طبیعت میں فرحت و تازگی پیدا ہو جاتی ہے۔
آڑو کے بیج میں موجود مغز کو ہرے دھنیے کے ساتھ پیس کر اس کی لگدی (پیسٹ) لگانے سے پھنسیاں ختم ہو جاتی ہیں۔
جن افراد کو گرمی زیادہ لگتی ہو،انھیں چاہیے کہ وہ روزانہ آڑو کھائیں،فائدہ ہو گا۔آڑو منہ کی بُو بھی ختم کرتا ہے۔یہ گردوں کی صفائی کرنے والا پھل ہے۔یہ مدافعتی قوت میں بھی اضافہ کرتا ہے،اس لئے کہ اس میں حیاتین ج ہوتی ہے۔آڑو خاص طور پر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے دور کرنے میں ایک مفید پھل ہے۔آڑو میں بہت سارے صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں،مثلاً حیاتین الف،حیاتین ج اور حیاتین ھ (وٹامن ای) وغیرہ۔آڑو کو سلاد میں بھی ڈال کر کھایا جاتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj