Angoor - Article No. 2254

انگور - تحریر نمبر 2254

جمعرات 23 ستمبر 2021

Angoor - Article No. 2254
انگور ایک ایسا پھل ہے جسے ہر عمر کے لوگ پسند کرتے ہیں،یہ ناصرف لذیذ بلکہ صحت کے لئے بہت مفید بھی ہے۔اس کی کئی اقسام ہیں جن میں سبز،سرخ،نیلے،سیاہ اور جامنی رنگ شامل ہے،اس سے خشک میوہ جات بھی بنائے جاتے ہیں جیسے کشمش،مویز منقیٰ۔انگور چہرے کی رنگت نکھارنے اور ایکنی ختم کرنے میں بھی مفید ہیں۔اس کے علاوہ انگور کھانے سے جسم کو کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔


نظام ہاضمہ بہتر بناتا ہے
انگور میں موجود فائبر نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مفید ہے،انگور میں پائے جانے والے ریشے آنتوں کو صحت مند بناتے ہیں۔انگور کے اندر موجود قدرتی پانی بھی نظام ہاضمہ کے لئے مفید ہوتا ہے۔
گردے کی صحت کے لئے
انگور میں طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہوتے ہیں جو اسے سرخ سے جامنی رنگ دیتے ہیں،اُن ریڈیکلز سے لڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جو گردوں کی بیماری اور انفیکشن کا سبب بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ اینٹی آکسیڈینٹ Antioxidant یوریک ایسڈ کو بھی جسم سے نکالنے میں مفید ہے۔
توانائی بڑھاتا ہے
انگور میں قدرتی طور پر کاربوہائیڈریٹ اور ایک خاص جز Resveratrol پایا جاتا ہے جو قدرتی طور پر توانائی کو بڑھاتا ہے،اس کا طریقہ یہ ہے کہ روزانہ ایک مُٹھی انگور کھا لیں اس عمل سے پورا دن چست اور توانا رہیں گے۔
کینسر سے محفوظ رکھتا ہے
انگور میں موجود طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ میں اینٹی کینسر Anticancer خصوصیات ہوتی ہیں جو سینے کے کینسر سمیت کئی دوسرے کینسرز سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔


سانس لینے میں آسانی
ایک تحقیق کے مطاق جو بچے میووں میں گیری دار میوے اور پھلوں میں انگور جیسے پھل کھا کر بڑے ہوتے ہیں اُن میں دمہ کی بیماری کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
پٹھوں کو مضبوط کرتا ہے
جارجیا یونیورسٹی کے ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ انگور کھانے سے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں۔یہ انسانی جسم کو طاقتور بھی بناتا ہے۔


اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور
انگور کیروٹین،پولی فینولز اور دیگر اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق یہ اینٹی آکسائیڈنٹس دل کی صحت کو مستحکم رکھنے کے ساتھ مخصوص اقسام کے کینسر کا خطرہ کم کرتے ہیں۔یہ پھل جسم میں گردش کرنے والے مضر ذرات کو اکھٹا ہونے سے روکتا ہے جس سے خون کی شریانوں کی صحت بہتر ہوتی ہے،دوران خون بہتر اور بلڈ پریشر کی سطح کم ہوتی ہے۔


جلدی مسائل
انگور میں موجود بعض اجزاء عمر بڑھنے سے سامنے آنے والی علامات اور دیگر جلدی مسائل کو روکنے کے لئے بھی فائدہ مند ہیں۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور میں موجود ایک جز Resveratrol کیل مہاسوں کا باعث بننے والے بیکٹیریا کے خلاف مفید ہے۔
پوٹاشیم کے حصول کا ذریعہ
100 گرام انگوروں میں 191 ملی گرام پوٹاشیم ہوتا ہے،پوٹاشیم کا استعمال جسم کے لئے متعدد طریقوں سے فائدہ مند ہے،جیسے ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنا،کولیسٹرول اور دل کی صحت کو بہتر بنانا وغیرہ۔

ایک تحقیق کے مطابق پوٹاشیم پیٹ میں گیس یا پیٹ پھولنے کے مسئلے میں بھی مدد دینے والا جز ہے۔
آنکھوں کی صحت کے لئے مفید
میامی یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ انگور کھانے سے آنکھوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔یہ پھل ڈی این اے کو نقصان سے بچا کر صحت مند خلیات کو تحفظ فراہم کرتا ہے،جس سے بینائی کو فائدہ ہوتا ہے۔


دماغی صحت کے لئے مفید
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق انگور دماغی تنزلی کا خطرہ کم کرنے میں مفید ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور کھانے سے ان اثرات سے تحفظ میں مدد ملتی ہے جو کہ الزائمر امراض سے جڑے ہوتے ہیں۔
جوڑوں کے لئے مفید
ٹیکساس ویمنز یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور کھانے سے گھٹنوں کے جوڑ کی تکلیف دور ہو سکتی ہے،اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جوڑوں کی لچک اور حرکت کو بہتر کرتے ہیں۔
ورم کش خصوصیات
انگور میں ایسے انزائم موجود ہوتے ہیں جو کہ جسم میں ورم پر قابو پانے میں مدد دیتے ہیں،جس سے شریانوں،دل اور دیگر اعضاء کو فائدہ ہوتا ہے۔
تاریخ اشاعت: 2021-09-23

Your Thoughts and Comments