Halwa Kaddu - Mazedar Sabzi - Article No. 2347

Halwa Kaddu - Mazedar Sabzi

حلوہ کدو ․․․ مزیدار سبزی - تحریر نمبر 2347

سالن پکایئے یا سبزی یہ ہر شکل میں مفید ہے

بدھ 12 جنوری 2022

آپ نے گھیا کدو،گول کدو اور سرخ کدو اکثر کھائے ہوں گے مگر حلوہ کدو بھی ہمارے یہاں کی ایک مفید اور مزیدار سبزی ہے۔کچھ گھرانوں میں اسے قاشیں بنا کے دار چینی،ادرک،جائفل اور لونگ پیس کر کچی حالت میں بھی کھایا جاتا ہے۔طب کی رو سے یہ سبزی جسم کی فالتو چربی گھلاتی ہے،بے خوابی کی شکایت بھی دور کرتی ہے اور جلد بھی نکھارتی ہے۔
حلوہ کدو گوشت میں سالن کی طرح بھی پکایا جاتا ہے اور سبزی کی شکل میں مٹر،گاجر اور ٹماٹر کے ساتھ بنتا ہے۔
آپ چاہیں تو اس سبزی کا صرف گودا الگ کرکے پیاز،لہسن اور ادرک کے ساتھ سادہ حالت میں بھی بنا سکتے ہیں۔
طبی فوائد
اس لذیذ سبزی کے بے شمار فوائد ہیں مثلاً یہ سستی دور کرتی ہے۔یہ ہڈیاں مضبوط کرتی ہے۔مختلف سرطانوں،نزلہ زکام اور متعدی امراض سے تحفظ ملتا ہے۔

(جاری ہے)

سبزی میں چونکہ فائبر ہوتا ہے تو اس سے خون میں شکر کا توازن بھی قائم رہتا ہے اور خراب کولیسٹرول بھی نہیں بڑھتا۔

اس سبزی میں اچھی چکنائی یعنی Monounsaturated Fatty Acids پائے جاتے ہیں جو دل اور شہہ رگ کو صحت مند رکھتے ہیں۔ Acids اس کے علاوہ ان کی موجودگی سے ہائی بلڈ پریشر بھی کم رہتا ہے۔یہ اندرونی اعضاء کے ورموں کو تحلیل کرتا ہے۔
حلوہ کدو کے بیج بھی فائدہ مند ہیں
جہاں یہ سبزی بچوں اور خواتین کے لئے عمدہ غذائیت رکھتی ہے وہیں بوڑھے مرد حضرات کی مخصوص بیماری پروٹیسٹ گلینڈ کی سوجن بھی دور کرتی ہے۔
حلوہ کدو کے بیج میں ایسے چربیلے تیزاب پائے جاتے ہیں جس سے بیٹا کیروٹین حاصل ہوتی ہے اس کی وجہ سے دل کی بیماریاں اور کینسر نہیں ہوتے۔کدو کے بیج کھانے سے مثانے کی سوزش ختم ہوتی ہے۔
کدو کے بیجوں کے فوائد
صحت بخش چکنائی،میگنیزیئم اور زنک حاصل ہوتے ہیں جو متعدد بیماریوں سے روک تھام کرتے ہیں۔ایک اونس 28 گرام کے برابر کدو کے بیج خشک حالت میں کھانے سے پروٹین ملتی ہے۔
اس ایک اونس میں 1.7 گرام فائبر،5 گرام کاربوہائیڈریٹس،اومیگا 6 فیٹی ایسڈز، وٹامن K،18 فیصد،فاسفورس 33 فیصد،میگنیز 42 فیصد،آئرن 23 فیصد،زنک 14 فیصد،کاپر 19 فیصد دستیاب ہو سکتے ہیں۔علاوہ ازیں پوٹاشیم،وٹامن B2 کی طبی افادیت کے ساتھ ساتھ طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس موجودہ ہیں۔یہ تمام اجزاء خون کی روانی فعال رکھتے ہیں۔دل کے دورے کے امکان معدوم ہوتے ہیں اور عضلات کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کو قوی تر رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
ذیابیطس کے مریضوں کو شکر کی سطح اعتدال میں رکھنے کے لئے دوا کے طور پر کھانے چاہئیں۔وزن کی زیادتی اور بے ڈول جسم رکھنے والوں کے لئے بھی بہترین غذا ہے۔مردوں میں کمزوریوں کو دور کرنے کے لئے زنک کو بطور سپلیمنٹ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔اگر وہ روزانہ مٹھی بھر یہ بیج کھا لیا کریں تو ایسے کئی مسائل سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔
بے خوابی دور کرنے کے لئے حلوہ کدو کی سبزی اور بیج انتہائی مفید ہیں۔
نیند کا سرکل اور دورانیہ بہتر کرنے کے لئے بھی حلوہ کدو کی سبزی اور بیج انتہائی مفید ہیں۔نیند کا سرکل اور دورانیہ بہتر کرنے کے لئے یہ بہتر غذائی تدبیر ہے کیونکہ ان میں Zinc Tryptophan اور میگنیزیئم اچھی نیند کا سبب بنتے ہیں۔
بچوں کو اسمودھیز اور دہی یا پھلوں کی چاٹ میں بیجوں کو چھیل کر شامل کیا جا سکتا ہے۔دنیا میں کئی جگہوں میں دلیوں،سلاد،سوپس (یخنیوں) کیک اور بسکٹس میں ان بیجوں کو شامل کیا جاتا ہے اور کچھ جگہوں پر ہلکی آنچ پر بھی ان بیجوں کو بھون کر کھانے کی روایت ملتی ہے یعنی غذائی فوائد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر عمر اور ہر جنس کی غذا میں انہیں شامل کیا جاتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj