Amrood - Amraz E Qalb Ke Liye Akseer - Article No. 2489

Amrood - Amraz E Qalb Ke Liye Akseer

امرود ۔ امراضِ قلب کے لئے اکسیر - تحریر نمبر 2489

امرود میں موجود پوٹاشیم امراضِ قلب سے بچانے میں مدد کرتا ہے

جمعرات 14 جولائی 2022

ڈاکٹر شاہد ایم شاہد
ذائقے کے اعتبار سے امرود ایک کھٹا،میٹھا،کسیلا،ترش اور انتہائی خوش ذائقہ پھل ہے،جو اندر سے سرخ اور سفید ہوتا ہے۔اس کا پودا سال میں دو مرتبہ پھل دیتا ہے۔امرود پاکستان،ہندوستان،برازیل،کیوبا اور دنیا کے دیگر ممالک میں کاشت کیا جاتا ہے۔یہ ایک مانع تکسید (Antioxidant) پھل ہے،جس میں حیاتین ج (وٹامن سی) ریشہ (فائبر) کیلسیئم،فولاد،سوڈیئم،میگنیزیئم،نشاستہ (کاربوہائیڈریٹ) لحمیات (پروٹینز) اور دیگر مفید صحت اجزاء پائے جاتے ہیں۔
امرود کئی خصوصیات کا حامل پھل ہے،خاص طور پر ہضم کے نظام کی بہتری،کولیسٹرول کی زیادہ مقدار میں کمی اور جلد کی خوبصورتی میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔اس کے علاوہ موٹاپے اور کئی امراض سے محفوظ رکھنے میں بھی معاون ہے۔

(جاری ہے)


امرود ذیابیطس قسم دوم کے مریضوں کے لئے بے حد فائدہ مند پھل ہے،اس لئے کہ اس میں ایسے غذائی ریشے پائے جاتے ہیں،جو گلوکوس کی مقدار کم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ہائی بلڈ پریشر کے مریض اگر ایک امرود روزانہ کھائیں تو یہ مرض قابو میں رہتا ہے۔اس کے پتوں میں جراثیم کش اور مانع بیکٹیریا خصوصیات پائی جاتی ہیں،جو معدے اور آنتوں کی سوزش سے نجات دلاتی ہیں۔امرود باقاعدگی سے کھانے سے قبض ختم ہو جاتا ہے۔نزلے زکام اور کھانسی میں امرود کی قاشیں کھانا یا اس کا رس پینا فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔اس کے کھانے سے سانس کی نالی اور گلا بھی صاف ہو جاتا ہے۔

امرود میں حیاتین ج اور فولاد زیادہ مقدار میں ہوتے ہیں،جو مختلف قسم کے تعدیوں (انفیکشنز) اور بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں،نیز پھیپھڑوں میں موجود جراثیم کا خاتمہ بھی ہو جاتا ہے۔یہ دانتوں کی صحت برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔اسے روزانہ کھانے سے بینائی بھی بہتر ہو سکتی ہے،کیونکہ اس میں حیاتین الف پائی جاتی ہے،جو نہ صرف آنکھوں کی صحت کے لئے مفید ہوتی ہے،بلکہ بینائی کے مسائل دور کرنے کی بھی خاصیت رکھتی ہے۔
امرود میں موجود پوٹاشیم امراضِ قلب سے بچانے میں مدد کرتا ہے۔اس کے علاوہ کولیسٹرول کی مقدار بھی اعتدال میں رکھتا ہے۔
اگر آپ موٹاپے،کھردری جلد یا چہرے کی جھریوں سے پریشان ہیں تو روزانہ امرود کھانے کی عادت ڈال لیجیے،آپ کی پریشانی دُور ہو جائے گی۔نیز اس کا عرق جلد پر لگانے سے چہرے کے کیل مہاسے بھی جاتے رہتے ہیں۔ایک بات یاد رکھیے کہ امرود کھانے کے فوری بعد پانی ہر گز نہ پییں،ورنہ آپ کا گلا خراب ہو جائے گا۔دوسرے پھلوں کی طرح امرود کو بھی آپ اپنی روزانہ کی غذاؤں میں شامل کر لیجیے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj