Anjeer - Lazeez Aur Afadiyat Ka Hamil Phal - Article No. 2656

Anjeer - Lazeez Aur Afadiyat Ka Hamil Phal

انجیر ․․․ لذیذ اور افادیت کا حامل پھل - تحریر نمبر 2656

کچے انجیر میں 80 فیصد جب کہ پکے انجیر میں 20 فیصد کاربوہائیڈریٹ ہوتے ہیں

ہفتہ 4 مارچ 2023

شمع عنصر
انجیر کا نباتاتی نام فکس کریکا (Ficus Carica) ہے۔انجیر کی کاشت قدیم زمانے سے جاری ہے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق اس کی ابتداء روم اور مغربی ایشیا سے ہے۔یہ چھوٹے درخت کی ایک قسم ہے جو دیکھنے میں جھاڑی نما دکھائی دیتا ہے۔ان پودوں کی لمبائی 7 سے 10 میٹر یا 23 سے 33 فٹ لمبی ہوتی ہے۔درخت کی چھال سفید ہوتی ہے۔اس کی 800 سے زائد اقسام ہیں۔
تاہم دنیا بھر میں کاشت تقریباً بیس اقسام کی ہوتی ہے۔اس کا پھل لمبا جلد کے ساتھ جامنی یا بھورے رنگ میں پک جاتا ہے۔
پھل اندر سے میٹھا اور نرم جب کہ گودا سرخی مائل ہوتا ہے۔انجیر کا درخت سال میں دو مرتبہ پھل دیتا ہے۔انجیر ایک منفرد اور ذائقہ دار پھل ہے۔اس کا سائز ہاتھ کے انگوٹھے کے برابر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس میں سینکڑوں بیج پائے جاتے ہیں۔

اندرونی حصہ زیادہ تر گلابی جب کہ بیرونی حصہ سبز یا بھورے رنگ پر مشتمل ہوتا ہے۔شمالی نصف کُرّے میں تازہ انجیر موسم گرما کے آخر سے خزاں کے شروع تک ملتا ہے۔انجیر اعتدال پسند ٹھنڈ کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔یہ گرم آب و ہوا میں بھی نشوونما پاتے ہیں۔انجیر کو تازہ اور خشک کھایا جاتا ہے۔اس کے علاوہ جام،رول،بسکٹ اور دیگر اقسام کے میٹھوں میں پراسیس کیا جاتا ہے۔
یہ پھل زیادہ تر تجارت خشک پیداوار اور پراسیس شدہ شکلوں میں ملتا ہے۔کچے انجیر میں 80 فیصد جب کہ پکے انجیر میں 20 فیصد کاربوہائیڈریٹ ہوتے ہیں۔خشک انجیر میں شوگر اور کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں۔اس لئے اسے اعتدال میں کھانا چاہیے۔انجیر کے پتے اور پھل سبھی کارآمد ہیں۔طبی لحاظ سے انجیر کے مندرجہ ذیل فوائد ہیں۔
نظام ہاضمہ میں بہتری
انجیر کو قدیم زمانے سے نظام ہاضمہ کے علاج کے لئے استعمال کیا جاتا رہا ہے یا قبض جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے اس کا استعمال بہت مفید ہے۔
اس میں فائبر ہوتا ہے جو قبض ختم کر کے پری بائیوٹک کے طور پر ہاضمہ کی صحت کو فروغ دیتا ہے۔آٹھ ہفتوں تک روزانہ 10 اونس یعنی تین سو گرام انجیر کے کھانے سے قبض میں نمایاں کمی واقع ہو جاتی ہے۔
ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کنٹرول
انجیر ہائی بلڈ پریشر اور خون میں بڑھی ہوئی چربی کی سطح کم کر دیتا ہے۔یہ دل کے امراض سے تحفظ دیتا ہے۔
تاہم یہ ہائی (ایل ڈی ایل) خراب کولیسٹرول کو ٹھیک کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔ایسے لوگوں کو روزانہ اپنی خوراک میں چودہ خشک انجیر روزانہ استعمال کرنا چاہیے۔انجیر میں پیکٹین ہوتا ہے جو حل پذیر فائبر ہے جس سے کولیسٹرول کی بڑھتی ہوئی سطح کم ہو جاتی ہے۔انجیر میں موجود فائبر اضافی کولیسٹرول کم کرتا ہے۔انجیر میں وٹامن بی 6 موجود ہوتا ہے جو سیروٹین پیدا کرنے کا ذمے دار ہے۔
اس کے علاوہ انجیر میں اومیگا تھری اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈ موجود ہوتے ہیں جو ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی بڑھی ہوئی مقدار کو کنٹرول کرتے ہیں۔انجیر پوٹاشیم سے بھرپور پھل ہے جو سوڈیم کے اثر کو زائل کرتا ہے۔
خون کی کمی
جسم میں آئرن کی کمی خون کی کمی کا باعث بن سکتی ہے۔خشک انجیر میں آئرن ہوتا ہے جو ہیموگلوبن کا اہم جز ہے۔خشک انجیر خون میں ہیموگلوبن کی سطح بڑھاتا ہے جس کے باعث بچے اور حاملہ خواتین مختلف پیچیدگیوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ایسے لوگوں کو انجیر کا استعمال بکثرت کرنا چاہیے جن کی سرجری ہوئی ہو کیونکہ سرجری کے بعد اکثر جسم میں آئرن کی کمی ہو جاتی ہے جسے پورا کرنے کے لئے انجیر بہترین پھل ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj