Bahi Qalb Dost Samar - Article No. 2448

Bahi Qalb Dost Samar

بہی ۔ قلب دوست ثمر - تحریر نمبر 2448

یہ ایک بہت ہی مفید پھل ہے،جو اپنی طبی خصوصیات کے باعث بہت فائدہ مند ہے

بدھ 25 مئی 2022

حکیم عبیدالرحمن
”بہی“ جسے”سفرجل“ بھی کہا جاتا ہے،یقینا اکثر لوگوں کے لئے نیا نام ہے۔یہ ایک بہت ہی مفید پھل ہے،جو اپنی طبی خصوصیات کے باعث بہت فائدہ مند ہے۔”بہی“ شکل اور ذائقے میں سبز رنگ کے سیب سے ملتا جلتا ہے۔ذائقے کے لحاظ سے یہ تین قسم کا ہوتا ہے۔ایک میٹھا شیریں (جس کا مربا بنایا جاتا ہے)،دوسرا کھٹ مٹھا اور تیسرا کھٹا ہوتا ہے۔

بہی میں متعدد طبی اور غذائی خوبیاں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہیں۔یہ بہت سے امراض میں ایک اچھے خاصے مستند معالج کا کام دیتا ہے۔بعض اطبا کے نزدیک یہ ایک مفید پھل ہے،جو گوناگوں غذائی اور شفائی اثرات کا مجموعہ ہے۔یہ پھل گرم اور خشک مزاج لوگوں کے لئے خصوصیت کے اعتبار سے بے حد کارآمد ہے۔

(جاری ہے)


بہی میں پائے جانے والے کیمیائی اجزاء
جدید تحقیقات کے مطابق بہی پھل میں متعدد معدنیات (منرلز)،نشاستہ(کاربوہائیڈریٹ)،شکر،حیاتین ج (وٹامن سی) اور سیلک ایسڈ کے علاوہ ٹارٹک ایسڈ،پیکٹن،مارمیلوسن اور دیگر لیس دار مادے پائے جاتے ہیں۔

اس پھل سے روغن بھی نکالا جاتا ہے،جو جراثیم کش خصوصیات کا حامل ہوتا ہے۔
طب نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں اہمیت
بہی پھل میں کئی طرح کی حیاتین (وٹامنز) اور معدنیات شامل ہیں۔اس کا مربا اس حوالے سے بہترین غذا ہے۔اسے اگر کھایا جائے تو دل کے عوارض سے بچاتا ہے۔حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ بن عبید اللہ روایت فرماتے ہیں کہ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو وہ اس وقت اپنے اصحاب کی مجلس میں تھے اور ان کے ہاتھ میں بھی بہی تھا۔
جب میں بیٹھ گیا تو انھوں نے اسے میری طرف کرکے فرمایا:”اے ابا ذر!یہ دل کو طاقت دیتا ہے،سانس کو خوشبودار بناتا ہے اور سینے سے بوجھ کو اُتار دیتا ہے۔“
حضرت جابر رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”بہی“ کھاؤ،کیونکہ یہ دل کے دورے کو ٹھیک کرکے سینے سے بوجھ اُتار دیتا ہے۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”بہی“کھانے سے دل پر سے بوجھ اُتر جاتا ہے۔
بہی کھاؤ کہ یہ دل کے دورے کو دور کرتا ہے۔اللہ نے ایسا کوئی نبی نہیں مامور فرمایا،جسے جنت کا بہی نہ کھلایا ہو،کیونکہ یہ فرد کی قوت کو چالیس افراد کے برابر کر دیتا ہے۔حاملہ عورتوں کو بھی بہی کھلایا کرو،کیونکہ یہ دل کی بیماریوں کو ٹھیک کرتا ہے اور پیدا ہونے والے بچے کو حسین بناتا ہے۔
بہی کے طبی فوائد
بہی کا سفرجل کے نام سے یونانی طب کی پرانی عربی کتب میں اکثر ذکر ملتا ہے۔
احادیثِ مبارکہ میں کئی جگہ پر بہی کا ذکر موجود ہے۔بہی کا پھل کھانے والی خواتین کے ہاں خوبصورت بچے پیدا ہوتے ہیں،جب کہ مرد کے کھانے سے چالیس افراد کے برابر طاقت آ جاتی ہے۔
یہ دل کے لئے بہت مفید ہے۔
اگر حمل کے دوران کھایا جائے تو اسقاطِ حمل سے کافی حد تک محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
اسے کھانے سے پیشاب کھل کر آتا ہے۔
تلی اور جگر کے امراض میں مفید ہے۔

سر کا درد دور کرنے کا ایک قدرتی غذائی ٹانک ہے۔
خفقان اور وسواس کو دور کرتا ہے۔
نزلے اور کھانسی کے لئے مفید ہے۔
دمے کے لئے شفا بخش دوا ثابت ہو چکا ہے۔
دل اور دماغ کی گرمی دور کرتا ہے۔
بلغم اور سینے کی خرخراہٹ سے نجات دلاتا ہے۔
خشک کھانسی کے خاتمے کے لئے مفید ہے۔
مثانے اور جگر کی گرمی کو دور کرتا ہے۔
کھٹا بہی قے کے عارضے کے خاتمے کے لئے بہت زیادہ مفید ہے۔
منہ سے خون آنے کے عارضے میں مفید ہے۔
یہ دماغ کو فرحت بخشتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj