Behtar Metabolism Sehatmand Zindagi Ki Zamanat - Article No. 1915

Behtar Metabolism Sehatmand Zindagi Ki Zamanat

بہتر میٹا بولزم صحت مند زندگی کی ضمانت - تحریر نمبر 1915

قدرتی چیزیں انسانی صحت کے لئے سب سے زیادہ فائدہ مند ہوتی ہیں۔

بدھ 29 جولائی 2020

قدرتی چیزیں انسانی صحت کے لئے سب سے زیادہ فائدہ مند ہوتی ہیں۔ہر چند کہ،میڈیکل سائنس میں ترقی کی بدولت ایسی چیزیں بھی موجود ہیں،جو صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہیں،لیکن قدرتی اشیاء کا کوئی چیز مقابلہ نہیں کر سکتی۔وزن کا بڑھنا ہر شخص کے لئے پریشانی کا باعث ہے،اسی وجہ سے بعض لوگ کھانے پینے کی چیزوں میں احتیاط کرتے ہیں۔متعدد لوگ سست میٹا بولزم (جسمانی وخلیاتی کیمیائی تبدیلیوں کا مجموعہ)کی وجہ سے صحت کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔
یہ عمل وزن گھٹانے میں مشکلات پیدا کرنے کے ساتھ وزن بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔”میٹا بولزم“دراصل اس نظام کو کہا جاتا ہے،جس کے ذریعے کھانے پینے کی چیزیں مادہ حیات میں تبدیل ہو جاتی ہیں،یعنی غذا کے جسم کے جز میں تبدیل ہونے کو میٹا بولزم کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہیلتھ جرنل میں شائع مضمون کے مطابق انڈے،گوشت،پانی،دودھ،گندم سے بنی غذائیں ،کافی اور گرین ٹی سمیت دیگر چیزیں میٹا بولزم کے لئے مفید ہوتی ہیں،ان چیزوں سے انسانی جسم مضبوط اور توانا بنتا ہے۔

سستی روی میں مبتلا میٹا بولزم آدمی کو جلد اکتاہت اور تھکاوٹ میں مبتلا کر دیتا ہے، جس کی وجہ سے زندگی سے بھر پور طریقے سے لطف اندوز نہیں ہو پاتے۔یہاں ہم میٹا بولزم کو قوت بخشنے کے چند قدرتی طریقوں سے روشناس کرواتے ہیں۔
صبح سویرے ورزش
صبح سویرے ورزش،میٹابولزم، پر حیران کن اثرات مرتب کر سکتی ہے۔معروف برطانوی ماہر ڈاکٹر اوزیڈ میٹا بولزم کو تیز کرنے کے اس طریقہ کی حمایت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ صبح سویرے صرف 5منٹ کی سخت ورزش کے فوائد آپ کو سارا دن ملتے رہیں گے۔

پانی
میٹا بولزم کو توانا بنانے میں پانی بہت ضروری ہے،کیونکہ میٹا بولزم کے عمل کو پانی کی بطور ایندھن خاصی ضرورت ہوتی ہے۔
ناشتہ کبھی مت چھوڑیں
دور جدید کی تیز رفتار زندگی میں،ہم میں سے کئی لوگ ناشتے کو قربان کر دیتے ہیں،حالانکہ ایسا کرنا میٹا بولزم کو انتہائی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے،لہٰذا ناشتہ ضرور اور روزانہ کریں۔

انڈے کی سفیدی
انڈے میں پروٹین،وٹامن ڈی اور امینو ایسڈ پایا جاتا ہے۔اس وجہ سے یہ میٹا بولزم کے لئے بہتر ہے۔
بغیر چربی والا گوشت
گوشت میں آئرن پایا جاتا ہے۔آئرن کی وجہ سے گوشت انسانی جسم کے لئے فائدہ مند ہوتا ہے۔
ہری،ثابت،سرخ مرچ
اکثر لوگ مرچوں کو پیٹ کے لئے خطر ناک سمجھتے ہیں،تاہم مرچوں میں وٹامن سی پایا جا تا ہے،جو انسانی صحت کے لئے لازمی ہے۔

بلیک کافی،گرین ٹی
بلیک کافی اور گرین ٹی میں پائے جانے والے اجزاء میٹا بولزم کے نظام کو درست رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
دودھ
دودھ جہاں انسانی جسم کو خوبصورت بنانے میں کردار ادا کرتا ہے ،وہیں یہ ہڈیوں کو بھی مضبوط کرتا ہے۔
گندم سے بنی غذائیں
گندم کے آٹے سے بنی غذائیں،جیسے ڈبل روٹی اور دلیہ وغیرہ فائبر سے بھر پور ہوتے ہیں،جو انسانی جسم کے لئے لازمی خوراک مانے جاتے ہیں۔

دالیں
سبزیوں کی طرح دالیں بھی میٹا بولزم کے لئے بہترین ہوتی ہیں ،تاہم مسور کی دال میں آئرن پایا جاتا ہے،اس لئے وہ سب سے زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے۔
دار چینی
ماہرین کے مطابق دار چینی میٹا بولزم کو تیز کرتی ہے۔اس میں موجود تولید حرارت کی خصوصیات سے روزانہ صرف ایک چوتھائی چمچ دار چینی کے استعمال سے آپ کے جسم کی اضافی چربی تیزی سے ختم ہو سکتی ہے۔

پالک
پالک میٹا بولزم بڑھا کر 30فیصد زیادہ تیزی سے کیلوریز جلاتی ہے۔پالک کی طرح دیگر گہرے ہری پتوں کی سبزیاں جو فائبر اور آئرن کا خزانہ ہوتی ہیں،وہ میٹا بولزم کے عمل کو تیز کرنے میں معاون رہتی ہیں۔
چکوترا
چکوترے میں موجود فائبر میٹا بولزم کو بڑھاتے ہیں۔اس میں موجود وٹامن سی سمیت دیگر اجزاء میٹا بولزم کو تیز کرتے ہیں۔

بادام
بادام میٹا بولزم اور جسم کی توانائی کو بڑھاتے ہیں۔لیکن بہت زیادہ استعمال نہ کیے جائیں۔بادام کے بیش بہا فوائد جسمانی صحت کو فروغ دینے اور میٹا بولزم تیز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مچھلی
مچھلی میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے،جو میٹا بولزم کو دوگنا تیز کرتا ہے،یہ جسم کی سوزش اور اسٹریس ہارمون کو کم کرتا ہے جو چربی جمع کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

بینز
بینز کا استعمال میٹا بولزم کو تیز کرنے میں مفید ہے۔جب ہم پروٹین کا استعمال روز مرہ زندگی میں بڑھاتے ہیں تو کیلوریز خود بخود جلنے لگتی ہیں۔
بیریز
ویسے تو تمام پھل ہی اچھے ہوتے ہیں لیکن بیریز اینٹی آکسیڈنٹ سے لبریز ہوتی ہیں،جیسے وٹامن”سی“۔اسی لئے دیگر پھلوں کی نسبت بیریز زیادہ موثر ہیں۔

یخنی
پروٹین،منرل اور کولیجن پر مشتمل ہونے کی وجہ سے یخنی جلد ہضم ہو کر صحت میں اضافہ کرکے میٹا بولزم کو تیز کرتی ہے۔اس کے مستقل استعمال سے جسم میں چربی جمع ہونے کا عمل رک جاتا ہے۔
تخم بلنگا
تخم بلنگا،فائبر،پروٹین اور اومیگا تھری سے لبریز ہوتے ہیں۔
چاکلیٹ
چاکلیٹ کے شائقین کے لئے یہ یقینا خوشی کی بات ہو گی۔ڈارک چاکلیٹ میٹا بولزم کو تیز کرتی ہے ۔لیکن بہر حال کسی بھی چیز کو اعتدال میں رہ کر ہی استعمال کرنا ضروری ہے۔
سیب کا سرکہ
میٹا بولزم تیز کرنے کے لئے جانا جاتا ہے۔سیب کے سرکہ میں اگر تھوڑا لیموں کا رس ،شہد اور چٹکی بھر دار چینی پاؤڈر ملا کر پی لیں تو یہ میٹا بولزم کو تیز کرکے کیلوریز جلاتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj