Kahin Zaiqa Na De Jaye Sehat Ko Maat - Article No. 2701

Kahin Zaiqa Na De Jaye Sehat Ko Maat

کہیں ذائقہ نہ دے جائے صحت کو مات - تحریر نمبر 2701

ہانڈی میں نمک ڈالئے احتیاط سے

بدھ 10 مئی 2023

نمک کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ کھانوں میں کم ہو تو مزہ نہیں آتا اور زیادہ ہو جائے تو کھانا بد مزہ ہو جاتا ہے۔چنانچہ بہتر ذائقے کے حصول کے لئے نمک کو اعتدال سے ڈالنا چاہئے۔صحت کے ضمن میں نمک کھانا تجویز بھی کیا جاتا ہے یعنی خاص کر اسہال کی شکایت میں،جبکہ جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی واقع ہو جائے،قے اور متلی کے لئے بھی تھوڑا سا نمک لیموں کے چند قطرے اور ایک چائے کا چمچ شہد سادے پانی کے ایک گلاس میں گھول کر پینے سے اسہال میں افاقہ ہو جاتا ہے۔

گرمیوں میں پھلوں کے رس میں تھوڑا سا نمک ملا لیا جائے تو پیاس نہیں لگتی۔ان تمام فائدوں کے باوجود زیادہ نمک کھانا نقصان دہ ہے،خاص طور پر ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کو زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے،ان کے لئے نمک کی زیادتی بہت خطرناک ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

حقیقت میں سوڈیم اور پوٹاشیم کی زیادتی سے بلڈ پریشر میں اضافہ ہوتا ہے۔حملہ قلب یعنی دل کے امراض اور فالج ہونے کے امکانات پیدا ہو جاتے ہیں۔


موسم سرما کی نسبت گرمیوں میں شدید اور مہلک بیماریوں کے خطرات کم ہوتے ہیں۔گرمیوں میں کھیل کود میں حصہ لینے اور ورزش کرنے سے بھی لوگ صحت مند رہتے ہیں اور موٹاپا نزدیک نہیں آتا۔دیگر عارضے اگر لاحق ہوں یعنی ذیابیطس،فالج اور ہائی بلڈ پریشر جیسے عارضے نسبتاً کم لاحق ہوتے ہیں۔
جب آپ سے ڈاکٹر کہے کہ نمک بے حد کم مقدار میں کھایا کیجئے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ پھر کیا کھایا جائے؟اس لئے کہ پھیکا کھانا،کھانا آسان بات نہیں۔
لوگ نمک کے متبادل چینی نمک بھی کھانے لگتے ہیں جسے کیمیائی اصطلاح میں Monosodium Glutamate کہتے ہیں۔ظاہر ہے کہ یہ سوڈیم ہی کی ایک شکل ہے۔چائنیز نمک کھانے سے صحت کے مسائل پیدا ہونے لگتے ہیں۔بعد ازاں ڈاکٹر صرف پوٹاشیم کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
کئی سبزیاں ایسی ہیں جو وافر مقدار میں پوٹاشیم رکھتی ہیں مثلاً پالک سرفہرست ہے۔اس سبزی کا رس غذاؤں میں شامل کر لینے سے نمک کی کمی پوری ہو جاتی ہے اور ہانڈی میں نمک نہیں ڈالنا پڑتا۔
کچھ دوسری سبزیاں بھی پوٹاشیم حاصل کرنے کے اچھے ذرائع ہیں ان میں شاخ گوبھی (بروکولی)،ٹماٹر،ہری پھلیاں،چقندر،گاجر،کھیرا اور پھول گوبھی شامل ہیں۔
احتیاطی تدابیر
کھیرا چھیلتے وقت یہ دھیان رہے کہ اگر اسے زیادہ چھیلا جائے تو اس کا پوٹاشیم کم ہو جاتا ہے اس لئے کھیرا چھلکے سمیت اچھی طرح دھو کے کھا لیں۔چھلکا ضائع نہ کریں۔

متعدد جڑی بوٹیوں میں قدرتی نمک پایا جاتا ہے۔اپنی ہانڈی میں روزمیری،کالی مرچ اور اجوائن چٹکی بھر ملا لینے سے ذائقہ اور غذائیت دونوں بہتر ہو جاتے ہیں۔ان جڑی بوٹیوں کا کوئی منفی اثر بھی نہیں پڑتا۔
کھانوں کو نمکین بنانے کے لئے سمندری سبزیاں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں ان میں ایسے کیمیائی اجزاء شامل ہوتے ہیں جو کینسر سے دفاع کرتے ہیں۔

عام سبزیوں کے مقابلے میں سمندری سبزیوں میں آیوڈین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو تھائی رائیڈ کی کارکردگی اور افعال میں بہتری پیدا کرتی ہے۔یاد رہے کہ تھائی رائیڈ جسم کے ہارمونز میں توازن برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
کائی بھی ایک قسم کی سبزی ہے جو نمک کے متبادل کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہے کیونکہ یہ ذائقے میں نمکین ہوتی ہے۔
انگور کے سوکھے ہوئے دانوں کو بھی کھانوں میں نمک کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj