Khobiyon Se Bharpor Phal - Anar Sangtra Mosambi Aur Kinu - Article No. 2723

Khobiyon Se Bharpor Phal - Anar Sangtra Mosambi Aur Kinu

خوبیوں سے بھرپور پھل ۔ انار،سنگترہ،موسمبی اور کینو - تحریر نمبر 2723

یہی ہیں وٹامن C کے اصل خزانے

جمعرات 8 جون 2023

راحت شہناز
قدرت کے عطا کردہ بے شمار پھل ہیں جنہیں غذا اور دوا کی حیثیت سے بلند مقام حاصل ہے۔ذیل میں ہم انار اور سنگترے کی غذائی اور طبی افادیت سے متعلق معلومات دے رہے ہیں جسے نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔بسا اوقات علم کا اعادہ کر لینا بھی اہمیت رکھتا ہے تو آئیے پڑھتے ہیں۔
انار جسے کہتے ہیں جنت کا پھل
اس پھل کا بیرونی حصہ سخت اور اس کے اندر سفید اور سرخ رسیلے دانے بھرے ہوتے ہیں جو ٹھوس گودے میں لپٹے اور محفوظ ہوتے ہیں۔
انار کی بعض اقسام کے خوش ذائقہ،شیریں اور نیم ترش دانوں میں سخت بیج ہوتے ہیں اور بعض اقسام میں نرم بیج ہوتے ہیں۔پاکستان کے باغات اور جنگلوں میں اُگنے والے دونوں قسم کے انار موجود ہیں۔اس کی جنگلی اقسام کشمیر اور مری کے پہاڑی علاقوں میں ہوتی ہیں جنہیں دواؤں کے علاوہ کھانوں کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے یہ قسم انار دانہ کہلاتی ہے۔

(جاری ہے)

مسلمان ملکوں میں اس کی کاشت افغانستان،انڈونیشیا،ایران،ملائیشیا،ترکی،سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں ہوتی ہے۔ان ممالک کے علاوہ یہ چین،افغانستان اور امریکہ میں بھی کاشت اور برآمد کیا جاتا ہے۔پاکستان میں اس کی سب سے زیادہ کاشت بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاوہ پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی ہوتی ہے۔انار تخمی اور قلمی بھی ہوتے ہیں۔
قلمی قسم بہتر اور زیادہ مقدار میں پائی جاتی ہے۔
انار،دل اور جگر کا دوست ہے
طب یونانی اور مشرقی کے علاوہ طب ہندی میں بھی اسے قلب اور جگر کے امراض کے علاج میں اہم مقام حاصل ہے۔انار شریانوں کو صاف رکھنے کے علاوہ جگر کی صحت،اس کی اصلاح اور کارکردگی میں اضافہ کرتا ہے۔یہ طبیعت میں فرحت پیدا کرتا ہے اور زود ہضم ہوتا ہے۔

100 گرام انار کی غذائی افادیت
کیلوریز 346
کاربوہائیڈریٹ 18.7 گرام
شکر 13.7 گرام
فائبر 4.0 گرام
چکنائی 1.2 گرام
پروٹین 1.7 گرام
وٹامن بی 0.07 ملی گرام
پینتھوٹک ایسڈ 0.38 ملی گرام
وٹامن 0.08B6 ملی گرام
وٹامن سی 10 ملی گرام
کیلشیم 10 ملی گرام
آئرن 0.3 ملی گرام
میگنیزیئم 12 ملی گرام
فاسفورس 36 ملی گرام
پوٹاشیم 236 ملی گرام
زنک 35 ملی گرام
سنگترہ،موسمبی اور کینو
رس دار سٹرس فروٹس میں لیموں،سنگترہ،چکوترا،موسمی،مالٹا اور کینو وغیرہ شامل ہیں۔
یہ تمام پھل وٹامن C کے علاوہ فائبر،پوٹاشیم اور دیگر وٹامنز سے بھرپور ہوتے ہیں۔وٹامن C ہمیں اس وقت زیادہ ملتا ہے جب ہم تازہ پھل استعمال کریں یا اس کا جوس نکال کر پئیں۔وٹامن C مختلف انفیکشنز کا مقابلہ کرنے یا عمومی صحت بحال رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔قدرت نے باریک جھلیوں میں کس قدر شیریں اور ترش رس بھرا ہے اور پتلی جھلیوں کے ذریعے انہیں الگ الگ حصوں میں تقسیم کیا ہے۔
یہ بھی بیٹاکیروٹین اور بائیو فلیونوئڈز (Bioflavonoids) سے مالا مال ہوتے ہیں۔یہ وہ کیمیائی مادے ہیں جو خون لے جانے والی باریک نالیوں کی دیواروں کو مضبوط رکھتے ہیں۔امریکہ میں یومیہ غذائی اجزاء کی سفارش کردہ مقدار کے مطابق سنگترے کے رس سے بھرا ایک گلاس پینے سے وٹامن C کی 10 فیصد مقدار کی غذائی افادیت کچھ یوں ہے۔
غذائی افادیت،وٹامنز اور معدنیات
تھیامین 8 فیصد
فولک ایسڈ 8 فیصد
وٹامن 4B6 فیصد
میگنیشیم 4 فیصد
فاسفورس 2 فیصد
پروٹین 2 فیصد
ریبوفلیون 2 فیصد
کیلشیم 2 فیصد
آئرن 2 فیصد
اگر ناشتے یا کھانے کے ساتھ اورنج جوس کا ایک گلاس پی لیا جائے تو جسم میں فولاد کے انجذاب کا عمل ڈھائی گنا بڑھ جاتا ہے۔
دیسی جڑی بوٹیوں کے ماہرین حکیمی علاج میں سنگترے کے پھل کے علاوہ اس کا چھلکا اور پھول بھی استعمال کرتے ہیں۔کینو کے چھلکے میں Hesperidin اور Limonene شامل ہوتے ہیں۔یہ ایسے کیمیائی اجزاء ہیں جو پرانے دمے اور کھانسی کے علاج میں استعمال ہوتے ہیں۔
سنگترے کی چائے
اس قہوے کے لئے سنگترے کے خشک پھل کو جوش دے کر چائے کی طرح پینے سے جسم میں چستی اور توانائی بڑھ جاتی ہے۔
یہ چائے مدافعتی قوت بھی بڑھاتی ہے۔
سنگترے کا تیل
اس پھل کے پھولوں سے جو تیل حاصل ہوتا ہے اسے Neroli کہتے ہیں۔اسے یوڈی کلون میں بھی ملایا جاتا ہے۔اس کی خوشبو سے علاج (اروما تھراپی) میں بطور سکون بخش دوا استعمال کیا جاتا ہے۔تل کے تیل میں 5 قطرے Neroli آئل شامل کر کے جسم کا مساج کرنے سے آرام ملتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj