Citrus Family - Article No. 2574

Citrus Family

سیٹرس فیملی - تحریر نمبر 2574

وٹامن سی کا خزانہ۔ترش رسیلے پھلوں کا خاندان

منگل 8 نومبر 2022

سیٹرس فیملی Citrus Family ترش اور رسیلے پھلوں کے اس خاندان کو کہا جاتا ہے جس میں سنگترے،کنو،نارنگی،فروٹر،موسمی اور مالٹا وغیرہ شامل ہیں۔ان پھلوں کا استعمال انسانی صحت کے لئے کئی اعتبار سے مفید ہے۔سنگترے اور گریپ فروٹ وغیرہ غذائی اعتبار سے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں یہ پوٹاشیم اور سوڈیم کی فراہمی کا قدرتی ذریعہ بھی ہیں۔آئیے ایک جائزہ لیتے ہیں کہ ان رسیلے،ترش اور رغبت کے ساتھ کھائے جانے والے پھلوں میں انسانی صحت کے لئے کیا کچھ موجود ہے۔

وٹامن سی
رسیلے اور ترش پھلوں کا سب سے اہم جز وٹامن سی ہے۔یہ زخموں کو مندمل کرنے میں بھی معاون ہے۔مائع تکسید ہونے کی وجہ سے وٹامن سی ایسے خطرناک سالموں،ذرات اور مرکبات کے اوپر حملہ آور ہوتی ہے جو کہ مختلف نوعیت کے سرطان،دل کی بیماریوں اور امراض چشم کا سبب بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وٹامن سی صحت مند جلد اور مسوڑھوں کے لئے بھی ایک اہم غذائی جز ہے۔

ایک عام اندازے کے مطابق درمیانے سائز کا سنگترہ یا نارنگی 70 ملی گرام وٹامن سی فراہم کرنے کے لئے کافی ہے۔
فولی ایٹ
وٹامن بی کمپلیکس کا ایک اہم جز فولی ایٹ ہے انسانی جسم میں یہ کئی قسم کے کردار ادا کرتا ہے جیسے کہ خون میں پختہ سرخ خلیوں کی افزائش اور انیمیا کے خلاف حفاظت۔غذا میں فولی ایٹ کی مناسب مقدار ہونا انتہائی ضروری ہے۔

پوٹاشیم
کچھ رسیلے اور ترش پھلوں خصوصاً سنگترے میں پوٹاشیم پایا جاتا ہے۔اس کے سبب جسم میں فلوئیڈ کا توازن برقرار رہتا ہے۔نمکیات اور پانی کی کمی نہیں ہو پاتی۔چائے اور کافی کے استعمال سے پیدا شدہ مضر اثرات کو دور کرنے میں پوٹاشیم کا انتہائی اہم کردار ہے یہ انسان کو عارضہ قلب اور اسٹروکس سے محفوظ رکھتا ہے۔

ریشہ
رسیلے اور ترش پھل غذائی ریشے کی فراہمی کا بھی اہم ذریعہ ہیں ان میں حل ہو جانے والا ریشہ بھی شامل ہے۔ریشہ دراصل نظام ہضم اور متغیر مقداروں کے مسلسل اخراج میں مددگار ہے یہ خون میں کولیسٹرول لیول میں بھی کمی لاتا ہے۔
آئرن کی قلت
آج کل آئرن کی کمی کی شکایت عام ہو چلی ہے خاص طور پر لڑکیوں،نوجوان خواتین،ایتھلیٹس اور سبزی کھانے والے افراد میں ۔
موسمی،سنگترے اور گریپ فروٹ کا استعمال کیا جائے تو جسم کو سبزیوں اور جڑی بوٹیوں سے آئرن جذب کرنے میں مدد مل سکتی ہے جیسے کہ اگر ایک گلاس اورنج جوس پیا ہو اور پھر پالک کی سلاد کھائیں تو جسم پالک میں موجود آئرن کو زیادہ بہتر طور پر جذب کرے گا۔
سرطان سے حفاظت
ترش اور رسیلے پھل وٹامن سی کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں۔
ان سے ریشہ اور فولی ایٹ جیسے مرکبات بھی حاصل ہوتے ہیں۔یہ صحت مند غذا کا حصہ بن جائیں تو سرطان کے خلاف موٴثر جنگ کر سکتے ہیں۔
امراضِ قلب
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق پھل،سبزیاں،ترش اور رسیلے پھل اور ان کے جوس امراضِ قلب کے خلاف موٴثر دفاع کر سکتے ہیں۔ترش پھلوں میں حل پذیر ریشہ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ صحت مندانہ کولیسٹرول لیول کو قائم رکھتا ہے۔
یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ترش پھلوں میں چکنائی اور کولیسٹرول نہیں ہوتے جبکہ یہ وٹامن سی کی وجہ سے مائع تکسید عمل کو بھی روکتے ہیں جس کے سبب امراضِ قلب کے خطرات میں کمی واقع ہوتی ہے۔ایک حالیہ تحقیق بتاتی ہے کہ فولی ایٹ کی موجودگی بھی نہ صرف دل کے امراض بلکہ کئی قسم کے سرطان سے بچاتی ہے۔
حاملہ خواتین کے مسائل و پیچیدگیاں
ترش اور رسیلے پھلوں میں موجود ایک جز فولی ایٹ حاملہ خواتین کو دوران پیدائش متعدد قسم کی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

وزن میں کمی
ایسے لوگ جو کہ وزن میں کمی کی کوشش کر رہے ہیں انہیں ترش پھل استعمال کرنا چاہیے۔ترش پھلوں میں حراروں کی مقدار کم ہوتی ہے جیسے کہ ایک درمیانے سائز کا سنگترہ تقریباً ساٹھ حرارے فراہم کر سکتا ہے۔ترش اور رسیلے پھلوں کا استعمال بھوک کو مٹاتا ہے اور ضرورت سے زائد کھانے سے محفوظ رکھتا ہے۔
ٹھنڈ کا شافی علاج
یہ بات عام ہے کہ وٹامن سی عام ٹھنڈ کا ”معجزاتی علاج“ ہے۔
ایسے لاتعداد ثبوت سامنے آ چکے ہیں کہ وٹامن سی سے ٹھنڈ کی شدت اور اس کے دورانیے میں تخفیف کی جا سکتی ہے۔ترش پھلوں میں بعض ایسے لازمی مرکبات کے علاوہ غذائیت بھی موجود ہوتی ہے جو کہ انسانی صحت کو بیماریوں سے بچاتی ہے۔نباتاتی کیمیکلز کی فراہمی بھی سنگترے اور گریپ فروٹ کا استعمال کرکے ممکن ہو سکتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj