Mangosteen Fruit - Article No. 2925

Mangosteen Fruit

مینگوسٹین فروٹ - تحریر نمبر 2925

صحت بخش خوبیوں سے سجا بدیسی پھل

بدھ 22 جنوری 2025

افشین حسین بلگرامی
منفرد ظاہری ساخت اور ذائقے سے سجے اس پھل کو جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں ٹروپیکل فروٹس کی ملکہ (Queen Of Tropical Fruits) کے نام سے پکارا جاتا ہے۔گول و خوشنما ساخت کے حامل جامنی رنگ کے مینگوسٹین پھل (Mangosteen Fruit) کو اس کے لذیذ رسیلے اور برف جیسی دودھیا شناخت کے حامل گودے کی وجہ سے تقریباً ایشیائی ممالک میں بہت پسند کیا جاتا ہے تاہم اس پھل کی مقبولیت کا گراف اب بہت سے یورپین ممالک تک بھی پھیل چکا ہے۔

مینگوسٹین نباتاتی خاندان کلوزیاسی (Clusiaceae) کی جینس گارسینیا (Garcinia) سے تعلق رکھنے والا پھل ہے اور اس کا نباتاتی نام گارسینیا منگوستانا (Garcinia Mangostana) ہے۔یہ تھائی لینڈ کا دیسی پھل ہے جسے وہاں کی مقامی زبان میں مانگ کھڈ (Mang Khud) کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

تھائی لینڈ کی سر زمین پہ مینگوسٹین فروٹ بکثرت پیدا ہوتا ہے اسی لئے مینگوسٹین فروٹ دنیا بھر میں بالخصوص یورپی ممالک میں برآمد کرنے والا تھائی لینڈ سب سے بڑا ایکسپورٹر ہے تاہم تھائی لینڈ کے علاوہ مینگوسٹین فروٹ منقطہ حارہ یا ٹروپیکل خطے پہ واقع دیگر ممالک کے برساتی جنگلوں‘ جن میں انڈونیشیا‘ ملائیشیا اور فلپائن شامل ہیں‘ میں بھی پایا جاتا ہے۔

مینگوسٹین فروٹ 20-60 فٹ اونچے سدا بہار درخت میں لگنے والا پھل ہے جبکہ سری لنکا اور انڈیا کے کچھ علاقوں میں بھی اس کی تجرباتی قلمی کاشت کی گئی جو کامیابی سے ہمکنار ہوئی لہٰذا انڈیا‘ بنگلہ دیش اور سری لنکا میں بھی اس مزیدار پھل سے وہاں کے باشندے اب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔مینگوسٹین فروٹ نمی سے بھرپور آب و ہوا کے حامل موسم میں پھلتا پھولتا ہے۔
موسمِ سرما کے اختتام کے ساتھ ہی مینگوسٹین کے درختوں پہ شگوفے پھوٹنا شروع ہوتے ہیں جو بتدریج پھلتے پھولتے ہوئے خوبصورت جامنی رنگ کے مینگوسٹین فروٹ میں تبدیل ہو جاتے ہیں اور جون سے اکتوبر تک مارکیٹ میں فروخت کے لئے دستیاب ہو جاتے ہیں۔مینگوسٹین فروٹ کے ہر درخت سے سینکڑوں کی تعداد میں پھل اُترتے ہیں جن کی گول ساخت کے اوپری حصے پر سبز رنگ کا مسند گل (Calyx) اور ڈینٹھل موجود ہوتا ہے۔
ایک مکمل پکے ہوئے مینگوسٹین فروٹ کی پیمائش تقریباً 3-7 سینٹی میٹر تک ہوا کرتی ہے۔پھل کا بیرونی چھلکا قدرے سخت اور کچھ موٹا ہوتا ہے چھلکے کے گرد (عموماً ٹوپی نما ہرے مستند گل و ڈنٹھل کے کنارے) رستا ہوا پیلے رنگ کا شیرہ ذائقے میں انتہائی کڑوا کسیلا ہوتا ہے جو اگر غلطی سے کپڑے پہ لگ جائے تو نہ چھوٹنے والی سیاہی یا داغ ڈال دیتا ہے۔مینگوسٹین پھل میں اندرونی طور پر 4-10 تکونی پھانکیں (موسمبی و کینو کی پھانکوں کی طرح) موجود ہوتی ہیں جو کہ نرم‘ گودے دار اور برف جیسی سفید رنگت کی حامل ہوتی ہیں ہر پھانک کے اندر 1-4 نیم سفیدی مائل بیج موجود ہوتے ہیں جو کہ انتہائی کڑوے ذائقے کی بناء پہ کھانے کے قابل بالکل بھی نہیں ہوتے ہیں تاہم مینگوسٹین فروٹ کی گودے دار رسیلی پھانکوں کے ذائقے کی جہاں تک بات ہے تو انتہائی خوش ذائقہ میٹھا‘ مدہم سا ترش اور خوشبودار ہوتا ہے۔

دنیا بھر کے منقطہ حارہ پہ واقع خط استوائی علاقوں میں مینگوسٹین فروٹ کے نباتاتی خاندان سے تعلق رکھنے والے دیگر پھل بھی پائے جاتے ہیں۔ان میں سے بیشتر پھل ایک ہی نباتاتی خاندان کی مختلف جینس سے وابستہ ہونے کی وجہ سے ساخت و ذائقے میں مینگوسٹین فروٹ سے مشابہ ہونے کے باوجود بھی قدرے مختلف دیکھائی دیا کرتے ہیں۔ان میں سے کچھ کے نام و علاقے درج ذیل ہیں۔

چھیراپو (Cherapu) یا بٹن مینگوسٹین
جو ملائیشیا میں پایا جاتا ہے۔
لیمن ڈراپ مینگوسٹین
جو ملاین پے نیسولا (Malayan Peninsula) میں پایا جاتا ہے۔
افریقن مینگوسٹین یا امبی (Imbe)
جو مغربی افریقہ میں پایا جاتا ہے۔
صحت بخش خوبیوں سے بھرپور مینگوسٹین فروٹ
منفرد لذتوں سے سجا یہ مزیدار ٹروپیکل فروٹ صحت بخش خوبیوں کے حامل غذائی اجزاء سے بھی بھرپور ہے اسی لئے اس پھل کو صحت و تندرستی برقرار رکھنے اور جسمانی نشوونما میں معاونت کرنے والا ایک بہترین پھل قرار دیا جاتا ہے۔
مینگوسٹین فروٹ میں سیچوریٹڈ فیٹس یا چکنائی اور کولیسٹرول بالکل بھی نہیں پایا جاتا اسی لئے اس پھل کو لو کیلوری (Low Calorie) فروٹ بھی کہتے ہیں (100 گرام‘ مینگوسٹین فروٹ 63 کیلوری پائی جاتی ہے)۔بے شمار صحت بخش منرلز‘ وٹامنز اور غذائی ریشوں کی کثیر رسد سے بھرپور یہ پھل انسانی جسم کو فضا میں آزاد گھومتے اصلیوں و مختلف وائرس و بیکٹیریاز سے مزاحمت کرنے کی طاقت فراہم کرتا۔
بلڈ پریشر نزلہ‘ زکام‘ امراضِ قلب‘ بدہضمی اور معدے کی گرانی کی تکالیف میں مبتلا افراد کے استعمال کے لئے مینگوسٹین فروٹ کا استعمال بے حد مفید ہے۔وٹامن C‘B کامپلکس وٹامن جیسے کہ تھایامین‘ نیاسین‘ فولیٹ (Folate) کے علاوہ پوٹاشیم‘ میگنیشیم‘ کاپر اور میگنیشیم جیسے منرلز بھی اس میں موجود ہوتے ہیں جو اسٹروک اور کارونری ہارٹ ڈیزیزز یعنی دل کے دائمی امراض سے نبر و آزما ہونے کے لئے فرد کو قوت فراہم کرتے ہیں۔

مینگوسٹین کا ذائقہ انتہائی مزیدار ہوتا ہے۔اس کا رس پیاس بجھانے والا اور سخت گرمیوں کے موسم میں قلب و جاں کی تسکین کا باعث بنتا ہے۔اسے سادہ کھائیں‘ جوس نکال کر ٹھنڈا کر کے نوشِ جاں کیجیے‘ تربوز‘ پائن ایپل‘ پپیتے‘ فالسے و شہتوت وغیرہ کے ساتھ فروٹ سیلڈ میں استعمال کیجیے یا پھر اس کی لذیذ پھانکوں سے اپنی فروٹ کاک ٹیل ڈیزرٹ کو خصوصی ذائقہ بخشئے یہ منفرد و مزیدار پھل ہر انداز میں آپ کے من کو بھائے گا۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj