Papita (papaya) - Aik Hazam Phal - Article No. 2538

Papita (papaya) - Aik Hazam Phal

پپیتا ۔ ایک ہاضم پھل - تحریر نمبر 2538

اگر پکا ہوا پپیتا دستیاب نہ ہو تو کچا پپیتا بھی کھایا جا سکتا ہے

منگل 13 ستمبر 2022

پپیتا نہایت مفید اور مزے دار پھل ہے۔ساحلی علاقوں میں یہ پھل تقریباً سارا سال دستیاب ہوتا ہے۔پپیتے کو ارنڈ خربوزہ بھی کہا جاتا ہے،کیونکہ اس میں ارنڈ کے پتوں سے مشابہ پتے لگتے ہیں۔کچے پپیتے میں دودھیا رس پایا جاتا ہے،جس میں ”پے پین“ (Papain) نامی خامرہ (انزائم) ہوتا ہے۔یہ خامرہ معدے کی ہاضم رطوبات کا عمل تیز کر دیتا ہے۔اس خامرے کے علاوہ اس پھل میں سٹرک ایسڈ (Citric Acid)،ٹارٹرک ایسڈ (Tartaric Acid) اور میلک ایسڈ (Malic Acid) نامی تیزابات بھی پائے جاتے ہیں۔

گوشت گلانے کی خصوصیت
پپیتا ہضم کے نظام کی شکایتوں میں بے حد مفید ہے۔دوا کے طور پر اس کا کچا پھل استعمال کیا جاتا ہے۔کچے پھل سے حاصل ہونے والا دودھیا رس،بیج اور گودا دوائی خواص سے بھرپور ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

کچے پپیتے کے دودھیا رس میں جو ہاضم جوہر پایا جاتا ہے،وہ گوشت کو بہت تیزی سے گلا دیتا ہے۔گوشت گلانے کی اس خصوصیت کا سب سے زیادہ فائدہ تکے بنانے والے اور کباب فروش حاصل کرتے ہیں۔

اگر کچے پپیتے کو سائے میں خشک کرکے اس کو باریک پیس کر رکھ لیا جائے تو گوشت پکاتے ہوئے اس سفوف کی صرف ایک چٹکی ڈال دینا کافی ہو گا اور گوشت تھوڑی دیر میں بالکل گل جائے گا۔
بھوک نہ لگنا
کچے پپیتے کے دودھ میں پے پین نامی جو ہاضم خامرہ پایا جاتا ہے،وہ گوشت کو تیزی سے گلا دیتا ہے۔یہ ہاضم خامرہ ہضم کی کمزوری میں بہت مفید ہے۔
اس خامرے کے استعمال سے بھوک خوب کھل کر لگتی ہے۔خامرہ حاصل کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ کسی صاف کپڑے پر کچے پپیتے کا دودھ لگا کر خشک کر لیں۔اسی طرح کئی عدد پپیتوں کا دودھ کپڑے پر خشک کرنے کے بعد اس کپڑے کو احتیاط سے جھاڑ لیں۔جو سفوف کپڑے سے گرتا جائے،اسے اکٹھا کر لیں۔اسے ہر کھانے کے بعد ایک رتی کی مقدار میں شکر ملا کر کھائیں،اس سے کھانا خوب ہضم ہو گا اور بھوک بھی خوب کھل کر لگے گی۔
اس سادہ سے نسخے پر عمل کرنے سے سارا ہضم کا نظام بیدار ہو جاتا ہے،جگر خوب اچھی طرح کام کرتا ہے،آنتیں غذا کو اچھی طرح ہضم و جذب کرتی ہیں اور کھانے کی خواہش اور رغبت میں اضافہ ہوتا ہے۔
بعض لوگوں کو بھوک اس وجہ سے نہیں لگتی ہے کہ ان کے معدے میں غشائے مخاطی (ناک کی بلغمی جھلیاں) کی چکنی رطوبت بہت زیادہ مقدار میں جمع ہو جاتی ہے یا معدے کی دیواروں سے خارج ہونے والے ہاضم رس کی مقدار میں کمی آ جاتی ہے اور اس وجہ سے انھیں بدہضمی رہتی ہے۔
کچے پپیتے کا سفوف ان تمام شکایات کا واحد اور موٴثر حل ہے۔کچے پپیتے کا تازہ دودھیا رس جلد میں داد کے مقام پر لگانے سے فائدہ ہوتا ہے۔یہ رس داد کے مقام پر لگانے سے پہلے اس جگہ کو کسی کھردری چیز سے کھرچ لیا جاتا ہے۔اس کے لگانے سے کافی جلن ہوتی ہے،لیکن فائدہ بھی جلد ہوتا ہے۔
جگر اور تلی
بڑھی ہوئی تلی (Spleen) اور جگر کے فعل کو درست کرنے کے لئے پکا ہوا پپیتا بھی کھایا جاتا ہے۔اگر پکا ہوا پپیتا دستیاب نہ ہو تو کچا پپیتا بھی کھایا جا سکتا ہے۔پپیتے کے ٹکڑے یا قاشیں کاٹ کر سرکے میں بھگو دیں۔آٹھ دس دن کے بعد روزانہ ایک ٹکڑا کھانا شروع کر دیں۔ہضم کے نظام کی اصلاح کے لئے نہایت موٴثر دوا ہے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj