Halwa Kaddu - Mufeed O Mazedar Sabzi - Article No. 2305

Halwa Kaddu - Mufeed O Mazedar Sabzi

حلوہ کدو ۔ مفید و مزیدار سبزی - تحریر نمبر 2305

اس کے بیج بھی صحت و تندرستی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں

منگل 23 نومبر 2021

ڈاکٹر سید امجد علی جعفری
کدو کا تعلق پھل اور سبزی دونوں سے ہے۔یوں تو اس کی کئی اقسام ہیں،تاہم حلوہ کدو (Pumpkin) ،گول کدو،گھیا کدو،سرخ کدو اور سفید کڑا کدو عام اقسام میں شامل ہیں،جن کے فوائد کم و بیش یکساں ہیں۔اگر حلوہ کدو کی قاشیں بیجوں سمیت کاٹ کر ان پر دار چینی،ادرک ،لونگ اور جائفل ہم وزن پیس کر چھڑک کر کھائیں تو نہ صرف جسم کی فالتو چربی گھل جاتی ہے،بلکہ بے خوابی کی شکایت بھی دور ہو جاتی ہے، کیونکہ کدو کے بیجوں میں سیروٹونن (Serotonin) نامی جو جزو پایا جاتا ہے،وہ پُرسکون نیند کا باعث بنتا ہے۔
نیز اس کے کھانے سے جلد کی رنگت بھی بکھر جاتی ہے۔حلوہ کدو کھانے سے مزاج ہشاش بشاش رہتا ہے،خصوصاً صبح اُٹھتے ہوئے سستی بھی نہیں ہوتی۔اس سے ہڈیاں مضبوط ہو جاتی ہیں اور اُن میں درد بھی نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں یادداشت کی کمزوری بھی جاتی رہتی ہے۔حلوہ کدو سرطان،نزلہ زکام اور کئی متعدی امراض سے تحفظ فراہم کرتا ہے،اس لئے کہ اسے کھانے سے مدافعتی قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس کے ریشے (فائبرز) جسم میں کولیسٹرول اور خون میں شکر کی مقدار کو متوازن رکھتے ہیں۔حلوہ کدو کو پیٹھا بھی کہتے ہیں۔اس سے مٹھائی اور مربے بھی بنائے جاتے ہیں۔
حلوہ کدو میں چونکہ میگنیزیئم اور مفیدِ قلب چکنائی کے ترشے (Monounsaturated Fatty Acids) بھی پائے جاتے ہیں،جو شہ رگ اور دل کو صحت مند رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ ہائی بلڈ پریشر کو بھی کم کرتے ہیں۔
حلوہ کدو قبض کشا سبزی ہے۔حلوہ کدو حاملہ خواتین کے لئے بھی مفید سبزی ہے۔یہ حاملہ اور شکم میں پلنے والے بچے دونوں ہی کی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔یہ ورم کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔جوڑوں کے درد کے خاتمے کے لئے بھی حلوہ کدو فائدہ مند ہے۔
حلوہ کدو کا سالن بہت ذائقے دار بنتا ہے۔سالن بنانے کے لئے ایک چھوٹا حلوہ کدو کاٹ کر اُس کا گودا الگ کر لیں۔
پھر ایک پتیلی میں کوئی معیاری تیل گرم کرکے اس میں ایک عدد پیاز کے لچھے کاٹ کر فرائی کر لیں۔پھر اس میں لہسن اور ادرک کی لگدی (پیسٹ) ڈال کر بھون لیں۔اب اس میں حلوہ کدو کا گودا ڈال کر تھوڑا سا مزید بھون کر اس میں آدھی پیالی ناریل کا دودھ،ایک چوتھائی چمچہ پسی ہوئی ہلدی،آدھا چمچہ سیاہ پسی ہوئی مرچ اور حسب ضرورت سمندری نمک شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکنے دیں،جب تیل اوپر نظر آنے لگے تو لہسن کا بھگار لگا دیں، لیجیے حلوہ کدو کا مزے دار سالن تیار ہے۔

حلوہ کدو کے بیج بھی فائدہ مند
کدو کے بیجوں میں چربیلے تیزاب پائے جاتے ہیں،جن سے غدئہ قدامیہ (پروسٹیٹ گلینڈ) کی سوجن دور ہو جاتی ہے۔ایک پیالی بیج کھانے سے 87ء ملی گرام بیٹا کیروٹین (Beta Carotene) حاصل ہوتی ہے،جس سے دل کی بیماریاں اور سرطان قریب نہیں آتا۔ دن میں ایک دو بار مٹھی بھر کدو کے بیج کھانے سے مثانے کی سوزش اور پیشاب کی زیادتی بھی ختم ہو جاتی ہے۔
جرمنی میں کدو کے بیج پیشاب کی تکالیف دور کرنے کیلئے کھائے جاتے ہیں۔کدو کے بیجوں میں لحمیات (پروٹینز)،ریشہ،فولاد،تانبا،مینگنیز،فاسفورس،کیلسیئم،پوٹاشیم، سیسہ،فولیٹ اور نایاسن (Niacin) جیسے صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں۔سیسے سے غدئہ قدامیہ کا سائز کم ہو جاتا ہے اور سرطان کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔چین میں کدو کے بیجوں کو اضمحلال و افسردگی (ڈپریشن) دور کرنے کے لئے کھایا جاتا ہے۔
ان بیجوں کو کھانے سے جوڑوں کے ورم کی شکایت بھی جاتی رہتی ہے۔تحقیق سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ کدو کے بیج کھانے سے پہلوئی اثرات (Side Effects) نہیں ہوتے،یعنی یہ نقصان دہ نہیں ہوتے۔چنانچہ خشک میووں کی طرح انھیں بلاخوف کھایا جا سکتا ہے،اس لئے انھیں کھانے سے بہت سی بیماریاں ختم ہو جاتی ہیں۔حلوہ کدو ہی نہیں،بلکہ اس کے بیج بھی صحت و تندرستی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj