Mausam Barsat Aur Sekanjabin - Article No. 2539

Mausam Barsat Aur Sekanjabin

موسم برسات اور سکنجبین - تحریر نمبر 2539

موسم برسات میں یہ مشروب صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتا ہے

جمعرات 15 ستمبر 2022

حکیم حارث نسیم سوہدروی
موسم گرما میں جھلسا دینے والی گرمی بہت اذیت ناک ہوتی ہے۔اس شدید گرمی میں پیاس بڑی شدت سے لگتی ہے اور منہ خشک رہتا ہے،کیونکہ جسم سے پانی بہ ذریعہ پسینہ بہت بہتا ہے۔ایسی شدید گرمی میں ہر فرد پریشان ہو جاتا ہے۔شدید گرم موسم میں مشروبات پینے سے نہ صرف گرمی کا اثر کم ہو جاتا ہے،بلکہ جسم کی توانائی بھی بحال ہو جاتی ہے،اس لئے کہ مشروبات میں مٹھاس ہوتی ہے۔
اس موسم میں لیموں پانی میں حسب ضرورت شکر،نمک اور برف کے چھوٹے ٹکڑے اور پودینے کے پتے شامل کرکے ایک مشروب تیار کر لیا جاتا ہے،جسے سکنجبین کہتے ہیں۔یہ مشروب چند منٹ میں ہر فرد تیار کر سکتا ہے۔
موسم گرما کے بعد جب جولائی اور اگست کے مہینوں میں موسم برسات آتا ہے تو برسات کے موسم میں شدید حبس ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

پسینہ بہنے کی وجہ سے کپڑے جسم سے چپک جاتے ہیں۔

پسینہ خشک ہونے کا نام نہیں لیتا۔دل گھبرانے اور ڈوبنے لگتا ہے۔ہضم کا نظام کمزور ہو جاتا ہے۔اس موسم میں سکنجبین پینے سے نہ صرف گرمی کی شدت کم ہو جاتی ہے،بلکہ لذت کام و دہن کا سامان بھی ہو جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ برسوں سے موسم گرما اور موسم برسات میں ہمارے ملک میں لوگ سکنجبین بڑے ذوق و شوق سے پیتے ہیں۔مصنوعی ذائقوں والے مشروبات کے مقابلے میں یہ قدرتی مشروب صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔
یہ مشروب ہماری روایت اور ثقافت میں شامل ہے۔یہ بہت مہنگا مشروب نہیں ہے،بلکہ ایک سستا مشروب ہے،جو ہر فرد گھر پر بہ آسانی تیار کر سکتا ہے۔یہ بہت صحت بخش مشروب ہے۔اس کی صحت بخشی کا اندازہ اس سے لگائیے کہ 100 گرام سکنجبین میں بہت سے صحت بخش اجزاء شامل ہوتے ہیں،مثلاً حرارے (کیلوریز) 69،کولیسٹرول 0،نشاستے 10 فیصد،ریشہ 89ء گرام،لحمیات (پروٹینز) 14ء گرام،حیاتین ج(وٹامن سی) 366ء ملی گرام،پوٹاشیم 138 ملی گرام،کیلشیم 656ء ملی گرام،فولیٹ 3 فیصد اور تانبا 20ء ملی گرام۔

لیموں کی سکنجبین ہضم کے نظام کو درست رکھتی ہے۔برسات کے موسم میں عام طور پر معدہ جلد متاثر ہو جاتا ہے،سکنجبین اس کا موٴثر علاج ہے۔یہ تیزابیت اور بدہضمی کے خاتمے کے لئے بھی مفید ہے۔سکنجبین ثقیل غذاؤں کو ہاضم بناتی اور معدے کی سوزش بھی دور کرتی ہے۔اس کے پینے سے گردوں کی صفائی ہو جاتی ہے۔گردے ہائی بلڈ پریشر کو معمول پر لے آتے ہیں۔
سکنجبین حیاتین (وٹامنز) سے بھرپور ہونے کی وجہ سے ہماری جلد کی صحت کے لئے بہت فائدہ مند ہے۔اس کے علاوہ پودینے میں قدرت نے یہ خاصیت رکھی ہے کہ یہ اضمحلال و افسردگی (ڈپریشن) اور بے چینی و بے قراری سے نجات دلاتی ہے۔اسے اگر سکنجبین میں شامل کرکے پیا جائے تو نہ صرف سانس کی تکلیف دور ہو جاتی ہے،بلکہ جسم میں مانع بیکٹیریا خصوصیات بھی متحرک ہو جاتی ہیں،جس سے جسم بیماریوں کی زد سے بچا رہتا ہے۔
موسم برسات میں ہمارے ہاں ملیریا کی وبا عام ہوتی ہے۔اس وبا سے چھٹکارے کے لئے سکنجبین بے حد موٴثر ثابت ہو چکی ہے۔صفراوی بخاروں میں بھی سکنجبین بہترین دوا کا کام کرتی ہے۔اگر یرقان کے مریض روزانہ سکنجبین پئیں تو انھیں بہت فائدہ ہو گا۔ہمیں چاہیے کہ موسم برسات میں ہم بچوں کو مصنوعی مشروبات پلانے کے بجائے سکنجبین جیسے قدرتی اور مفید صحت مشروب کی طرف راغب کریں،کیونکہ موسم برسات میں یہ مشروب صحت پر بہت اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj