Folad Si Taqat Ka Izhar - Pomegranate - Article No. 2138

Folad Si Taqat Ka Izhar - Pomegranate

فولاد سی طاقت کا اظہار․․․انار - تحریر نمبر 2138

یہ امراض قلب کا علاج بھی ہے

جمعہ 23 اپریل 2021

انار کے موسم میں اس پھل سے فیض نہ پایا تو جانئے آپ نے اپنے ہاتھوں صحت تباہ کی۔صدیوں پرانی تاریخ کے اوراق پلٹئے تو اہل یونان اور مصریوں کے دسترخوانوں پر انار اور انار دانے کسی نہ کسی شکل میں موجود ہوتے تھے۔یہ لوگ طب جدید سے واقف نہ تھے مگر یہ جانتے تھے کہ انار معدے کی کمزوری اور تولیدی صحت پر نہایت خوشگوار اثر مرتب کرتا ہے۔اس لئے حکماء نے بھی تحقیق کے بعد انار کو کمزوری اور جگر کے لئے مفید قدرتی دوا قرار دیا۔

میٹھا انار سرد تر اور کھٹا انار سرد اور خشک ہوتا ہے لہٰذا کوشش کریں کہ انار میٹھا ہی کھایا جائے۔یہ قدرے قابض ضرور ہوتا ہے لیکن خون بھی صاف کرتا ہے۔پیاس اور بے چینی کو ختم کرتاہے۔گرمی دور کرنے کے لئے اور خاص کر اینٹی بائیوٹکس ادویات کے استعمال کے ساتھ ساتھ استعمال کرنا بے حد مفید ہوتا ہے۔

(جاری ہے)


اگر آپ وزن کم کرنے کی خواہشمند ہیں تو 100 گرام انار کھا لینا بھی نقصان دہ نہیں ہو گا گوکہ اس طرح آپ نے 100 کاربوہائیڈریٹس کی مقدار زیادہ لی تاہم صرف 83 کیلوریز ذخیرہ کر پائے۔

یہ کیلوریز آپ کو تازہ دم اور متحرک رکھیں گی اور آپ دن بھر خود کو چست و چالاک پائیں گے۔
انار میں موجود فائبر آپ کو بہت دیر تک بھوک کا احساس نہیں ہونے دیتا۔یہ آپ کے میٹابولک ریٹ میں اضافہ کر دے گا۔
اس میں سیچوریٹڈ فیٹس موجود نہیں لہٰذا جسم میں چربی کے جمع ہونے کا قطعی اندیشہ نہیں۔
یہ قوت مدافعت بڑھا کر جلدی امراض خاص کر نوجوان لڑکیوں لڑکوں کے کیل مہاسوں اور گرتے بالوں کا قدرتی اور محفوظ تر علاج بھی ہے۔

وٹامن C کی وجہ سے توانائی بڑھتی ہے اور اس میں موجود وٹامن E کے سبب جلدی امراض لاحق نہیں ہوتے۔جلد تروتازہ‘چمکدار اور صحت مند نظر آتی ہے۔غرضیکہ قدرتی رعنائی عطا کرنے والا یہ پھل جسم کے آلودہ اور فاسد مواد کو خارج کر دیتا ہے۔
جلد کو توانا کرنے کے ساتھ ساتھ بالوں کی جڑوں کو مضبوط تر بناتا ہے۔اس کے لئے انار کا تیل بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایک انار میں سبز چائے کے مقابلے میں کہیں زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔یہ بات تحقیق کے ایک جدید مطالعے میں سامنے آئی ہے۔اسی طرح بڑی آنت کے کینسر‘پروسٹیٹ اور بریسٹ کینسرز سے بھی روک تھام کرتاہے۔
الاجک ایسڈ کی وجہ سے جلد کے کینسر سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ فولاد کی طاقت رکھنے والا پھل جہاں دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے وہیں خون کی کمی دور کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
لہٰذا کئی ماں بننے والی جن خواتین کو آئرن سپلیمنٹ تجویز کیا جاتا ہے وہ روزانہ ایک انار کھا کر بھی اپنی اس کمی پر قابو پا سکتی ہیں۔زچگی کے دوران جسم پر ہونے والی خارش میں بھی انار کی افادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
آئرن یعنی فولاد ہماری یادداشت کو قوت بخشتا ہے اور سوچ کر مرتکز کرنے میں مدد دیتا ہے۔انار کے متبادل گوشت اور پالک ہو سکتے ہیں لیکن ان دونوں اجزاء میں جلدی امراض کے خلاف مزاحمت کے امکانات کم ہیں۔

انار کولیسٹرول گھٹانے میں مدد دیتا ہے۔یہ نباتاتی پروٹین کے حصول کا ذریعہ بھی ہے۔انار کا ہر دانہ دل کے لئے شفاء بن جاتا ہے۔انجائنا کے مریضوں کے لئے ایک مٹھی انار دانہ آدھے لیٹر پانی میں 10 منٹ جوش دے کر اس کا جوشاندہ تیار کیا جاتا ہے اور بیجوں کو نچوڑ کر چھان لیا جاتا ہے۔ماہر امراض قلب ڈاکٹر سید زائر حسین رضوی کے تجربے کے مطابق یہ جوشاندہ انجائنا کے مریضوں کو نہار منہ پینے کے لئے دیا گیا۔
خشک انار دانے کے اس جوشاندے نے جادو کی طرح اپنا کام کر دکھایا۔مریضوں نے سینے میں گھٹن‘تنگی‘بوجھل پن اور درد کو ختم ہوتے محسوس کیا۔بقول ڈاکٹر زائر کے انہوں نے انار دانے کے جوشاندے کو انجائنا کے علاوہ خون کی بند رگوں والے مریضوں پر بھی آزمایا اور پھر جوشاندے کا سلسلہ منقطع کرکے ایک سال تک روزانہ ایک گلاس تازہ انار کا جوس پینے کا تجربہ کیا اس کے استعمال سے معجزانہ طور پر مرض کی علامات دور ہو گئیں اور مریض کی رگوں میں بلاک جمع ہونے کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہو گیا اور بند رگیں کھل گئیں جس کا ثبوت انجیوگرافی سے مل گیا۔

انار کے جوس سے خون پتلا ہوتا ہے اور LDL یا مضر قلب کولیسٹرول کی سطح کم ہو کر HDL یعنی مفید قلب کولیسٹرول کی سطح بڑھ جاتی ہے۔ خون کے تھکے (Clots) گھل جاتے ہیں۔اس طرح شریانیں کھلی اور لچکدار ہو جاتی ہیں اور خون روانی سے گردش کرنے لگتا ہے لہٰذا انار کھائیے اور پھر اس کے حیرت انگیز فوائد حاصل کیجئے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj