Cucumber Ke Faide - Article No. 2176

Cucumber Ke Faide

کھیرے کے فائدے - تحریر نمبر 2176

کھیرا نہ صرف معدے کی صفائی،ہاضمے کی درستی اور معدے سے تیزابیت ختم کرتا ہے،بلکہ یہ بہترین قبض کشا بھی ہے

پیر 14 جون 2021

کنزا زاہد یار خان
اللہ تعالیٰ نے دنیا میں بے شمار پھل اور سبزیاں پیدا کی ہیں،جنھیں ہم نہ صرف غذا کے طور پر کھاتے ہیں،بلکہ اُن سے شفا بھی حاصل کرتے ہیں۔کم و بیش تمام پھلوں اور سبزیوں میں صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں،جو ہماری صحت کے لئے انتہائی ضروری ہوتے ہیں۔ ایسی ہی ایک سبزی کھیرا بھی ہے،جو ٹھنڈی تاثیر کی حامل ہے۔
کھیرا نہ صرف انتہائی خوش ذائقہ ہوتا ہے،بلکہ اُس کا بیشتر حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے۔ گرمیوں کے موسم میں کھیرے کا کثرت سے کھانا جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے اور جلد کو بھی تروتازہ اور شاداب رکھتا ہے۔اس مفید صحت سبزی میں جسم کے لئے ضروری حیاتین،مثلاً حیاتین ک،ب اور ج (وٹامنز کے،بی اور سی) ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ اس میں کاپر (تانبا)،فاسفورس،پوٹاشیم اور میگنیزیئم کی کثیر مقدار بھی پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

کھیرے میں انتہائی کم حرارے (کیلوریز) ہوتے ہیں،جس کی وجہ سے یہ وزن کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔موٹاپے کے شکار افراد،جو اپنا وزن کم کرنے کے خواہش مند ہوں،انھیں چاہیے کہ وہ روزانہ کھیرا کھائیں۔
کھیرا نہ صرف معدے کی صفائی،ہاضمے کی درستی اور معدے سے تیزابیت ختم کرتا ہے،بلکہ یہ بہترین قبض کشا بھی ہے۔یہ جسم کو ٹھنڈا رکھتا ہے اور سرطان جیسے موذی مرض سے بھی بچاتا ہے۔

ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا افراد اپنے مرض پر قابو پانے کے لئے بھی اسے کھا سکتے ہیں۔یہ افراد کھیرے کو سلاد میں شامل کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ کھیرے کا رس بھی ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے کافی فائدہ مند ہے۔یہ رس کھیرے کے ساتھ تھوڑی سی ادرک،لیموں اور شکر شامل کرکے بنایا جا سکتا ہے،البتہ ذیابیطس کے مریض اس میں شکر شامل نہ کریں۔

کھیرے کو چھلکے سمیت کھانا زیادہ فائدہ مند ہے۔اس میں جسم کو لُو سے بچانے،درجہ حرارت کو معتدل رکھنے اور جلد کی خرابیوں کو دور کرنے کی زبردست صلاحیت موجود ہوتی ہے۔عام طور پر کھیرے میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے،اس لئے یہ جسم کو اندر سے صاف کرنے کے ساتھ جلد کو باہر سے تروتازہ اور شاداب بناتا ہے۔آنکھوں کے گرد پڑنے والے حلقوں سے نجات کے لئے بھی کھیرے کے ٹکڑے آنکھوں پر رکھے جاتے ہیں،جو مفید ثابت ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ اس کی لگدی (پیسٹ) بنا کر چہرے پر استعمال کی جاتی ہے،جس سے چہرہ پُرکشش اور خوبصورت ہو جاتا ہے۔
کھیرا دنیا کے بیشتر ممالک میں بڑے شوق سے کھایا جاتا ہے۔بہترین کھیرا پکا ہوا ہوتا ہے۔یہ جسم کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔کھیرا کھانے سے معدے اور آنتوں کی سوزش ختم ہو جاتی ہے۔اس کے علاوہ یہ مثانے کی گرمی اور جلن کو بھی دور کرتا ہے۔یرقان کے مرض میں کھیرا کھلانے سے فائدہ ہوتا ہے۔غدہ قدامیہ (پروسٹیٹ گلینڈ) کے مریضوں کے لئے کھیرا مفید ہے۔روزانہ دو کھیرے کھانے سے جسمانی کمزوری جاتی رہتی ہے۔اگر اس کے چھلکے کو پیس کر ایسے شخص کو کھلائیں،جس کو کتے نے کاٹ لیا ہو تو فائدہ ہوتا ہے۔کھیرے کو اپنی روزانہ کی غذاؤں میں شامل کر لیجیے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj