Lemon - Ghizai O Shifai Khoobiyon Se Maala Maal - Article No. 2258

Lemon - Ghizai O Shifai Khoobiyon Se Maala Maal

لیموں ۔ غذائی و شفائی خوبیوں سے مالا مال - تحریر نمبر 2258

لیموں ایک ایسا منفرد پھل ہے جس کے صرف فائدے ہی فائدے ہیں

منگل 28 ستمبر 2021

پھلوں کی افادیت اور ان کے دُہرے مثبت اثرات رکھنے والی خاصیت پر کسی شک و شبے کا احتمال نہیں کیا جا سکتا ہے۔تاہم کچھ پھل ایسے بھی ہیں جن کا غیر ضروری یا بروقت استعمال کرنا صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے،اس کی سب سے بڑی مثال سیب ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اپنے دوست کو یہ پھل صبح کے وقت دیں اور دشمن کو رات کے وقت کھلائیں علاوہ ازیں روزانہ ناشتے میں سیب کا استعمال کرنے والے کو زندگی میں کم و بیش ہی ڈاکٹر کی ضرورت پیش آتی ہے۔
دوسری طرف جیسے کہ ضرورت سے زیادہ کیلے کا استعمال جسم کو موٹاپے کی جانب مائل کرتا ہے لیکن لیموں ایک ایسا منفرد پھل ہے جس کے صرف فائدے ہی فائدے ہیں۔لیموں کھانوں میں بطور سبزی استعمال ہوتا ہے یہ ناصرف ڈشز کی لذت کو دوبالا کرتا ہے بلکہ ہاضمے کے لئے بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

لیموں پانی جسے سکنجبین یا لیمونیڈ بھی کہا جاتا ہے۔یہ مشروب گرمی کے توڑ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

لیموں بیک وقت ایک پھل،دوا،سبزی اور جراثیم کش دوا کی خصوصیات سے بھی مالا مال ہے۔آیئے اللہ تعالیٰ کی بے حد قیمتی نعمتوں میں سے ایک لیموں کی بے انتہا افادیت اور اس میں چھپے اہم غذائی اجزاء کے بارے میں جانتے ہیں۔
لیموں کی افادیت
لیموں بہت سی بیماریوں کے توڑ کے لئے استعمال ہوتا ہے،جس میں گلے کا درد،بدہضمی،قبض،گھٹیا،دانتوں کے مسائل،بخار اور ہیضہ جیسے امراض شامل ہیں۔
علاوہ ازیں یہ موٹاپے پر قابو پانے میں بھی معاون کا کردار ادا کرتا ہے۔یہ بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) کو نارمل رکھتا ہے اور بالوں اور جلد کی نشوونما کے لئے بھی نہایت فائدہ مند ہے۔لیموں قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے اور معدے کی صفائی کرتا ہے۔ اس میں خون کو فلٹر کرنے والے اجزاء بھی شامل ہوتے ہیں۔
لیموں میں موجود غذائیت
لیموں کی کیمیائی ترکیب ہی اسے جراثیم کش،دوا اور دیگر بیماریوں کے علاج کے قابل بناتی ہے۔
لیموں میں موجود وٹامن (حیاتین) C، وٹامن B6،وٹامن E ، Riboflavin,Thiamin،کچھ ضروری دھاتیں مثلاً زنک،کاپر،میگنیشیم،آئرن،پوٹاشیم بھی شامل ہوتے ہیں ۔لیموں کے اندر فلیوونائیڈز (Flavonoids) موجود ہوتے ہیں جس کے باعث لیموں بطور اینٹی آکسیڈنٹ (عمل تکسید کو روکنے والا عمل) اور کینسر کے خلاف لڑنے کا بہترین غذائی محرک ثابت ہوتا ہے۔امریکن یورولوجیکل ایسوسی ایشن کی تحقیق کے مطابق لیموں پانی یا لیمونیڈ گردے کی پتھری کے اخراج کے لئے موٴثر اثر دکھاتا ہے۔
بہت سے لوگ لیموں کو ڈٹرجنٹ کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔یہ گہرے داغ دھبوں کو مٹاتا ہے اور اس کی خوشبو مچھروں کو بھگانے کے لئے استعمال کی جا سکتی ہے۔حکیم و اطباء پتھری کے علاج کے لئے لیموں کے رس میں زیتون کا تیل ملا کر پینے کا مشورہ دیتے ہیں۔لیموں عمر رسیدگی کی ناخوشگواریت کے خاتمے کے حوالے سے بھی بہترین معاون ثابت ہو سکتا ہے،اس کا استعمال گھٹنوں کے درد اور سوجن سے نجات دلاتا ہے۔

مختلف بیماریوں کے علاج کے لئے لیموں کا کردار
بدہضمی اور قبض:
لیموں کا جوس بدہضمی اور قبض سے ہونے والے دیگر امراض کے علاج میں کارگر ہے۔لیموں کے چند قطرے کھانے میں ڈالیں،لیکن احتیاط رہے کہ دودھ میں مکس نہ کریں،کیونکہ لیموں کا اہم جزو وٹامن سی دودھ کو پھاڑ دیتا ہے۔یہ غذا کو خصوصاً گوشت کے سالن کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
لیموں خون کو صاف کرنے اور معدے میں موجود نقصان پہنچانے والے بیکٹیریاز کو تلف کرنے کا کام بھی کرتا ہے۔مرغن و تیز مرچ مصالحوں والی آئلی غذا کھانے کے بعد لیموں سوڈے کا استعمال بھی نہایت مفید ہے۔سوڈا واٹر‘کالا نمک اور لیموں کے رس کا مکسچر لیموں سوڈا کہلاتا ہے۔اگر اس میں چند پودینے کے پتے اور سونف بھی شامل کر دی جائے تو تازگی اور ذائقے کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ موٹاپے خصوصاً پیٹ کو بڑھنے سے بچاتا ہے۔

بخار:
لیموں کا رس،نزلہ،زکام اور کھانسی کے علاوہ بخار کا توڑ بھی کرتا ہے،یہ پسینے کی رفتار کو بڑھا کر بخار کی شدت کو فوراً کم کر دیتا ہے۔
دانتوں کی دیکھ بھال:
دانتوں کی نگہداشت میں لیموں کا رس معاون کا کردار ادا کرتا ہے۔اگر تازہ لیموں کے رس کے چند قطرے دانت کے درد والی جگہ پر لگائے جائیں تو یہ درد سے فوراً نجات دلاتا ہے۔
احتیاط سے کئے گئے لیموں کے رس کا مساج مسوڑھوں سے خون آنے کی پریشانی کو روکتا ہے۔ علاوہ ازیں مختلف مسوڑھوں کی بیماریوں کے باعث پیدا ہونے والی منہ کی بدبو سے نجات ملتی ہے۔اگر روزانہ عام استعمال ہونے والے ٹوتھ پیسٹ پر چند قطرے لیموں کے رس کے ٹپکائے جائیں تو یہ دانتوں کی صفائی کرکے پیلاہٹ کو ختم کر دیتا ہے۔نچوڑے ہوئے لیموں کے چھلکے کی اندرونی سائیڈ کو دانتوں پر رگڑنے سے دانتوں کی پیلاہٹ دور ہو جاتی ہے اور اس کی چمک میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
خاص طور پر کھانے کے بعد یہ عمل بہت فائدہ پہنچاتا ہے‘لیکن خیال رہے کہ لیموں میں (سٹرک ایسڈ) وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس میں تیزابی خواص موجود ہوتے ہیں۔اگر زیادہ رگڑنے سے دانتوں اور مسوڑھوں پر جلن محسوس ہو تو فوراً سادے پانی سے کلی کر لیں۔
بالوں کی نشوونما میں بھی موٴثر:
بالوں کی نشوونما میں لیموں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے،اگر سر کی جلد پر لیموں کا رس باقاعدگی سے لگایا جائے تو یہ خشکی و سکری‘ بالوں کے گرنے اور بالوں کو قبل ازوقت سفید ہونے سے روکتا ہے۔
سرسوں کے تیل میں لیموں کا رس ملا کر سر پر لگانا بھی نہایت مفید ثابت ہوتا ہے، یہ بالوں کی قدرتی چمک کو بحال کرتا ہے۔
جلد کی بیماریوں کے لئے بطور جراثیم کش:
لیموں جراثیم کش دوا بھی ہے یہ جلد سے متعلق بہت سی بیماریوں سے چھٹکارا دلاتا ہے۔جلد کی بدرنگ سیاہی کے خاتمے کے لئے لیموں کے رس میں دیگر اجزاء جیسے بیسن‘ہلدی پاؤڈر اور گلیسرین کی شمولیت سے بنائے گئے پیسٹ کو متاثرہ حصوں پر لگانے سے چند ہفتوں میں جلد کی رونق و رعنائی میں قابل قدر اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
شہد کی مکھی کے ڈنک سے ہونے والی سوزش سے نجات دلانے میں بھی لیموں مددگار ثابت ہوتا ہے۔یہ بڑھتی عمر کو روکنے والے ایجنٹ (عامل) کے طور پر بھی فعال کردار ادا کرتا ہے۔لیموں کا رس دیگر نیچرل اسکن کیئر پروڈکٹس میں ملا کر چہرے پر لگانے سے جھائیوں،حلقوں،کیل مہاسوں کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے،اس عمل کو روزانہ رات کو سونے سے پہلے کرنا بہتر ہوتا ہے۔
لیموں کے رس میں پانی اور تھوڑا سا شہد ملا کر پینے سے نظام انہضام کی صفائی کے ساتھ ساتھ چہرے کی رونق و دلکشی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔لیموں کی اساسی خوبیوں کے حامل صابن مارکیٹ میں دستیاب ہوتے ہیں،ان کا استعمال بھی جلد کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔لیموں کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے اس لئے گرمی دانوں پر اس کا رس لگانے سے ناصرف یہ دانوں کو ختم کرتا ہے بلکہ بدنما نشانوں کو فوراً رفع کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

نکسیر کا توڑ:
تھوڑا سا لیموں کا رس ذرا سی روئی پر لگا کر ناک کی اندرونی جانب لگانے سے ناک سے خون آنا بند ہو جاتا ہے۔مارکیٹ میں لیموں کی قیمتوں کے اُتار چڑھاؤ سے عام آدمی پریشان ہے اور لیموں کے ایک ساتھ ڈھیر سارے فوائد سے محروم رہ جانا بھی زیادتی ہے۔اس مسئلے کا آسان ترین حل یہ ہے کہ لیموں کے چند بیج اچھے طریقے اور احتیاط سے مٹی میں دبا دیں،اس موسم میں یہ تیزی سے پھل پھول جاتے ہیں اور آپ پورا موسم گرما اس کی افادیت سے فیض یاب ہو سکتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj