Cherry Aati Hai - Article No. 2700

Cherry Aati Hai

چیری آتی ہے - تحریر نمبر 2700

روٹھی نیند منانے کے لئے

منگل 9 مئی 2023

پاکستان کے رسیلے اور صحت بخش پھلوں میں چیری بھی شامل ہے جسے اگر پہاڑی علاقوں کے پھلوں کی ملکہ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔چیری کا درخت گلاب کے خاندان Rosaceae سے ہے۔اسے باغبانی کی خاص اصطلاح میں Prunus جنس میں رکھا گیا ہے۔
Genus سے تعلق رکھنے والے کئی درختوں کے پھل کو چیری کہتے ہیں۔چونکہ اس جنس میں آلوچہ،خوبانی اور آڑو وغیرہ بھی شامل ہیں اس لئے اس جنس کے تمام پودوں کے پھلوں کو چیری نہیں کہا جا سکتا۔
دنیا بھر میں پائی جانے والی چیری کی انواع (Species) کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ان میں درج ذیل اقسام قابل ذکر ہیں۔
جنگلی یا میٹھی چیری
ترش چیری
کالی چیری
یہ پھل ایشیا،یورپ،آسٹریلیا اور امریکہ سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں پایا جاتا ہے۔2007ء میں کئے جانے والے ایک محتاط اندازے کے مطابق دنیا بھر میں چیری کی سالانہ پیداوار تقریباً 2 ملین ٹن ہے۔

(جاری ہے)

اس پیداوار کا 40 فیصد حصہ یورپ سے اور 13 فیصد حصہ امریکہ سے حاصل ہوتا ہے۔پاکستان کے پہاڑی علاقوں بالخصوص گلگت اور بلتستان میں سب سے پہلے پکنے والے درخت کے پھلوں میں سے ایک ہے۔
اجزائے ترکیبی کے لحاظ سے چیری کا گودا پانی پر مشتمل ہے۔اس کے علاوہ اس میں اینتھوسیانز (Anthocyanins) نامی ایک سرخ مواد،شکریات،لحمیات،حیاتین،نمکیات،نامیاتی تیزاب (Phenolic Compound) Bioflavonoids اور Melatonin وغیرہ پائے جاتے ہیں۔

چیری کے رنگ میں سرخی فری ریڈیکلز کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔یہ خلیوں اور ٹشو کو نقصان پہنچانے سے روکتی ہے۔فری ریڈیکلز کے خلاف کام کرنے والی اس قوت کو مانع تکسید یعنی اینٹی آکسیڈنٹس کہتے ہیں۔
چیری میں موجود شکریات میں گلوکوز اور فرکٹوز فوری طور پر توانائی فراہم کرتے ہیں۔چیری کے موسم میں ذہنی کام کرنے والوں کو چند عدد چیریاں تازہ دم کر سکتی ہیں۔

چیری میں اعصابی نظام کو درست رکھنے کی صلاحیت ہے۔نیند نہ آنے کی شکایت،آنکھوں،دانتوں،ہڈیوں اور جوڑوں کے لئے بھی نہایت کارآمد پھل ہے۔اس کے گودے میں موجود میلاٹونن نامی کیمیائی جزو بڑھاپے کے عمل کو سست کرنے کے ساتھ ساتھ یادداشت کی کمی کو روکنے اور اچھی نیند کے لئے مفید ہے۔
100 گرام چیری میں اہم غذائی اجزاء کی مقدار حسب ذیل ہے
کاربوہائیڈریٹس 13 گرام
ڈائٹری فائبرز 2 گرام
چکنائی 2 گرام
پروٹین 1.1 گرام
وٹامن سی 7 گرام
فولاد 4 گرام

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj