Orange - Article No. 1781

Orange

نارنجی - تحریر نمبر 1781

وہ فوائد جن سے عام افراد بھی نا واقف

پیر 13 جنوری 2020

محمد آصف
سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی خوشبودار نارنجیاں اور کینو ہر جگہ دکھائی دے رہے ہیں۔قدرت کے اس انمول تحفے میں بہت سے قیمتی اجزاء اور شفا کے خزانے پوشیدہ ہیں۔پہلے تازہ تحقیق سے جائزہ لیتے ہیں کہ نارنجی اور کینو کس طرح امراض قلب اور بلڈ پریشر کو روکتے ہیں۔
فالج ،بلڈ پریشر اور امراض قلب میں مفید
ماہرین نے مسلسل 15سال تک28ہزار افراد کا جائزہ لیا جس میں پھل اور سبزیوں کے دماغی قوت اور صحت سے تعلق کی تصدیق کرنا تھا۔
اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اگر کوئی مرد روزانہ اورنج جوس کے ایک چھوٹے گلاس پینے کو معمول بنالے تو اس سے حافظہ متاثر ہونے کا خدشہ 47فیصد تک گھٹ جاتاہے۔
ہالینڈ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ انوائر منٹ نے یورپی کینسر اینڈ نیوٹریشن پروگرام کے تحت 35ہزار افراد کا 15سال سے زائد عرصے تک سروے کیا جن میں 20سے لے کر 70سال تک کے افراد شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس سروے کا مقصد غذا،صحت یا اس سے ہونے یا نہ ہونے والی بیماریوں کے بارے میں معلوم کرنا تھا۔
تاہم تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نہ صرف نارنجی کے جوس سے فالج کا خطرہ کم ہوتاہے بلکہ دیگر اقسام کے تازہ پھلوں کا رس بھی اسے روکنے میں اپنا کردار ادا کرتاہے۔برٹش جرنل آف نیوٹریشن میں شائع رپورٹ کا نتیجہ یہ ہے کہ اگر ہفتے میں 8مرتبہ نارنجی کا رس پیا جائے تو فالج کا خطرہ 25فیصد تک کم ہو جاتاہے جبکہ ایک دن چھوڑ کر ایک دن یہ رس پینے سے فالج کا خطرہ20فیصد تک ٹلتا ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ اورنج جوس دل کے امراض کے خطرے کو بھی دور کرتاہے اور اس سے دل کی شریانوں کے متاثر ہونے کا خدشہ 12سے 13فیصد تک کم ہو سکتاہے ۔اس کے رس میں پھل کے تمام اہم کیمیکلز اور فلے وینوئڈز پائے جاتے ہیں جس سے خون کے لوتھڑے بننے کی شرح کم ہوتی ہے اور یوں فالج یا لقوے کا خطرہ کم سے کم ہو تا جاتاہے۔
خوبصورت جلد اور چہرہ شاداب
نارنجیوں اور کینو میں کئی طرح کے فلے وینولز خون کی روانی کو بڑھاتے ہیں۔
اس کا اثر پورے جسم پر ہوتاہے ۔پھر وٹامن سی ،فائبر ،وٹامن بی ون اور دیگر اہم اجزاء سے بھر پور نارنجیاں دیگر80غذائی اجزاء اور کیمیکل سے بھر پور ہوتی ہیں۔
بلڈ پریشر قابو میں رکھے
نارنجی اور کینو میں پوٹاشیئم کی وجہ سے بلڈ پریشر قابو میں رکھا جا سکتاہے۔امریکا میں کیے گئے ایک سروے سے جو نتائج سامنے آئے ہیں ان سے معلوم ہوا ہے کہ ایک ماہ تک ایک گلاس اورنج جوس پینے سے بلڈ پریشر کو کئی یونٹ تک کم کرکے اسے کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

کینو اور کینسر
نارنجیاں اور کینو کے استعمال سے کئی طرح کے کینسر کے خطرے سے بچا جا سکتاہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ان پھلوں میں اینٹی آکسیڈنٹس کی وسیع مقدار ہوتی ہے۔اینٹی آکسیڈنٹس خلوی (سیلیولر)سطح پر بگاڑ کو روکتے ہیں۔بصورت دیگر فری ریڈیکلز کسی نہ کسی طرح کے سرطان کی وجہ بن سکتے ہیں۔دو چھوٹے مطالعات سے یہ معلوم ہوا کہ اورنج جوس کا باقاعدہ استعمال جلد اور آنتوں کے سرطان کو روکتاہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj