Chinese Adviya - Elaaj Bazariya Ghiza - Article No. 2276

Chinese Adviya - Elaaj Bazariya Ghiza

چینی ادویہ ․․․․ علاج بذریعہ غذا - تحریر نمبر 2276

چین میں بہترین و صحت مند غذائیں دواؤں کا بہترین نعم البدل سمجھی جاتی ہیں

بدھ 20 اکتوبر 2021

روایتی چینی دواؤں کے معالج معمولی امراض کا صرف غذاؤں میں ردو بدل کرکے علاج کر دیا کرتے ہیں اور اگر مرض قدیم اور پیچیدہ ہو تو ایسی صورت میں خوراک کے ساتھ ساتھ جڑی بوٹیاں‘مساج اور ایکیوپنکچر وغیرہ ہی آزمایا جاتا ہے۔چین میں اچھی اور صحت مند غذائیں اچھی دواؤں کا بہترین نعم البدل سمجھی جاتی ہیں۔آیورودیک کے ماہرین کی طرح اس طریقہ علاج کے ماہرین کا بھی یہ خیال ہے کہ خوراک ہی ہماری توانائی کا ذریعہ ہے اور ہم جب مختلف قسم کی خوراک لیتے ہیں تو توانائیوں کے دھارے ہمارے وجود میں شامل ہوتے چلے جاتے ہیں۔
چینی مفکرین نے خوراک کو تین حصوں میں تقسیم کیا ہے۔
1۔گرم کھانے (یانگ): یہ کھانے بدن کو حرارت پہنچاتے ہیں اور اعصاب کو متحرک رکھتے ہیں۔مثال کے طور پر پکے ہوئے پھل اور سبزیاں‘خشک میوے‘گاجر‘پیاز‘ادرک‘لہسن‘دلیہ‘گوشت اور کچھ مچھلیاں‘سورج مکھی کے بیج‘سیاہ مرچ‘چاکلیٹ‘کافی وغیرہ۔

(جاری ہے)


2۔ ٹھنڈی غذائیں (ین): یہ غذائیں پُرسکون ہوتی ہیں اور بدن میں سرد عناصر کو متحرک کرتی ہیں۔

مثال کے طور پر تازہ پھل اور سبزیاں‘ سلاد‘کولی فلاور‘کارن‘پالک‘چاول‘تربوز‘گندم‘اسکواش‘خربوزہ‘بارلی وغیرہ۔
3۔ مرطوب غذائیں یہ غذائیں بلغمی مزاج کے بدن میں تناسب کو بگاڑ دیتی ہیں۔مثال کے طور پر کیلے‘پنیر‘دودھ اور دہی یہ غذائیں خراب اور بارش زدہ موسم میں استعمال نہیں کرنی چاہیں۔
اب تینوں قسم کی غذاؤں کی خاصیت آپ پر اثر انداز ہوا کرتی ہے۔
جیسے اگر آپ سستی‘کمزوری‘تھکان‘اُداسی اور ڈپریشن وغیرہ محسوس کر رہے ہیں تو اس وقت یانگ غذائیں آپ کو پُرجوش اور متحرک کر دیتی ہیں۔اس کے برعکس اگر آپ غصے میں ہیں۔جذبات بھڑکے ہوئے ہیں۔بہت گرمی محسوس کر رہے ہیں یا اسی قسم کی دوسری علامات ہیں تو اس وقت ین غذائیں آپ کے کام آسکتی ہیں۔
یہ غذائیں آپ کو معتدل اور پُرسکون کر دیتی ہیں۔
اس کے علاوہ صورتحال چاہے جو بھی ہو یہ طریقہ علاج زیادہ کھانے سے منع کرتا ہے۔ یعنی اتنا کھایا کریں کہ پیٹ کا ایک گوشہ خالی رہے۔یہ سسٹم یہ بھی دیکھتا ہے کہ آپ کے جسم کا مزاج کیسا ہے (بہت سے لوگوں کا مزاج بلغمی‘ کچھ کا بادی اور کچھ کا گرم اور سرد ہوا کرتا ہے) یہ سسٹم اس بات پر زور دیتا ہے کہ آپ اپنے جسم کے مزاج کے مطابق عمل کیا کریں۔
یعنی آپ کا لائف اسٹائل آپ کے بدن کے مزاج کے مطابق ہو۔
مثال کے طور پر اگر آپ گرم مزاج کے ہیں تو آپ کو ٹھنڈی غذائیں کھانی چاہیں۔اسی طرح اگر سرد مزاج ہے تو گرم تاثر رکھنے والی خوراک استعمال کیا کریں۔ایک اچھا معالج آپ کے مزاج کا تجزیہ کرکے آپ کو یہ بتا سکتا ہے کہ آپ کا کیا مزاج ہے۔لیکن آپ اپنے طور پر بھی اپنا جائزہ لے کر اس بات کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj