Kheere Se Dil O Dimag Sehat Mand

کھیرے سے دل ودماغ صحت مند

Kheere Se Dil O Dimag Sehat Mand

مریم مرتضیٰ صدری والا
کیا آپ کسی ایسی سبزی کے بارے میں جانتے ہیں ،جو بہت سستی ہے،آسانی سے دستیاب ہوجاتی ہے اور جسم کو اندرونی اور بیرونی طور پر فائدہ پہنچاتی ہے۔یہ سبزی کھیرا ہے ۔جب آپ بھاری غذائیں کھا رہے ہوں تو اسے سلاد کے طور پر ضرورکھائیں۔یہ ہلکی غذا کے طور پر بچوں کو بھی کھلایا جا سکتا ہے ۔آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانے کے لیے اس کے ٹکڑے کاٹ کر پپوٹوں پر رکھ لیں یا آئینہ صاف کرنا ہوتو اسے استعمال کریں۔

اس قدرتی غذا کے بہت سے فائدے ہیں۔
کوئی پکوان سلاد کے طور پر کھیرے کو شامل کیے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹیے۔پھر پلیٹ میں سجا کر اس پر ہلکا سانمک چھڑک دیجیے یا لیموں۔آپ جو بھی ڈش کھانے کا ارادہ رکھتے ہوں،اس کے ساتھ کھیرے کی پلیٹ رکھیے۔

(جاری ہے)

لطف دوبالا ہو جائے گا۔مسالے دار بریانی ہو،روٹی سالن ہو یا کوئی اور غذا،کھیرے کو ان کے ساتھ کھائیں تو مزہ بھی ملتا ہے اور فائدہ بھی۔

اے خاتون جب دفتر میں کام کرکے گھر واپس آتی ہیں تو کھیرے کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے کھاتی ہیں اور انھیں چہرے اور ہاتھوں پر بھی ملتی ہیں۔اس طرح ان کے جسم کی حدت دور ہو جاتی ہے اور ٹھنڈک پا کر انھیں سکون حاصل ہوتا ہے ۔اس کے علاوہ ان کے ہاتھ اور چہرہ نرم وشاداب ہو جاتے ہیں۔
دوسری خاتون پانی میں کھیرے کے ٹکڑے کاٹ کر ڈال دیتی ہیں اور کھیرا کھانے کے بعد پانی پی لیتی ہیں ۔

ان کا کہنا ہے کہ اس عمل سے ان کا وزن کم ہو سکتاہے۔
کھیرا بہت مفید سبزی ہے اور ساری دنیا میں کاشت کی جاتی ہے۔اس کے فائدوں کی بنا پر لوگ اسے”سُپرفوڈ“بھی کہتے ہیں ۔اس سبزی میں 95فیصد پانی ہوتا ہے ۔اس میں حیاتین (وٹامنز)اور معدنیات(منرلز)بھی ہوتی ہیں،مثلاً حیاتین ،ج(وٹامنزبی،سی)،پوٹاشےئم،میگنیزےئم،سلیکون،
گندھک اور ریشہ وغیرہ۔

ذیل میں کھیرے کی وہ خاصیتیں درج کی جارہی ہیں،جن کی بنا پر آپ کے لیے اس کا کھانا بہت ضروری ہے۔
پانی کی کمی دُور اور زہریلے اثرات ختم کرتاہے
کھیرے میں پانی بڑی مقدار میں شامل ہوتا ہے ،اس لیے اسے آسانی سے چبایا جا سکتا ہے ۔اسے کھانے سے بھوک ختم اور پانی کی کمی بھی پوری ہوجاتی ہے۔اس کی خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ زہریلے اثرات کو ختم کرتاہے۔

کھیرے میں چوں کہ پانی زیادہ مقدار میں ہوتا ہے ،اس لیے اسے کھانے سے جسم میں پانی کی مقدار بڑھ جاتی ہے ،لہٰذا پیشاب زیادہ آتا ہے ۔گردے کی کار کردگی بہتر ہوجاتی ہے۔اسے روزانہ کھانے سے گردے کی پتھری بھی نکل جاتی ہے۔
توانائی بخش
کھیرے میں حیاتین ب اور ج ہوتی ہیں،اس لیے یہ توانائی بخش ہے ۔قدرتی طور اس میں موجودشکر کی معمولی مقدار سے توانائی ملتی ہے ۔

اس کے علاوہ کھیرا سرکادرددور کر دیتا ہے ۔
خوب صورتی میں اضافہ
آنکھوں کے گرد جو داغ دھبے پڑجاتے ہیں ،کھیرا انھیں بھی ختم کرتا ہے ۔عموماً اسی بنا پر بیوٹی پارلروں میں اس کاماسک چہرے پر لگایا جاتا ہے ۔ماہرین کہتے ہیں کہ کھیرے میں سوزش اور جلن دور کرنے کی خاصیت ہوتی ہے ،اسی لیے جب اس کا ماسک لگایا جاتا ہے تو یہ جلد کی سوزش ختم کر دیتا ہے ۔

اس میں جھریاں ختم کرنے کی بھی خاصیت ہے۔کھیرا جلد کی گندگی ختم کرکے رنگت نکھارتا ہے ۔اس میں شامل سلیکون اور گندھک سے بالوں کی بڑھوتری ہو تی ہے۔
دانتوں کا محافظ
کھیرے کا ایک ٹکڑا کاٹ کر تالو پر چپکالیجیے اور زبان سے اسے سہارا دیجیے۔ایک منٹ تک یہ عمل جاری رکھیے۔کھانا کھانے کے بعد اکثر جن افراد کے منھ سے بو آنے لگتی ہے ،کھیرا اسے ختم کر دیتا ہے۔

اس کے کیمیائی اجزاء جراثیم کو ختم کر ڈالتے ہیں۔ یہ مسوڑوں میں لگنے والی بیماریوں کا بھی خاتمہ کر ڈالتا ہے ۔
آنکھوں کے لیے مفید
کھیرے کا پیلا چھلکا اور ملائم بیج طاقتور ہوتا ہے ،کیوں کہ اس میں ریشہ اور بیٹا کیروٹین ہوتی ہے۔بیٹا کیروٹین حیاتین الف کی ایک قسم ہے ،جو بینائی میں اضافہ کرتی ہے۔
کھیرا کھاکر ڈائٹنگ کی جاسکتی ہے
غذائیت کے ماہرین کہتے ہیں کہ کھیرے میں حرارے (کیلوریز)،نشاستہ ،سوڈےئم ،چکنائی اور کولیسٹرول بہت کم ہوتا ہے ،جب کہ پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

اس بنا پر اسے کھا کر ڈائٹنگ کی جاسکتی اور وزن کم کیا جا سکتا ہے ۔یہ کھانے کو ہضم کرتا اور قبض کوختم کرتاہے۔
دل کو مضبوط کرتاہے
اگر کھیراآپ کی غذا میں مستقل طور پر شامل ہے تو آپ کو بلڈ پریشر کی فکر نہیں کرنی چاہیے،اس لیے کہ اس میں حیاتین ک(K) ،پوٹاشےئم ،میگنیزےئم،اور ریشہ شامل ہوتا ہے ،جس سے بلڈ پریشر قابو میں رہتا ہے ،لہٰذا دل مضبوط رہتاہے۔


جوڑوں کی مضبوطی کے لیے
کھیرے میں چوں کہ سلیکون ہوتا ہے ،اس لیے جوڑوں اور ان سے منسلک بافتوں (ٹشوز)کو مضبوط کرتا ہے ۔کھیرے کو بلینڈر میں ڈال کر پیس لیجیے اور شربت بنا لیجیے۔یہ شربت پینے سے وہ ہارمون حرکت میں آجاتا ہے ،جولبلبے کو تحریک دے کر انسولین پیدا کراتا ہے ۔انسولین ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
سرطان سے بچاتاہے
کھیرے میں ایسے کیمیائی مادے شامل ہوتے ہیں ،جن کی بنا پر کئی قسم کے سرطانوں کا خدشہ کم ہوجاتا ہے ۔ان میں چھاتی ،غذئہ قدامیہ(پروسٹیٹ گلینڈ)اور رحم کا سرطان شامل ہے۔یہ مادّے ان راستوں کو بندکردیتے ہیں ،جو سرطان پھیلاتے ہیں۔

تاریخ اشاعت: 2019-06-04

Your Thoughts and Comments