Carrot - Article No. 1961

Carrot

گاجر - تحریر نمبر 1961

گاجر ایک ایسی سبزی ہے جو غذائیت سے بھرپور بھی ہے اور ہر انسان اس کی قوت خرید بھی رکھتا ہے

جمعرات 24 ستمبر 2020

عادل حسین مغل
برصغیر کی مشہورترین سبزی ہے۔ تاثیر کے لحاظ سے گرم تر ہے۔ بظاہر جتنی کم خرچ باطنی طور پر اتنی ہی مفید قدرت نے گاجر میں ایسے عناصر رکھ دیئے ہیں کہ اگر انسان انہیں استعمال میں لائے تو اس کی نشوونما اور امراض کا مقابلہ کرنے قوت میں پیدا ہو جائے۔ گاجر کا رس پینا مفید ہے ۔ گاجر ایک ایسی سبزی ہے جو غذائیت سے بھرپور بھی ہے اور ہر انسان اس کی قوت خرید بھی رکھتا ہے۔
عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ بہت زیادہ مہنگی سبزیوں یا پھلوں میں ہی زیادہ طاقت اور توانائی ہوتی ہے لیکن ایسا نہیں بعض ایسی سبزیاں بھی ہیں جن کی قیمت نہایت مناسب ہے۔ مگر ان کے غذائی اجزاء بہت قیمتی ہیں ایسی ہی ایک سبزی گاجر بھی ہے۔ مگر ہم اس کے فوائد سے مکمل طور پر نا واقف ہیں اس مضمون کو غور سے پڑھیے تب آپ کو معلوم ہو گا کہ گاجر کے ذریعے ہم اپنے جسم کو کتنی قوت اور توانائی فراہم کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

گاجر ایک مشہور جڑ ہے۔ اس ذائقہ دار جڑ کو ہم کچا بھی کھاتے ہیں اور یہ پکا کر بھی کھائی جاتی ہے اور بطور دوا بھی کھایا جاتا ہے۔
بصارت کی تیزی
اگر گاجر بکثرت کھائی جائے تو بصارت تیز ہوتی ہے۔
پتھری اور یرقان کا خاتمہ
مثانے‘گردے کی پتھری کے لئے گاجر بہت مفید ہے اسے کھانے سے پیشاب کھل کر آتا ہے اور گردے اور مثانے کی پتھری ٹوٹ کر خارج ہو جاتی ہے۔
گاجر کا جوس پینے سے یرقان ختم ہوتا ہے۔
جسم کی نشوونما
نئی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ گاجر میں نشاستہ‘شکر‘فولاد‘چونا‘فاسفورس‘نمکیات پائے جاتے ہیں۔ جو بہترین انداز میں جسم کی نشوونما کرتے ہیں اور جسم کو مضبوط بناتے ہیں۔
دل و دماغ کی تیزی
گاجر دل و دماغ کو طاقت دیتی ہے کیونکہ اس میں تمام غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں ۔
یہ بدن کو طاقتور اور فربہ بنانے کے ساتھ ساتھ دل اور دماغ کے لئے بھی بہت فائدہ مند ہے۔ دل کی کمزوری اور دھڑکن کے لئے خاص طور پر مفید ہے۔ دل کو مضبوط بنانے کے لئے خاص طور پر اس کا مربہ بہت مفید ہے۔
آنکھوں کی حفاظت
ہماری آنکھوں کے لئے گاجر اکسیر کا درجہ رکھتی ہے۔ گاجر میں حیاتین الف‘ب اور ج پائے جاتے ہیں۔ اس لئے یہ بینائی کو قوت دیتی ہے۔
نظر کی کمزوری میں کثرت سے گاجر کھانے سے بینائی پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
قبض کشا
گاجر بہترین قبض کشا دوا ہے کیونکہ اس میں آئرن ہوتا ہے اس لئے یہ قبض کی شکایت دور کر دیتی ہے۔
ہاضمہ کی قوت
گاجر کے اندر غذا کو ہضم کرنے کی قوت ہوتی ہے۔ معدے کے اندر داخل ہونے پر اس کی ہاضم رطوبات تیزی سے کام کرتی ہیں اور غذا کے ہاضمے کے ساتھ ساتھ یہ معدے کی تیزابیت اور جلن کا قدرتی علاج ہے خود گاجر کو بھی معدہ 2یا 3گھنٹوں میں ہضم کر لیتا ہے۔

دانتوں اور مسوڑھوں کا علاج
گاجر کا جوس سکروی مسوڑھوں کے پھول جانے اور خون رسنے کے امراض میں اکثر استعمال کیا جاتا ہے۔ گاجر کا استعمال ”ادھ راتہ“ کی بیماری کے لئے بھی بار بار بتایا جاتا ہے۔ پائیوریا‘دانتوں کا ایسا مرض ہے جس میں دانت بالکل ختم ہو جاتے ہیں ۔کچی گاجر کھانے کی وجہ سے مسوڑھے مضبوط اور دانت صاف ہو جاتے ہیں ۔
اس طرح دانتوں کی ورزش ہونے کے علاوہ گاجروں میں شامل کیلشیم کے اجزاء مسوڑھوں اور دانتوں کے لئے ایک عمدہ غذا ثابت ہوتے ہیں مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ گاجریں نرم و ملائم اور تازہ ہوں۔
چہرے کے لئے
چہرے پر گاجر کا لیپ لگائیں اور 20منٹ بعد دھو لیں۔ یا پھر روزانہ ناشتے میں ایک گلاس گاجر کا عرق پی لیں ۔چہرہ نکھر جائے گا۔

منہ کا پک جانا
اگر منہ پک جائے تو کثرت کے ساتھ گاجریں کھائی جائیں۔ اس سے منہ پکنے کے مرض میں آرام آجاتا ہے۔ ہزار فوائد کی حامل سبزی ہے جس سے میٹھے اور نمکین دونوں اقسام کی ڈشز بنائی جا سکتی ہیں ۔آلو مٹر کا سالن ہو یا گاجر کا حلوہ۔ گاجر کا مربہ۔ گجریلا‘گاجر کا جوس۔سب مقبول عام ہیں۔ گاجر کا مزاج ٹھنڈا ہے۔خون پیدا کرتی ہے۔آئرن کی خاصی مقدار ہوتی ہے اس میں سلاد کا بھی اہم جزو ہے اس کے علاوہ کچی سلاد کے طور پر بھی استعمال کی جاتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj