Jackfruit - Dunya Ka Sab Se Bara Phaal - Article No. 2008

Jackfruit - Dunya Ka Sab Se Bara Phaal

جیک فروٹ دنیا کا سب سے بڑا پھل - تحریر نمبر 2008

مزیدار ذائقہ‘منفرد خوشبو‘صحت بخش غذائی خوبیاں اور انتہائی بڑا حجم اس پھل کو پھلوں کی دنیا میں ممتاز مقام بخشتے ہیں

منگل 17 نومبر 2020

افشین حسین بلگرامی
جیک فروٹ یعنی کٹھل کو دنیا کا سب سے بڑا پھل ہونے کا اعزاز حاصل ہے پکے ہوئے جیک فروٹ کا وزن عموماً 3-30کلو تک ہوتا ہے‘ لیکن اس پھل کا سائز 3-4 فٹ اور وزن 50-60 کلو تک بھی ریکارڈ کیا گیا ہے یعنی جیک فروٹ یا کٹھل کو دنیا کا سب سے بڑا ایسا پھل ہونے کا اعزاز حاصل ہے‘ جس کے سائز اور وزن کے حوالے سے کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔
بیضوی و مستطیل (Oval& Oblong) ساخت کے حامل اس پھل کا اُوپری حصہ کند کانٹے دار ساخت کا حامل ہوتاہے۔ یہ کانٹے چبھتے تو نہیں ہیں تاہم پھل پہ ہاتھ پھیرنے سے ہاتھوں میں گدگدی سی ضرور محسوس ہوتی ہے۔ اپنے موسم یا سیزن کے دوران 3-30 کلو وزن کے حامل تقریباً 250 سے 275 تک کٹھل پھل (جیک فروٹ) درخت میں لگتے ہیں اور اس کی شاخیں اتنے بھاری پھلوں کی اتنی بڑی تعداد کا وزن با آسانی سہارتی ہیں اس حساب سے یہ دنیا کا سب سے مضبوط درخت ہونے کا اعزاز بھی رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

کٹھل پھل یعنی جیک فروٹ کے درخت کی بھی دو اقسام ہیں ایک قسم کے درخت میں شاخوں پہ پھل آتا ہے جبکہ دوسری قسم کے درخت میں جڑوں میں پھل آتا ہے۔شاخوں پہ لگنے والے پھل کی رنگت ابتدا میں گہرے سبز رنگ کی ہوتی ہے اور پکنے کے بعد ان کی رنگت ہلکی بادامی ہو جاتی ہے اور تیز چبھتی ہوئی خوشبو آنے لگتی ہے جبکہ جڑ میں آنے والے پھل پہلے زیر زمین ہی پکتے رہتے ہیں اور جب یہ مکمل طور پر پک جاتے ہیں تو ان کے اُوپر موجود بھربھری مٹی والی زمین تڑخ جاتی ہے اور اندر سے پکا ہوا پھل جھانکنے لگتا ہے۔
ماہرین کے مطابق زمین میں یا جڑ میں لگنے والے کٹھل (جیک فروٹ) کی مٹھاس بے مثال اور ذائقہ و خوشبو لاجواب ہوتا ہے۔
کٹھل ہندوستان کے مغربی برساتی جنگلات و گھاٹیوں میں اُگنے والا خاص علاقائی پھل ہے۔یہاں سے یہ پھل ہندوستان کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ شمال مشرقی ایشیائی خطوں و منطقہ حارہ (Tropical Region) میں آباد دیگر ممالک کے علاوہ پاکستان‘سری لنکا‘ بنگلہ دیش‘ملائیشیا‘فلاپین‘تھائی لینڈ‘انڈونیشیا اور دنیا کے دیگر براعظموں میں واقع گرم مرطوب آب وہوا کے حامل ممالک جیسے کہ برازیل اور سورینام (Surinam) میں بھی اس کی کاشت کی جانے لگی ہے۔

کٹھل یا جیک فروٹ کا سائنسی نام آرٹوکارپس‘ ہیٹی روفائلس (Artocarpus Heterophyllus) ہے۔ آرٹوکارپس جنس کے پھلوں میں انجیر‘شہتوت اور بریڈ فروٹ کے نام بھی شمار کیے جاتے ہیں۔جیک فروٹ کے نباتاتی خاندان (Botanical Family) کا نام فیملی موراسی (Family Moraceae) ہے۔ کٹھل کا گودا کیلے کی طرح اور اس کا ذائقہ انناس اور کیلے کے ذائقے سے ملتا جلتا ہوتا ہے۔ ایک پھل میں چمکتے ہوئے سبزی مائل بھوری رنگت کے گول چکنے بیج 250 سے 500 کی تعداد میں موجود ہوتے ہیں‘جن کا سائز 3/4-1-1/2انچ تک لمبا اور 1/2-3/4انچ تک موٹا ہوتا ہے۔
یہ بیج اندر سے سفید کرارے گودے کے حامل ہوتے ہیں۔تازے بیجوں کو نمک لگا کر 8-10 گھنٹوں تک رکھنے کے بعد مٹی کے چولہے میں دم توڑتی بھبھول (راکھ) میں دبا دیا جاتا ہے اور صبح انہیں چھان کر بطور اسنیک کھایا جاتا ہے۔ جیک فروٹ کے بیج پروٹین و دیگر حیات بخش غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتے ہیں۔ پکے ہوئے جیک فروٹ کے بیجوں کو جمع کرکے انہیں دھوپ میں خشک کرکے محفوظ کر لیا جاتا ہے۔
مون سون کے موسم میں ہندوستان کے کئی علاقوں بالخصوص ساؤتھ انڈیا میں ان بیجوں کا استعمال کثرت سے کیا جاتا ہے۔ انہیں بھون کر بطور اسنیک یا پھر ان بیجوں سے مزیدار ویجی ٹیبل ڈشز بھی تیار کی جاتی ہیں۔
پکے ہوئے جیک فروٹ کا گودا میٹھا و مزیدار ہوتا ہے۔جب آپ جیک فروٹ کو کاٹیں گے (پکے ہوئے پھل کو) تو آپ کو چمکتے ہوئے پیلے رنگ کے کھوئے (Pods) نظر آئیں گے۔
انتہائی مہین ریشوں سے گندھا ہوا گودا قدرت نے بیجوں کے گرد اس خوبصورتی کے ساتھ گولائی میں لپیٹا ہوا ہے جو کہ پھل کو کاٹنے پر علیحدہ علیحدہ چیمبر نما گول خانوں کی صورت میں آپ کو نظر آئے گا جسے ایک خاص ٹیکنیک سے کھایا جاتا ہے ۔پکے ہوئے جیک فروٹ کا گودا اکثر لوگ نمک‘شکر یا لیموں کا رس چھڑک کر یا بغیر چھڑکے سادہ ہی کھاتے ہیں اور جبکہ کچھ لوگ اسے پکا کر بھی استعمال کرتے ہیں۔
بغیر پکے ہوئے پھل کا گودا ہرے رنگ کا ہوتا ہے‘جس سے مزیدار اور مصالحے دار ویجی ٹیبل ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔
اپنے بہترین و مزیدار ذائقے کے علاوہ جیک فروٹ انمول غذائی خصوصیات سے بھی بھرپور ایک بہترین پھل ہے‘وٹامن A‘C‘کیلشیم ‘ پوٹا شیم‘آئرن‘تھایامین‘رائبو فلاوپن‘نیا سن‘میگنیشیم اور دیگر بہت سے صحت بخش غذائی اجزاء کی کثیر مقدار جیک فروٹ میں موجود ہوتی ہے۔
ان بہترین غذائی خوبیوں کا خزانہ ہونے کے باعث جیک فروٹ کے استعمال سے درج ذیل بیش بہا فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
قوت مدافعت کو طاقتور بنائے
جیک فروٹ وٹامن Cکے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔یہ وٹامن وائرل اور بیکٹیریل انفیکشن سے محفوظ رکھنے کے لئے قوت مدافعت یا امینتی نظام (Immune System) کو طاقتور بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
ایک کپ جیک فروٹ کا گودا اتنی کثیر مقدار میں وٹامن C جسم کو فراہم کرتا ہے‘جس کی مدد سے خون کے سفید خلیات (مدافعتی خلیات یا وائیٹ بلڈ سیل) آزاد اصلیوں یا فری ریڈیکلز (Free Radicals) سے محفوظ رہنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔
کینسر سے بچاؤ
وٹامن C جیسے صحت بخش غذائی جز سے بھرپور ہونے کے ساتھ جیک فروٹ میں لگنانز (Lignans) آئیسو فلیونز(Isoflavones) اور ساپوننز (Saponins) نامی فائیٹونیوٹرینٹس (Phytonutrients) بھی کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو کہ ضد سرطانی اینٹی کینسر(Anti Cancer) اور ضد عمر رسیدگی اینٹی ایجنگ (Anti ageing) خصوصیات کے حامل غذائی اجزاء کی حیثیت سے خاص شہرت رکھتے ہیں ۔
یہ اجزاء سرطانی خلیات کو پیدا کرنے والے وان کی افزائش کو مہمیز بخشنے والے آزاد اصلیوں فری ریڈیکلز (Free Radicals) کا صفایا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نظام انہظام کی خرابیاں
جیک فروٹ کی ضد سوزشی اینٹی السر (Anti ulcer) خصوصیات سے بھرپور پھل بھی مانا جاتا ہے۔نظام انہظام کی جملہ خرابیوں و السر کی تکالیف کے خاتمے کیلئے یہ ایک بہترین پھل ہے۔
جیک فروٹ کا ریشے دار ساخت کا حامل گودا قبض کے امکانات صفر کرکے نظام اخراج کو معمول کے مطابق رکھتا ہے۔یہ ریشے کولون (Colon) یا بڑی آنت کی استردار رطوبت (Colon Mucous Membrane) کارسائینوجینک (Carcinogenic) نامی کیمیکل سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس ضرر رساں کیمیائی جز کو بڑی آنت سے باہر نکال پھینکتا ہے۔
جلد اور آنکھوں کی صحت
ایک طاقتور غذائی جز یعنی وٹامن A کی خوبیوں سے بھی بھرپور ہونے کے باعث جیک فروٹ کا استعمال جلد اور آنکھوں کی صحت کے حوالے سے بہترین ہے۔
وٹامن A جلد کی لچک و تروتازگی برقرار رکھنے اور بصری کمزوری درست کرنے کے علاوہ شب کوری (Night Blindness) دور کرنے کے حوالے سے ایک بہترین وٹامن کی حیثیت کا حامل ہے۔
توانائی میں اضافے کے لئے
شکر کے سادے سالموں مثلاً فریکٹوز (Fructose) اور سکروز (Sucrose) کی موجودگی کی وجہ سے جیک فروٹ کو توانائی میں اضافہ کرنے والے ایک زبردست پھل کی حیثیت سے بھی خاص شہرت حاصل ہے۔
توانائی میں حیرت انگیز حد تک فوری اضافہ کرنے والے اس پھل میں توانائی بحال کرنے والی دیگر غذائی اشیاء کی نسبت چکنائی‘کولیسٹرول اور سیچوریٹڈ فیٹس (Saturated Fats) بھی نہیں پائے جاتے اور یہی خاصیت اس پھل کو بناتی ہے مزید فائدہ مند اور بہترین خوبیوں سے پُر!
بلند فشار خون کو کم کرے
بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر کے مریض اگر جیک فروٹ استعمال کریں تو ان کا دوران خون معمول پہ آجاتا ہے۔
کیونکہ جیک فروٹ میں پوٹاشیم نامی ایک صحت بخش منرل یا معدن پایا جاتا ہے‘جو کہ دوران خون کو صحت بخش توازن میں قائم رکھتا ہے اور دل کی بیماری کے خطرات کے امکان بھی صفر ہو جاتے ہیں۔
دمے (Asthma) پہ قابو
جیک فروٹ کے درخت کی جڑیں دمے (Asthma) کے علاج کے سلسلے میں بے حد فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔ جیک فروٹ کی جڑ کو پانی میں اُبال کر اس کا خساندہ استھما یا دمہ (Asthma) کے مرض پہ قابو پانے کے سلسلے میں مفید ثابت ہوتا ہے۔

ہڈیوں کی مضبوطی
میگنیشیم وہ صحت بخش جز ہے جس کی جسم میں موجودگی غذا میں سے کیلشیم جذب کرنے کی جسمانی قوت میں اضافے کا سبب بنتی ہے اور کیلشیم کے ساتھ مل کر یہ جز ہڈیوں کی مضبوطی وان کی نشوونما میں کلیدی کردار اداکرتا ہے۔ جیک فروٹ میں میگنیشیم بھی صحت بخش توازن میں پایا جاتا ہے لہٰذا اس کا استعمال ہڈیوں کی صحت کے حوالے سے بھی اہم ہے۔

اینیمیا (Anemia) سے بچاؤ
آئرن ایسے صحت بخش غذائی جز سے بھرپور ہونے کی وجہ سے بھی جیک فروٹ کا استعمال مفید ہے کیونکہ یہ خون بنانے والے سرخ خلیات کی افزائش کے ساتھ ساتھ دوران خون کو بھی متوازن رکھتا ہے۔
تھائی رائیڈ کی صحت
غذائی تحلیل یا میٹابولزم (Metabolism) کے عمل میں کاپر (Copper) ایک کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ خصوصاً ہارمونز (Hormones) کی افزائش و جذب کرنے کی صلاحیت بھی اس مائیکرو منرل جز سے بڑھتی ہے اور خوش قسمتی سے جیک فروٹ اس بہترین غذائی جز یعنی کاپر (Copper) کی رسد سے بھی بھرپور ایک بہترین پھل ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj