Green Apple - Ziyada Mufeed - Article No. 1988

Green Apple - Ziyada Mufeed

ہرا سیب زیادہ مفید - تحریر نمبر 1988

سیب کا موسم تقریباً سارا سال ہی رہتا ہے

ہفتہ 24 اکتوبر 2020

ثروت ناز
سیب کا موسم تقریباً سارا سال ہی رہتا ہے،لیکن آپ جتنی بڑی تعداد سُرخ سیبوں کی بازار میں دیکھتے ہیں،اس سے بہت کم تعداد ہرے سیبوں کی نظر آتی ہے۔ ہرے سیب اتنے ہی غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں،جتنے سرخ سیب،فرق یہ ہے کہ ان کا مزہ تھوڑا سا مختلف ہوتا ہے۔ ہرے سیب کھانے میں کھٹے میٹھے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہرے سیب کی ایک خاصیت یہ ہے کہ اس کے فوائد زیادہ ہیں،یعنی اچھی صحت کے لئے یہ سرخ سیب کی نسبت زیادہ مفید مانا جاتا ہے۔
اس میں ریشہ (فائبر)،معدنیات(منرلز)اور حیاتین(وٹامنز)کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔
ہضم و جذب کا نظام درست
ہرے سیب میں ریشے کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ اسے چھلکوں سمیت کھانا چاہیے۔ ہرا سیب جگر اور ہضم و جذب کے نظام کو درست رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)


بیماریوں سے حفاظت
ہرے سیب میں چکنائی کی مقدار کم ہوتی ہے،جس کی وجہ سے جسم میں خون کی روانی بہتر رہتی ہے۔

خون کی روانی بہتر ہونے سے دل کی کئی بیماریوں سے انسان محفوظ رہتا ہے۔ ہرے سیب میں حیاتین زیادہ ہوتی ہیں۔ اس میں حیاتین ج(وٹامن سی)کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔ یہ حیاتین جلد کے سرطان کا خطرہ کم کر دیتی ہے۔ ہرا سیب روزانہ کھانے سے جلد شاداب اور تروتازہ رہتی ہے۔ اس میں حیاتین الف (وٹامن اے) بھی پائی جاتی ہے،جو بینائی کو بہتر کرتی ہے۔
ہڈیاں اور دانت مضبوط
ہرے سیب میں کئی قسم کی حیاتین اور معدنیات پائی جاتی ہیں۔
اس میں کیلسیئم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ روزانہ ایک ہرا سیب کھانے سے ہڈیاں اور دانت مضبوط ہو جاتے ہیں۔
جلد کی خوبصورتی و شادابی
ہرا سیب جلد کی خوبصورتی کے لئے بہت مفید ہے۔ یہ جلد کو پُرکشش اور شاداب بناتا ہے۔ اس کے علاوہ آنکھوں کے نیچے پڑنے والے حلقوں کو بھی ختم کرتا ہے۔ ہرے سیب سے مربا اور شربت بھی بنایا جاتا ہے۔
ہرا سیب بہت رس دار ہوتا ہے،اس لئے اگر کوئی فرد رس پینا چاہتا ہے تو اسے ہرے سیب کا رس پینا چاہیے۔ سرخ سیب میں رس کم ہوتا ہے۔
سیب کے فائدے
سیب مفرح قلب و دماغ ہے۔
یہ قلب کو طاقت دیتا ہے۔
دل کی گھبراہٹ دور کرنے کے لئے سیب یا اس کا مربا کھانا بہت مفید ہے۔اس کا مربا بھوک بڑھاتا ہے۔
اس میں حیاتین اور معدنیات کی زیادہ مقدار ہوتی ہے،جو صحت کے لئے بہت ضروری اور فائدہ مند ہے۔

سیب قدرے قابض ہوتا ہے،اس لئے اسے زیادہ مقدار میں نہیں کھانا چاہیے۔
یہ صالح خون پیدا کرتا ہے،بہ شرطے کہ صبح اور تیسرے پہر کھایا جائے۔
چہرے کا رنگ نکھارتا ہے۔
جگر کی اصلاح کرتا اور اسے طاقت دیتا ہے۔
معدے کے فعل کو درست رکھتا اور اُسے قوت بخشتا ہے۔
خفقان(ایک بیماری جس میں دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے)کو دور کرتاہے۔

سانس کی تنگی سے نجات دلاتا ہے۔
خشک کھانسی سے چھٹکارے کے لئے بے حد مفید ہے۔
قے اور متلی کو روکتا ہے۔
دماغی کام کرنے والوں کے لئے یہ قدرت کا بہترین تحفہ ہے۔
یہ جسم میں سرخ ذرات پیدا کرتا ہے۔
سیب کا رس پینے سے پیٹ اور انتڑیوں کے جراثیم مر جاتے ہیں۔
بچے کی پیدائش سے پہلے اگر حاملہ روزانہ سیب کھانے کو اپنا معمول بنالے تو بچہ صحت مند اور خوب صورت پیدا ہوتا ہے اور حاملہ مختلف بیماریوں سے بھی محفوظ رہتی ہے۔

سیب کا رس جوش دے کر اگر نشہ کرنے والے فرد کو تین چار روز تک(تقریباً ایک پاؤ روزانہ)پلایا جائے تو وہ نشہ چھوڑ دے گا۔یہ عمل کرنے سے پہلے بہتر ہو گا کہ کسی اچھے طبیب سے بھی مشورہ کر لیا جائے۔
ایک عدد سیب کو اچھی طرح سے چھیل کر اُس پر تھوڑا سا نمک چھڑک کر دو تین روز نہار منہ کھانے سے سر کا درد جاتا رہتا ہے،لیکن اگر درد ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے ہے تو اس نسخے پر عمل نہ کریں۔
سیب کو خوب اچھی طرح چبا کر کھانا چاہیے،اس سے دانت اور مسوڑے مضبوط ہو جاتے ہیں اور جسم میں چستی اور پھرتی بھی پیدا ہو جاتی ہے ۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj