Nanhe Munne Lemon K Faide Buhat - Article No. 1624

Nanhe Munne Lemon K Faide Buhat

ننھے منے لیموں کے فائدے بہت - تحریر نمبر 1624

یہ پھل متعددبیماریوں کا غذائی علاج ہے

ہفتہ 20 جولائی 2019

حکیم راحت نسیم سوہدروی
لیموں ایک معروف ومقبول،خوش ذائقہ،ساری دنیا میں پائے جانے والا اور سستے داموں آسانی سے ہر جگہ ملنے والا پھل ہے ۔اس کی کاشت سارا سال ہوتی ہے ۔ظاہری طور پر یہ ایک چھوٹا سا پھل حیاتین سے بھر پور ہے اور حیاتین ج(وٹامن سی)کا تو بھر پور خزانہ ہے۔حیاتین ج(وٹامن سی)کی کمی سے مسوڑھوں سے خون آنا ورم ہو جانا،صفروای بخار اور ہڈیوں کی کمزوری وشکست وریخت جیسے امراض ہو سکتے ہیں ۔
اس لئے معالج حضرات اس عارضے میں وٹامن سی کی گولیاں دیتے ہیں ۔لیکن لیموں کے استعمال سے ان گولیوں سے بچا جا سکتا ہے ۔
نیز وٹامن سی کی کمی سے متعدد عارضوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔یوں تو لیموں سارا سال ہوتا اور ملتا ہے مگر اس کا موسم پیداوار برسات ہے اور دوسرے پھلوں کی طرح یہ چھوٹا پھل بھی اپنے موسمی تقاضے خوب پورے کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

پھل موسم کے مطابق کیفیت وتکالیف کے ازالے کے ساتھ ساتھ لذت وغذائیت بھی فراہم کرتے ہیں ۔

اس طرح لیموں وبائی امراض مثلاً پیٹ درد،قے،اسہال ،خارش اور گرمی کے دانوں میں گونا گوں فوائد کا حامل ہے ۔موسم برسات میں لیموں کی تسکین بہت مفید ہوتی ہے ۔قے ،دست اور متلی میں لیموں پر کالی مرچ اور نمک لگا کر چٹائیں، دونوں وقت کھانے کے ساتھ پیاز پر لیموں نچوڑ کر نمک کا اضافہ کرکے استعمال کریں۔
لیموں کا تعلق ترش فروٹ(ترش خاندان)سے ہے۔
اس خاندان میں لیموں کے علاوہ سنگترہ ،مالٹا ،کینو ،میٹھا اور چکوتراوغیر ہ ہیں مگر لیموں اس خاندان میں سب سے فائدہ مند اور غذائی اجزاء سے مالا مال ہے۔
قدرت نے لیموں کو کثیر غذائی اجزاء سے سر فراز کیا ہے اس میں پچاس فیصد پانی کے علاوہ لحمی اجزاء چکنائی اور نشاستہ دار اجزاء ہوتے ہیں ۔حیاتین الف (وٹامنA)قلیل مقدار میں جبکہ حیاتین ج (وٹامنC)کثیر مقدار میں ہوتی ہے۔
ہر ایک چھٹانک لیموں میں 32غذائی حرارے موجود ہوتے ہیں۔لیموں کے کیمیائی تجزیہ کے مطابق اس میں حیاتین ج 30ملی گرام،کیلشیئم20گرام،فاسفورس 14ملی گرام کے علاوہ سٹرک ایسڈ جس قدر لیموں میں ہوتا ہے کسی اور مشروب میں نہیں ہوتا۔
قدیم اطباء نے اس کی چند صفات معلوم کرکے اس کی سکنجبین بناڈالی جو ایک خوش ذائقہ ،فرحت بخش اور لذیذ پھل کے طور پر استعمال ہوتی ہے ۔
مگر لیموں ایک خوش ذائقہ صحت بخش پھل ہونے کے ساتھ ساتھ مفید دوائی غذا بھی ہے اور مرض یر قان جس کے علاج میں ایلوپیتھی سسٹم آف میڈیسن ناکام ہے،کا شفاء بخش علاج بھی ہے۔لیموں کا چھوٹا سا سنہری پھل نہ صرف شفائی اثرات سے مالا مال ہے بلکہ صحت وتوانائی میں بھی اپنا جواب نہیں رکھتا ۔امراض کے خلاف سب سے موٴثر ہتھیار ،قوت مدافعت ہے۔
لیموں کا استعمال اس وقت کو مضبوط بناتا ہے اور خون کے سرخ ذرات پیدا کرنے میں بھی اہم کردار کا حامل ہے۔
آج کل نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں میں چہرے پر پھوڑے پھنسیاں پیدا ہونے کی شکایات ہیں۔یہ کیل دانے چہرے کے حسن کو متاثر اور شکل کو بدصورت بنا دیتے ہیں۔جس سے نوجوانوں میں نفسیاتی ناگواری کا احساس ہوتا ہے ۔ان کیل دانوں اور خارش کا سبب عموماً فساد خون ہے۔نوجوان نسل ان سے نجات کے لئے اور جلد کے نکھار کے لئے کریموں کا بھر پور استعمال کرتی ہے مگر وہ نہیں جانتے کہ قدرت نے رنگت نکھارنے، رنگ کاٹنے کے لئے اس چھوٹے سنہری پھل میں کس قدر شفاء بخشی رکھی ہے ۔
لیموں کا استعمال جلد نکھارتا ہے ،خون کے فساد ختم کرکے خون صاف کرتا ،پھوڑے ،پھنسیاں ختم کرتا اور داغ دھبوں کو صاف کرتاہے۔مصفی خون ہونے کے علاوہ لیموں قاتل جراثیم بھی ہے،اس کا استعمال تیزابی مادوں کو ختم کرتا ہے ۔صفراوی امراض کا تو لیموں تیر بہدف علاج ہے اور اسی وجہ سے ملیریا بخار میں مفید ہے ۔
لیموں کا عرق گلاب میں ملا کر چہرے پر لگانے سے داغ دھبے صاف ہوجاتے ہیں،لیموں کی مالش چہرے کی جلد میں نکھار پیدا کرتی ہے۔موسم برسات میں جب ذرا پیٹ بھر کر کھانا کھانے سے جی متلاتا ہے اور اسہال لگ جاتے ہیں تو ایسے میں لیموں کے رس کو پانی میں ملا کر پینا مفید تدبیر ہے ۔نئی ماؤں کو جی متلانے میں لیموں چوسنے کو دیاجا تاہے۔
لیموں کے طبی استعمالات
چہرے کے داغ دھبوں کے لئے لیموں کے دو ٹکڑوں پر صابن اچھی طرح مل کرانہیں چہرے پر ملیں اور نیم گرم پانی سے منہ دھوئیں ،حساس جلد والے احتیاط سے کام لیں ۔
ان کے لئے بہتر ہے کہ لیموں کا رس برابر گلیسرین اور عرق گلاب ملا کر استعمال کریں۔
لمبے کالے اور چمکیلے بال
لیموں کے عرق میں خشک آملے کا سفوف بنا کر ملا کر بالوں کی جڑوں میں لگانا فائدہ مند ہے۔
موٹاپا
موٹاپے کوختم کرنے کے لئے آج کل سلمنگ سینٹروں کا زور ہے۔اشتہاری لوگ موٹاپے کے نام پر بڑے بڑے اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو خوب لوٹ رہے ہیں مگر کم لوگ جانتے ہیں کہ لیموں موٹاپے کے لئے شافی تدبیر ہے ۔
مصر میں نوجوان لڑکیاں عموماً چھرئے اور نازک اندام بدن کی ہوتی ہیں ۔جس کی وجہ ان کا لیموں کا استعمال کرنا ہے ۔موٹاپا دور کرنے اور اسمارٹ رہنے کے لئے صبح نہار منہ وسہ پہر آدھا آدھا لیموں کا رس نیم گرم پانی ایک گلاس میں استعمال کرنا مفیدہے۔البتہ لیموں کو استعمال سے قبل آگ پر ہلکا سا سینک لیاجا ئے،لیموں کے چھلکوں کو چہرے کے داغوں پر رگڑنا مفید ہے۔

نزلہ گرنا
یہ ایک ہٹیلا مرض ہے اور مشکل سے جاتا ہے ۔ماحولیاتی وصفائی آلودگی نے اس مرض میں بہت اضافہ کر دیا ہے ۔لوگ اس کو لا علاج خیال کرتے ہیں ،ایسے حضرات صبح ایک لیموں ،ایک گلاس پانی میں نچوڑ کر پی لیا کریں۔فائدہ ہو گا۔
لیموں کا استعمال
لیموں کا عام استعمال کر نا یعنی کھانے کے ساتھ پیاز پر نچوڑ کر کھانا ،خون کی کمی،بھوک میں اضافہ ،دل گھبراہٹ ،تیز دھڑ کن ،فساد خون کے امراض ،کیل دانے ،داغ دھبے،پھوڑے ،پھنسیوں ،مسوڑھوں کی سوجن ،خون آنا، بدہضمی ،جی متلانے میں فائدہ ہوتاہے۔

لیموں کے مضر اثرات
ہر چیز میں اعتدال ہی مناسب راہ عمل ہے، اس طرح لیموں کا استعمال بھی اعتدال میں رہ کر کرنا چاہئے ۔لیموں کا تیز محلوں دانتوں کے لئے مضر ہے ،لیموں کے زیادہ استعمال سے پٹھوں میں درد ہو سکتاہے۔
سکنجبین لیموں
لیموں کی سکنجبین بنا کر موسم برسات میں استعمال کی جاتی ہے جو موسمی تیزابیت ،معدہ کی اصلاح اور صفرا کے لئے مفیدہے۔یرقان میں اس کی دو ا استعمال ہوتی ہے اور اس موسم میں ہونے والے ملیریا بخار میں مفید ہے ۔موسم برسات میں مشروبات سے ہاتھ کھینچ لیا جاتاہے،موسم میں نمی ہوتی ہے ایسے میں سکنجبین بہت مفیدہے ،اس سکنجبین میں اپنی ضرورت کے مطابق چینی ملائی جاسکتی ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj