Coriander - Article No. 2242

Coriander

دھنیا - تحریر نمبر 2242

یہ میدانوں سے زیادہ پہاڑی علاقوں میں کاشت ہوتا ہے

بدھ 8 ستمبر 2021

دھنیا ایک مصالحہ دار پودا ہے جو ہر زمیندار ذاتی ضرورت کے لئے کاشت کرتا ہے۔یہ میدانوں سے زیادہ پہاڑی علاقوں میں کاشت ہوتا ہے اور بھرپور فصل دیتا ہے۔میدانوں میں یہ ستمبر تا دسمبر اور مارچ سے مئی تک پہاڑوں میں کاشت ہوتا ہے۔اسے سالن میں خوشبو پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
سر درد اور دل کی دھڑکن
سبز اور خشک دونوں حالتوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
اس کا مزاج سرد ہے۔دل و دماغ کو طاقت اور ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔سر درد‘دل کی دھڑکن کے لئے مفید ہے۔معدہ کو طاقت دیتا ہے اور دستوں کی بندش کرتا ہے۔
قے و ہاتھ پاؤں کی جلن
خشک دھنیا چوستے رہنے یا دھنیا گھوٹ کر مصری ملا کر پینے سے یا تازہ دھنیا کا رس پینے سے قے کو آرام آتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر کسی وجہ سے جسم میں گرمی ہو گئی ہو‘ہاتھ پاؤں جلتے ہوں‘جسم سے چنگاریاں نکل رہی ہوں‘تو سبز دھنیا کا رس مصری ملا کر یا خشک دھنیا کوٹ کر مصری ملا کر پئیں ۔

انشاء اللہ جسم کی تمام گرمی دور ہو جائے گی۔
درد سر کا علاج
تازہ دھنیا کا رس ماتھے اور سر میں ملنے سے گرمی کا سر درد‘سر چکرانا اور آنکھوں کے آگے اندھیرا آنا دور ہو جاتا ہے۔سبز دھنیا نہ ملے تو خشک دھنیا کو پانی میں گھوٹ کر لیپ کر سکتے ہیں۔
نکسیر کے علاج
گرمی کے ایام میں نکسیر آنے پر تازہ دھنیا کا رس ناک میں بطور نسوار سونگھنے سے ناک سے خون آنا بند ہو جاتا ہے۔

جلدی امراض و ضعف دماغ
اس کا تیل جلدی امراض کے لئے اور گرمی ضعف دماغ کے لئے مفید ہے۔یہ بھوک لگاتا ہے اور پیٹ کے کیڑے مارتا ہے۔
بدبوئے دہن کا علاج
اسے چبانے سے منہ کی بدبو دور ہو جاتی ہے۔سر اور پیٹ کی گرمی کو رفع کرتا ہے۔روغن گل یا دودھ میں دھنیے کے تازہ پتوں کا رس ملا کر لگائیں انشاء اللہ ٹیسیں دور ہو جائیں گی۔

ورم اور خنازیر کا علاج
اس کا رس سرکہ میں ملا کر لگانے سے ورم دور ہو جاتا ہے۔خنازیر کے لئے اس کے تازہ پتے روغن گل کے ساتھ لگانے سے فائدہ مند ہیں۔ جن دیہات کے گرد دھنیا کی شکایت ہوتی ہے وہاں کے باشندے بہت سے امراض سے محفوظ رہتے ہیں۔اس کی خوشبو فضا میں مل کر بہت سی بیماریوں سے بچاتی ہے۔
دل کی دھڑکن کے لئے
دھنیا کا استعمال سبزی میں اور سادہ‘دل کی دھڑکن کے لئے بے حد مفید ہے۔

ہاتھ پاؤں کا جلنا
جسمانی گرمی جس سے ہاتھ پاؤں جلتے ہوں‘اس حالت میں دھنیا کا رس خشک دھنیا گھوٹ کر مصری ملا کر پینے سے جسمانی گرمی دور ہو جاتی ہے۔
گیس و امراض معدہ
گیس ٹربل اور امراض معدہ کے لئے دودھ‘دھنیا 3/4 حصہ‘کالی مرچ اور نمک حسب ذائقہ ملا کر صبح و شام استعمال کریں۔دھنیا یا سونف ہم وزن ملا کر کھائیں۔

جریان کا علاج
خشک دھنیا چھ ماشہ میں مصری ملا کر روزانہ کھائیں۔اس سے جریان اور احتلام بند ہو جائے گا۔
ہچکی کا خاتمہ
خشک دھنیا تمباکو کی مانند چلم میں ڈال کر اس پر آگ ڈال کر کش لگائیں انشاء اللہ ہچکی کو آرام آجائے گا۔
قے روکنا
اگر قے کی شکایت ہو تو دھنیا گھوٹ کر مصری ملا کر پئیں‘چوسیں یا پھر رس نکال کر پئیں انشاء اللہ قے کو آرام آجائے گا۔
منہ کے چھالے
اگر منہ اور زبان میں چھالے ہو جائیں تو پسا ہوا دھنیا چوسیں۔ایک دو دن میں افاقہ ہو گا۔دھنیا کا تیل بے شمار امراض کے لئے مفید ہے۔ طبیعت کو ہشاش بشاش رکھتا ہے اور دماغ کی ٹھنڈک کا علاج بھی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj