Anjeer - Har Mosaam Main Mufeed - Article No. 1768

Anjeer - Har Mosaam Main Mufeed

انجیر۔ ہر موسم میں مفید - تحریر نمبر 1768

انجیر قبض سے نجات دلاتا اور ہضم کے نظام کو بہتر کرتاہے۔

پیر 30 دسمبر 2019

حکیم راحت نسیم سوہدروی
قدرت نے انسان کی غذا کے لئے سبزیاں اور پھل پیدا کیے ہیں۔ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ انسان کی فطری اور اولین غذاہے۔فطرت کے سائے میں ہی انسان کی عافیت ہے۔فطرت سے انسان نہیں لڑسکتا۔ فطرت سے جنگ ہر حال میں انسان کے لیے نقصان دہ ہے۔قدرت نے انسان کے لئے سبزیوں کے ساتھ پھل بھی پیدا کیے ،جو نہ صرف مفید ہیں،بلکہ لذیذ وخوش ذائقہ بھی ہیں اور اپنے موسمی تقاضوں سے ہم آہنگ بھی ہیں۔
انھی پھلوں میں ایک حیرت انگیز فوائد کا حامل پھل انجیر بھی ہے۔موسمی اثرات کے باعث پاکستان میں تازہ انجیر نہیں ملتا،اس لیے خشک اور چٹپا کرکے دھاگے میں پروکراسے فروخت کیا جاتاہے ۔ماہرین صحت نے جسم کو فربہ اور سڈول بنانے کے ساتھ چہرے کی سرخی وسپیدی کے لیے انجیر کو بہت مفید موٴثر قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)


انجیر قبض سے نجات دلاتا اور ہضم کے نظام کو بہتر کرتاہے۔

انجیر مرض قولنج سے محفوظ رکھتاہے۔کھانے کے بعد دو تین انجیر کھانے سے قبض دور ہو جاتاہے۔بلغم ،دمہ اور کھانسی ختم کرنے میں مفید ہے۔ریشوں سے بھر پور انجیر میں حراروں(کیلوریز)کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔مٹاپے کے شکار مردوخواتین اگر روزانہ تین سے چار انجیر کھائیں تو وزن کم ہونے لگتاہے۔جن لوگوں کو بلڈ پریشر رہتاہے،ان کے جسموں میں سوڈیئم اور پوٹاشیئم کی سطح غیر متوازن ہو جاتی ہے ،انجیر کھانے سے ان نمکیات کا توازن قائم رہتاہے۔
انجیر میں موجود مانع تکسید اجزاء(ANTIOXIDANTS) جسم سے خون کی نالیوں کے لیے نقصان دہ مادوں کو خارج کردیتے ہیں۔اس طرح یہ اجزاء سرطان سے بچاؤ بھی کرتے ہیں۔
انجیر غذائیت سے بھر پور پھل ہے ۔یہ جسم کو درکار فولاد کی روزانہ کی دو فیصد کی ضرورت کو پوری کرتاہے۔انجیر میں کیلسیئم ہوتاہے،جو ہڈیوں اور دانتوں کے لیے بہت اہم اور مفید ہے۔علاوہ ازیں انجیر میں لحمیات(پروٹینز)،گلوکوس اور فاسفورس بھی پائے جاتے ہیں۔
انجیر آنتوں کو صاف کرتاہے۔آنتوں کی صفائی کے لیے روزانہ رات کو سونے سے قبل چار پانچ انجیر نیم گرم دودھ سے کھانے سے بہت فائدہ ہوتاہے۔انجیر نہ صرف بلڈ پریشر میں فائدہ مند ہے،بلکہ خون بھی بناتاہے۔انجیر دُبلے افراد کے لیے بھی مفید ہے۔یہ منہ کی بو ختم کرتاہے اور بالوں کو دراز کرنے میں معاون ہے۔تلی کے ورم میں دوتین انجیر کھانے سے فائدہ ہوتاہے۔

تازہ انجیر توڑنے سے جو دودھ نکلتاہے،اس کے چند قطرے برص کے نشانات پر لگانے سے نشانات ختم ہو جاتے ہیں۔جن افراد کو پسینا نہ آتا ہویا مسام بند ہو ں،ان کے لیے بھی انجیر موٴثر ثابت ہوتاہے۔اس کے علاوہ یہ دماغی کمزوری،کمر کے درد اور بواسیر سے چھٹکارا دلاتاہے۔
انجیر بچوں کے لیے بھی مفید ہے۔یہ ہاضم ہونے کے علاوہ جسمانی نشوونما میں بہت موٴثر ہے۔انجیر ہمیشہ تازہ اور نرم کھائیں۔کالے اور خشک انجیر میں بعض اوقات کیڑے پیداہوجاتے ہیں،اس لیے یہ انجیر مضر صحت ہوتاہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj