Anjeer - Article No. 2636

Anjeer

انجیر - تحریر نمبر 2636

انجیر میں موجود غذائی اجزاء بیماریوں کا مقابلہ کرنے میں مفید

ہفتہ 4 فروری 2023

خون کی کمی دور کرنے کے لئے انجیر ایک بہت مفید پھل ہے۔کھانے میں بے حد لذیذ انجیر غذائی و دوائی اجزاء کا بیش بہا مجموعہ ہے۔
غذائی اجزاء:
سو گرام انجیر میں 214 حرارے،4 گرام پروٹین،29 گرام نشاستہ،1 گرام چکنائی اور 19 گرام ریشہ (پھوک) پایا جاتا ہے۔انجیر سیاہ،زرد اور سفید رنگ میں پایا جاتا ہے۔اس کے پختہ پھل میں ساٹھ فیصد گلوکوز ہوتا ہے۔
سیاہ انجیر میں پانی زیادہ ہوتا ہے۔ہمارے بازاروں میں ماہِ مئی میں اس کی فروخت شروع ہو جاتی ہے۔زرد اور سفید انجیر خشک کر کے بازاروں میں فروخت کیے جاتے ہیں۔
قدرت نے انجیر میں شکر کے علاوہ گوشت بنانے والے اور روغنی اجزاء بھی سمو دیے ہیں۔انجیر پانی اور معدنی نمکیات کا خزانہ ہے۔فولاد،فاسفورس،تانبہ،کیلشیم،سوڈیم،آیوڈین اور کیروٹین بھی انجیر میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس میں وٹامن اے،بی اور ڈی بھی شامل ہیں۔جسم کو سرخ و سفید بنانے،کمر مضبوط کرنے،بیماریوں کا مقابلہ کرنے کے لئے قوتِ مدافعت پیدا کرنے اور دائمی قبض دور کرنے کے لئے یہ مفید غذا اور دوا ہے۔
سو گرام سے چار سو گرام تک انجیر کا ناشتے میں استعمال خون بنانے کے ساتھ ساتھ ہاضمہ درست،معدہ ہلکا اور آنتیں صاف کر دیتا ہے۔وہ افراد جنہیں کم بھوک لگتی ہو وہ اس کا ناشتہ کر کے اپنی بھوک بڑھا سکتے ہیں۔
معدہ اسے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے میں ہضم کر لیتا ہے۔200 گرام انجیر میں دو ہلکی روٹیوں اور چار انڈوں کے برابر غذائیت پائی جاتی ہے۔بلغمی کھانسی،فالج،چھوٹے بڑے جوڑوں کے درد،جسم سُن ہونے اور مرگی کے مریضوں کو اس پھل سے فائدہ ہو سکتا ہے۔
انجیر ہلکا قبض کشا ہے۔اس میں غذائیت کی مقدار بھی اچھی خاصی ہوتی ہے۔اطباء کے نزدیک اس کا لعاب آنتوں سے غذا کو پھسلا کر خارج کرتا ہے۔
انجیر گلے اور ناک کی چھوت کو دور کرتا ہے۔اس کو پکا کر یا بھون کر اس کی پلٹس بنا کر رسولیوں پر لگائی جاتی ہے۔انجیر کا دودھ بواسیر کے مسوں کا بھی علاج ہے۔یہ بلغم کو پکا کر خارج کراتا ہے۔اس کے استعمال سے پیشاب کھل کر آتا ہے،یہ پسینہ بھی لاتا ہے۔اس سے تلی اور ورم اور جگر کی سختی دور ہو جاتی ہے۔چونکہ یہ پیشاب آور ہے اس لئے گردے اور مثانے کی پتھری بھی نکالتا ہے۔اس مقصد کے لئے پانچ دانے روزانہ کھلانا نافع بتایا جاتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj