Aloo Bukhara - Article No. 2225

Aloo Bukhara

آلو بخارا - تحریر نمبر 2225

کئی امراض سے محفوظ رکھتا ہے

پیر 16 اگست 2021

گرمیوں کی ایک سوغات آلو بخارا خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ یرقان اور شوگر سمیت کئی امراض میں بھی مفید ہے۔موسم گرما میں آم بکثرت کھائے ہوں تو حدت کی وجہ سے جسم پر ہونے والے دانوں کے لئے خشک آلو بخارے اور تازہ آلو بخاروں کا رس مفید ہے۔سرد تر تاثیر کا حامل یہ پھل ابتدائی طور پر ترش ہے مگر پختہ ہو کر جب اس کا رنگ سیاہی مائل ہو جائے تو شیریں ہو جاتا ہے۔
آلو بخارا جگر کی گرمی کو دور کرکے اسے تقویت بخشتا ہے اور جسم کو طاقت،توانائی دیتا ہے۔آلو بخارا کے پتوں کا چبانا مسوڑھوں کو مضبوط بناتا ہے۔ترش آلو بخارا قابض ہے۔یہ ذیابیطس میں مفید بتایا جاتا ہے۔خشک آلو بخارے غذائیت کا خزانہ ہیں۔ان میں وٹامنA،B1،B2،B3 اور وٹامن سی کے علاوہ پوٹاشیم،فاسفورس،کیلشیم،میگنیزیئم،فولاد اور مینگنیز بھی موجود ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس اعتبار سے اسے بجا طور پر قدرتی ملٹی وٹامن یا کثیر الحیاتین پھل کہہ سکتے ہیں۔
آلو بخاروں میں خاص طور پر وٹامن بی 2 (رائبو فلاوین) کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔جدید تحقیق کے مطابق اس وٹامن کا دماغی اور جذباتی صحت سے بڑا تعلق ہوتا ہے۔اس وٹامن کی کمی جذباتی عدم توازن کا سبب بن سکتی ہے۔یہ وٹامن جسم میں شکر کے جلانے اور توانائی پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
آلو بخاروں میں موجود فولاد خون میں سرخ ذرات کی کمی دور کرنے کے علاوہ جسم میں تانبے کی قلت بھی نہیں ہونے دیتا۔اس معدنی نمک کی کمی سے پٹھوں میں کمزوری اور اینٹھن ہو سکتی ہے،جسم میں اس کا کردار کیلشیم ہی کی طرح کا ہوتا ہے۔یعنی یہ ہڈیوں کی صحت اور پٹھوں اور قلب کی تقویت کرتا ہے۔میگنیزیئم کی کمی سے جسم میں کیلشیم اور فاسفورس کے جذب ہونے کا عمل بھی متاثر ہوتا ہے۔

آلو بخاروں کے استعمال سے شریانیں بھی سختی سے محفوظ رہتی ہیں،گٹھیا وغیرہ جیسے امراض میں بھی آلو بخارے سے فائدہ ہوتا ہے یعنی پٹھوں اور جوڑوں کی سختی کم ہو سکتی ہے۔ملتی،قے، بدہضمی،بھوک نہ لگنے،قبض،پتی اچھلنے،شدید سر درد،آدھے سر کا درد،ہائی بلڈ پریشر کی صورت میں یہ نسخہ مفید بتایا گیا ہے۔تازہ آلو بخارا پانچ عدد،سونف ایک چمچ،منقیٰ مویز سات عدد(بڑی کشمش جس کے بیج نکال دیے گئے ہوں)۔
ان سب اجزاء کو رات ایک پیالی گرم پانی میں بھگو دیں اور صبح چھان کر پی لیں۔اگر سردی کا موسم ہو تو پانی نیم گرم کر لیں۔معدے میں خشکی اور جلن،پیٹ میں گیس،بھوک کی کمی،ہاتھ پاؤں کی جلن اور صبح جاگنے پر منہ کا مزہ کڑوا،اجابت کھل کر نہ آنا اور قبض والے مریض صبح سویرے 400 گرام تازہ آلو بخارا بطور ناشتہ چند روز استعمال کر لیں تو صبح ایک چٹ پٹا ناشتہ بھی ہو جائے گا اور تکالیف میں بھی افاقہ ہو گا۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj