Choti Si Sabzi K Faide Bare - Article No. 1655

Choti Si Sabzi K Faide Bare

چھوٹی سی سبزی کے فائدے بڑے - تحریر نمبر 1655

سبز مرچ پاکستان اور ہندوستان میں مزے لے لے کر کھائی جاتی ہے۔

بدھ 21 اگست 2019

عذر اخان
سبز مرچ پاکستان اور ہندوستان میں مزے لے لے کر کھائی جاتی ہے۔دوپہر کا کھانا ہو یا رات کا ،دستر خوان پر اس کی موجودگی ضروری ہے۔بہت سے افراد سبز مرچ کی چٹنی شوق سے کھاتے ہیں ۔یوں تو سبز مرچ دیکھنے میں بڑی بھلی اور بہت خوب صورت نظر آتی ہے، لیکن کھانے سے پتا چلتا ہے کہ اس کا ذائقہ کتنا تیز ہے۔اگر اسے کھانے میں شامل نہ کیا جائے تو کھانا بد ذائقہ سا محسوس ہونے لگتاہے۔

کم افراد ہی جانتے ہیں کہ سبز مرچ پکی ہوئی نہیں ہوتی۔جب مرچ نا پختہ حالت میں توڑ لی جائے تو وہ سبز مرچ کہلاتی ہے ۔پختہ مرچ کا رنگ عام طور پر سرخ ہوتا ہے۔سبز مرچ ہر قسم کے کھانوں میں شامل کی جا سکتی ہے،مثلاً دال ،حلیم ،سبزی اور گوشت وغیرہ ۔یہ گھر بھر کی پسندیدہ سبزی ہے۔

(جاری ہے)

اس میں حیاتین ج (وٹامن سی)کی کافی مقدار پائی جاتی ہے۔حیاتین ج ہماری جلد کے لیے بہت مفید ہے۔

اس سے جلد تروتازہ رہتی ہے۔
ایسے افراد جن کی جلد کو کسی وجہ سے نقصان پہنچ چکا ہو،وہ اپنے کھانوں میں ایسے پھل اور سبزیاں شامل کریں،جن میں حیاتین ج کی مقدار زیادہ ہو۔سبز مرچ بھی ایسی ہی ایک سبزی ہے،جس میں حیاتین ج کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
سبز مرچ میں حیاتین الف (وٹامن اے)بھی ہوتی ہے،جو ہماری بینائی کے لیے بہت مفید ہے۔جن افراد کی نظر کمزور ہو ،انھیں ایسی سبزیاں اور پھل کھانے چاہییں،جن میں حیاتین الف کی مقدار زیادہ ہو۔
اس فہرست میں سبز مرچ بھی آتی ہے۔
اس کے علاوہ سبز مرچ میں حیاتین ب6(وٹامن بی6،)،پوٹاشیئم،نشاستہ(کاربوہائیڈریٹ)اور لحمیات(پروٹینز)بھی پائی جاتی ہیں۔سبزمرچ میں پائے جانے والے تمام اجزاء ہماری صحت کے لیے مفید ہیں ،اس لیے ضروری ہے کہ ہم اس سبزی میں پائے جانے والے قدرتی اجزاء سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور اسے اپنے روز مرہ کے کھانوں میں ضرور شامل کریں۔

سبز مرچ انسانی جسم میں پہنچ کر ہمارے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے۔اگر اسے سلاد کے طور پر کھایا جائے تو یہ نظام ہاضمہ کو بہتر بناتی ہے ۔سبز مرچ کو کبھی ہاتھ میں پکڑ کر نہ کاٹیں ،بلکہ ماربل یا لکڑی کے تختے پر رکھ کر کاٹیں،اس طرح خواتین سبز مرچ کاٹنے سے ہونے والی جلن سے بچ سکتی ہیں۔
ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ ہری مرچ کھانے سے آپ کا مزاج خوش گوار رہتا ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ہری مرچ کھانے سے ہمارا جسم اینڈورفن(ENDORTHIN)نامی ہارمون خارج کرتا ہے۔یہ ہارمون ہمارے دماغ پر مثبت اثر ڈالتا ہے،جس کی وجہ سے ہمارا مزاج اچھا رہتاہے۔
سبز مرچ کے فائدے
چہرے سے جھریوں کا خاتمہ کرتی ہے۔
پھیپڑوں کے سرطان میں سبز مرچ کھانا مفید ہے۔
ہماری ہڈیوں کو مضبوط کرتی ہے۔
اس کے کھانے سے بڑھتی عمر کے اثرات دیر سے ظاہر ہوتے ہیں۔

قبض کی شکایت نہیں ہوتی۔
یہ سبزی افعال کو درست رکھتی ہے۔
ہیضہ ہو جانے کی صورت میں ہری مرچ کھائی جائے تو افاقہ ہوتاہے۔
ہماری جلد کے لیے بھی مفیدہے۔
سردی کے موسم میں ٹھنڈک سے بچاتی ہے۔
کھانا ہضم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
سبز مرچ ہمارے جسم سے فالتو چربی بھی کم کر دیتی ہے ،جس سے وزن میں کمی ہوتی ہے۔
ہمارے جسم میں موجود بافتیں(ٹشوز)اسے کھانے سے بہتر طور پرکام کرتی ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj