Chilgoza - Jismani O Zehni Sehat Ke Liye Az Had Mufeed - Article No. 2648

Chilgoza - Jismani O Zehni Sehat Ke Liye Az Had Mufeed

چلغوزہ ․․․ جسمانی و ذہنی صحت کے لئے از حد مفید - تحریر نمبر 2648

اگر اس میوے کو روزانہ کی خوراک میں شامل کر لیا جائے،تو اس میں موجود حیاتین اور معدنیات عوارضِ قلب سے متاثر ہونے کے امکانات کم کر دیتے ہیں

منگل 21 فروری 2023

نسرین شاہین
چلغوزہ،جسے انگریزی میں Pine Nut کہا جاتا ہے،ایک قوت بخش اور مزے دار میوہ ہے۔چلغوزہ شمالی پاکستان،افغانستان اور شمالی مغربی بھارت میں اُگنے والے صنوبر کی قسم کا ایک درخت ہے۔اس کے بیج انتہائی لذیذ ہوتے ہیں۔یہ درخت عموماً دیودار کے درختوں کے ساتھ پایا جاتا ہے۔پاکستان کے جنگلات کا 20 فیصد حصہ چلغوزے کے درختوں پر مشتمل ہے۔
پاکستان میں گلگت بلتستان،خصوصاً دیا میر،خیبرپختونخوا میں چترال،شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں ژوب میں چلغوزے کے درخت پائے جاتے ہیں،جن سے اعلیٰ قسم کے چلغوزے حاصل ہوتے ہیں۔چلغوزے کے درخت کی لمبائی درمیانی ہوتی ہے اور عام طور سے خشک منطقوں میں 1800 تا 3000 میٹر کی بلندی پر اُگتا ہے۔ویسے تو چلغوزے کی پیداوار کے حوالے سے پاکستان کا شمار دنیا کے اہم ممالک میں کیا جاتا ہے،مگر افسوس کہ کچھ عرصے سے قیمت میں اضافے کے سبب یہ عام پاکستانیوں کی پہنچ سے دُور ہی ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم،اس ضمن میں ماہرین کا کہنا ہے کہ چلغوزے کے درخت کا پھل (Cones) ہر سال ہی پکتا ہے،لیکن اسے مکمل طور پر پکنے میں دو سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس کی قیمت میں اُتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔یعنی ایک سال قیمت میں کمی واقع ہوتی ہے،تو اگلے برس بڑھ جاتی ہے۔ماہرین کے مطابق چلغوزے کا شمار زیادہ حرارے والی غذاؤں میں کیا جاتا ہے۔چلغوزوں میں حیاتین،معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں،جو ہماری صحت پر مفید اثرات مرتب کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ چلغوزے میں اولیک ایسڈ (Oleic Acid) بھی پایا جاتا ہے،جو ایل ڈی ایل کم کر کے ایچ ڈی ایل یعنی اچھے کولیسٹرول کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے۔اگر اس میوے کو روزانہ کی خوراک میں شامل کر لیا جائے،تو اس میں موجود حیاتین اور معدنیات عوارضِ قلب سے متاثر ہونے کے امکانات کم کر دیتے ہیں۔
چلغوزوں میں ایسے اجزاء بھی پائے جاتے ہیں،جو یادداشت بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
فولاد سے بھرپور ہونے کی وجہ سے چلغوزہ خون کی کمی بھی پوری کرتا ہے۔دیگر خشک میوہ جات کی طرح چلغوزوں میں بھی حیاتین ای وافر مقدار میں پائی جاتی ہے۔یہ ایک طاقتور لیپڈ سلوبل اینٹی آکسیڈنٹ (Lipid Soluble Antioxidants) ہے،جو قوتِ مدافعت مضبوط کرتا ہے۔چلغوزے میں شامل مفید چکنائی،زنک،میگنیشیم،پروٹین اور ریشے کا توازن خون میں شوگر کی مقدار مستحکم رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
چلغوزے میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈ دماغ میں خلیات کی تعمیر اور مرمت میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔
چلغوزوں سے کشید کیا گیا تیل حساس جلد کے لئے مفید ہے،تو مساج تھراپی میں بھی موٴثر ثابت ہوتا ہے۔اس کے علاوہ چلغوزے کا تیل جلدی مسائل جیسے خارش،چنبل،مسے،دانے،ایگزیما اور زخم وغیرہ کے علاج کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔چلغوزے اور ناریل کے تیل سے تیار کیے جانے والا اسکرب جلد کے مُردہ خلیات ختم کر کے جلد تروتازہ و شاداب بناتا ہے۔نیز،اپنی بہترین موئسچرائزنگ خصوصیات کی وجہ سے جلد کی نمی برقرار رکھتا ہے۔یہ تیل بالوں کے لئے بھی مفید ہے،خاص طور پر جن افراد کے بال گرتے یا پتلے ہوں،وہ اگر روزانہ اس تیل کی مالش کریں تو فائدہ ہو گا۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj