Kishmish Aik Mufeed Mewa - Article No. 2916

Kishmish Aik Mufeed Mewa

کشمش ایک مفید میوہ - تحریر نمبر 2916

کشمش ایک خشک میوہ ہے جو صحت کے لئے بے شمار فوائد کا حامل ہے

ہفتہ 28 دسمبر 2024

سمیرا انور
کشمش ایک خشک میوہ ہے جو وٹامنز، فائبر اور معدنیات سے بھرپور ہوتا ہے۔کشمش کے مختلف رنگ ہوتے ہیں، جیسے سرخ کشمش، سیاہ کشمش اور پیلی کشمش، اور یہ دنیا بھر میں مختلف قسموں میں استعمال ہوتی ہے۔کشمش ایک خشک میوہ ہے جو صحت کے لئے بے شمار فوائد کا حامل ہے۔ماہرین نے طویل عرصے سے کشمش کے پانی کو جگر اور آنتوں کی صفائی کے لئے استعمال کیا ہے۔
یہ خشک میوہ اینٹی آکسیڈنٹس اور غذائی ریشہ سے بھرپور ہوتا ہے جو جسم سے زہریلے مادوں کو نکالنے میں مدد دیتا ہے۔
سائنسدانوں اور کھیلوں کے ماہرین کا خیال ہے کہ کشمش توانائی کے لئے بہت مفید ہے۔کشمش میں وٹامنز اور فائبر ہوتے ہیں جبکہ کوئی مصنوعی شکر نہیں ہوتی، جس سے یہ توانائی کے قدرتی ماخذ کے طور پر مفید ہے۔

(جاری ہے)

تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کشمش فائبر، پوٹاشیم، فائٹو نیوٹرینٹس اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے۔

جو لوگ اسے باقاعدگی سے کھاتے ہیں ان کا بلڈ پریشر کم ہوتا ہے۔کشمش کا پانی خون کو صاف کرتا ہے اور دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔یہ جسم کی ضرورت سے زائد کولیسٹرول کو نکالتا ہے اور دل کو صحت مند رکھتا ہے۔
کشمش میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو فری ریڈیکلز سے بچاتے ہیں جو کینسر کا سبب بن سکتے ہیں۔کشمش سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے کیونکہ یہ گلوکوز سے بھرپور ہوتا ہے، جو توانائی فراہم کرتا ہے۔
کشمش کا پانی آئرن کی کمی کے شکار افراد کے لئے مفید ہے کیونکہ یہ آئرن سے بھرپور ہوتا ہے، جو خون کی فراہمی بڑھاتا ہے اور خون کی کمی (انیمیا) کا علاج کرتا ہے۔کشمش میں کیلشیم ہوتا ہے جو ہڈیوں کی نشوونما کے لئے بہت ضروری ہے۔اس کا پانی پینے سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔مدافعتی نظام بہتر ہوتا ہے۔کشمش کے پانی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس مدافعتی نظام کو مضبوط کرتے اور مختلف وائرسوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

کشمش کا پانی بنانے کا طریقہ
کشمش کا پانی بنانے کے لئے درج ذیل مراحل پر عمل کریں۔ایک پین میں دو کپ پانی اُبالیں، پھر چولہے سے اُتار لیں۔پانی میں ایک چمچ کشمش ڈال کر اسے رات بھر یا کم از کم 8 گھنٹوں کے لئے بھگو دیں۔صبح کے وقت خالی پیٹ اس پانی کو پی لیں۔کشمش کا پانی آپ دن میں کسی بھی وقت پی سکتے ہیں، لیکن اگر آپ اس کے فوائد کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں تو اسے صبح کے وقت خالی پیٹ پئیں۔یاد رکھیں کہ پانی پینے کے بعد آدھے گھنٹے تک کچھ نہ کھائیں یا نہ پئیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj