Kiwi - Aik Hairat Angeez Phal - Article No. 2559

Kiwi - Aik Hairat Angeez Phal

کیوی ۔ ایک حیرت انگیز پھل - تحریر نمبر 2559

کیوی پھل کی بہترین طبی اور شفا بخش خوبیوں اور غذائی اجزاء سے بھرپور ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں اسے خاص اہمیت حاصل ہے

منگل 18 اکتوبر 2022

آفرین اعجاز
ہر موسم میں قدرت نے صحت بخش پھل پیدا کیے ہیں۔موسم کے مطابق پھل کھانے سے جسم کو طاقت و توانائی ملتی ہے۔پھلوں کے رس میں موجود گلوکوس مصنوعی گلوکوس سے کہیں زیادہ طاقتور اور توانائی بخش ہوتی ہے۔پھلوں میں محض مٹھاس ہی نہیں ہوتی،بلکہ ان میں نمکیات،کیلشیم،سوڈیئم،میگنیزیئم،فولاد اور فاسفورس جیسے مفید صحت اجزاء بھی پائے جاتے ہیں۔
پھلوں کی ترشی میں حیاتین ج (وٹامن سی) بھی ہوتی ہے،جو دانتوں اور ہڈیوں کی مضبوطی اور صحت کے لئے ضروری ہوتی ہے۔پھلوں کا رس جلد جذب ہو کر جسم کے ایک ایک ریشے میں توانائی بھر دیتا ہے۔ہر پھل اپنی جگہ مفید اور کسی نہ کسی مرض میں تیربہ ہدف دوا کا کام کرتا ہے۔ذیل میں ایک ایسے ہی انتہائی ذائقے دار اور صحت بخش پھل کیوی (Kiwi) کے فوائد درج کیے جا رہے ہیں:
کیوی پھل کی بہترین طبی اور شفا بخش خوبیوں اور غذائی اجزاء سے بھرپور ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں اسے خاص اہمیت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

کیوی پھل کا اصل وطن آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ بتایا جاتا ہے۔اس میں بھی وہ تمام صحت بخش اجزاء پائے جاتے ہیں،جو دوسرے پھلوں میں موجود ہوتے ہیں۔کیوی پھل میں خوردنی شکر کے علاوہ پوٹاشیم،فاسفورس،تانبا،کیلشیم،ریشہ اور مینگنیز وافر مقدار میں ہوتے ہیں۔اس کے علاوہ اس میں حیاتین ج اور ھ (وٹامنز سی اور ای) بھی کثیر مقدار میں پائی جاتی ہیں۔
کیوی میں چونکہ حرارے (کیلوریز) کم ہوتے ہیں،اس لئے اسے اپنی روزانہ کی غذاؤں میں شامل کرنے سے آپ کے وزن میں کمی واقع ہوتی ہے۔اس طرح کیوی پھل موٹے افراد کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
کیوی ظاہری طور پر چیکو پھل کی طرح نظر آتا ہے،لیکن ذائقے میں یہ اسٹرابیری سے ملتا جلتا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق اس پھل کے کاشت کرنے کی ابتداء نیوزی لینڈ سے ہوئی،اس لئے اس کا نام نیوزی لینڈ کے ایک کیوی نامی پرندے کے نام پر رکھا گیا۔
کیوی پھل میں مذکورہ بالا حیاتین کے علاوہ حیاتین الف،ب۔6 اور ب۔12(وٹامنز اے،بی۔6 اور بی 12) بھی موجود ہوتی ہیں اور دوسرے مفیدِ صحت اجزاء بھی ہوتے ہیں،جو خون کی روانی کو بحال رکھتے ہیں،فولاد کو جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں،ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط کرتے ہیں،بصارت کو تیز کرتے ہیں اور ذہنی دباؤ سے نجات دلاتے ہیں۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لئے چونکہ گلوکوس اور شکر سے پرہیز کرنا بہت ضروری ہوتا ہے،لہٰذا وہ بہت سے پھل نہیں کھا سکتے،کیونکہ ان میں شکر کافی مقدار میں پائی جاتی ہے،لیکن کیوی ایک ایسا منفرد پھل ہے،جو نہ صرف خوش ذائقہ ہوتا ہے،بلکہ اس میں شکر بھی بہت کم مقدار میں ہوتی ہے،اس لئے یہ ذیابیطس کے مریضوں کے لئے نہایت مفید پھل ہے۔
کیوی میں چکنائی (فیٹ) بھی کم مقدار میں پائی جاتی ہے۔یہ کورونا وائرس اور ڈینگی بخار سے بچانے میں بھی ہماری مدد کرتا ہے،اس لئے کہ اس میں موجود حیاتین ج اور مانع تکسید اجزاء (Antioxidants) قوت مدافعت میں اضافہ کرتے ہیں اور اس کا رس ڈینگی بخار کی شدت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔کیوی میں پایا جانے والا ایک جزو غدئہ قدامیہ (پروسٹیٹ گلینڈ) اور پھیپھڑوں کے سرطان سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کیوی پھل پُرسکون نیند کے حصول میں بھی معاونت کرتا ہے۔جرمنی کی ایک یونیورسٹی کے ماہرینِ صحت نے چند ایسے رضاکاروں پر تجربہ کیا،جو گہری اور پُرسکون نیند سے محروم تھے۔انھیں سونے سے ایک گھنٹہ قبل کیوی پھل کھانے کو دیا گیا۔بعد ازاں یہ دیکھا گیا کہ وہ نہ صرف گہری اور پُرسکون نیند سوئے،بلکہ زیادہ سوئے اور بستر پر جانے کے بعد نیند نہ آنے کا دورانیہ بھی 35 فیصد کم ہو گیا۔
کیوی پھل فرد کے ذہن کو پُرسکون کرکے اس پر قدرتی نیند طاری کرتا ہے۔اس کے علاوہ یہ بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
کیوی امراضِ قلب سے بچانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔ماہرینِ صحت کے مطابق یہ پھل کھانے سے ہم 15 فیصد تک امراضِ قلب سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔چنانچہ قلب کے مریضوں کے لئے کیوی بہت فائدہ مند پھل ہے۔یہ معدے،جگر اور موٹاپے کی گرمی دور کرنے میں بھی موٴثر ہے۔
اس گرمی کے دور ہونے سے مردانہ طاقت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔گردے کی پتھری کے اخراج میں بھی کیوی اعانت کرتا ہے۔اس میں چونکہ پوٹاشیم کی زیادہ مقدار ہوتی ہے،جو گردے کی پتھری کو بننے سے روکتی ہے۔کیوی سوزاک،سیلان الرحم (لیکوریا) اور سوزشِ رحم جیسے امراض دور کرنے میں مفید پایا گیا ہے۔یہ پھل غذائی ریشے سے بھرپور ہوتا ہے۔غذائی ریشہ متعدد بیماریوں کی روک تھام میں معاونت کرتا ہے۔

کیوی پھل جلد کو نرم و ملائم،شاداب اور چمک دار بناتا ہے۔اس میں قدرتی طور پر ایسی خاصیتیں پائی جاتی ہیں،جو تیز مرچ مسالے دار کھانوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں،اس طرح معدے کی جلن و تیزابیت سے ہم محفوظ رہتے ہیں۔یہ خاصیتیں جلد پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں،لہٰذا جلد کی چمک اور تروتازگی برقرار رہتی ہے۔کیوی میں موجود مانع تکسید اجزاء بھی جلد کو خراب ہونے سے بچاتے ہیں۔
کیوی پھل کے گودے کو چہرے پر لگانے سے چہرے کی جلد تروتازہ اور شاداب ہو جاتی ہے۔کیوی پھل آپ کی جلد کے لئے ایک بہترین ہربل دوا کی حیثیت رکھتا ہے،اسی لئے اسے ماسک یا اسکرب (Scrub) کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
کیوی کا رنگ ہلکا براؤن ہوتا ہے۔اس کے اوپر والی تہ کے چھلکے پر باریک باریک رواں ہوتا ہے۔اس کے اندر کالے رنگ کے چھوٹے چھوٹے بیج ہوتے ہیں۔
اس کو کاٹنے پر اندر سے زرد رنگ کا گودا نکلتا ہے،جو میٹھا اور خوش ذائقہ ہوتا ہے۔یہ بہت مزے دار اور صحت بخش پھل ہے۔اچھی صحت کے لئے چین،نیوزی لینڈ،آسٹریلیا اور یورپ کے لوگ اسے بہت ذوق و شوق سے کھاتے ہیں۔ان ملکوں میں کیوی پھل سے بہت سی مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔کیوی اتنا مفید پھل ہے کہ یہ ہر عمر کے لوگوں کو فائدہ پہنچاتا ہے۔اسے اگر روزانہ کھایا جائے تو پٹھے مضبوط ہو جاتے ہیں۔
یہ غذائی نالی کو فعال اور توانا بناتا ہے۔کیوی میں پائی جانے والی لحمیات (پروٹینز) نہ صرف غذا ہضم کرنے میں مدد دیتی ہیں،بلکہ آنتوں سے غلیظ مادوں کو خارج کرکے انھیں صحت مند بھی رکھتی ہیں۔
بعض لوگ کیوی پھل سے شیک بھی بناتے ہیں،جو بہت مزے دار اور توانائی بخش ہوتا ہے۔اگر اس شیک کو صبح کے وقت پیا جائے تو دن بھر توانائی و فعالیت برقرار رہتی ہے۔
یہ ایک پیشاب آور پھل ہے،اس لئے اسے کھانے سے جسم کے سارے مضر صحت مادے بہ آسانی خارج ہو جاتے ہیں،اس طرح صحت اچھی رہتی ہے،ایک زمانے میں کیوی پھل نایاب تھا،لیکن اب جدید کاشت کاری اور سہولتوں کی وجہ سے پاکستان کے ہر شہر میں بہت آسانی سے مل جاتا ہے۔کیوی پھل خریدتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ نرم ہو،اس لئے کہ سخت کیوی مزے و ذائقے میں خراب ہوتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj