Pea Ke Naye Tibbi Fawaid Samne Aa Gaye - Article No. 2567

Pea Ke Naye Tibbi Fawaid Samne Aa Gaye

مٹر کے نئے طبی فوائد سامنے آ گئے - تحریر نمبر 2567

مٹروں میں ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جو بالخصوص موسم سرما میں امنیاتی نظام مضبوط بنا کر ہمیں سردیوں کی بیماریوں سے بچاتے ہیں

ہفتہ 29 اکتوبر 2022

شمع عنصر
دنیا بھر کے ماہرینِ غذائیت،مزیدار مٹر کھانے کا مشورہ دیتے رہتے ہیں کیونکہ اس میں نت نئے طبی اور غذائی فوائد سامنے آتے رہتے ہیں اور اب مزید طبی پہلو بھی سامنے آئے ہیں۔مزے کی بات یہ ہے کہ موسم سرما آ رہا ہے اور اس موسم میں مٹر ہر جگہ دکھائی دیتے ہیں۔دالوں کے خاندان کے خوشنما اور خوش ذائقہ مٹر بچوں اور بڑوں میں یکساں مشہور ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ مٹر بہت سے کھانوں کا حصہ ہیں۔تاہم اس کے نئے طبی فوائد سامنے آئے ہیں،جو ہم آپ کو بتا رہے ہیں تاکہ آپ مٹر کھائیں اور صحت بنائیں۔مٹروں میں ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جو بالخصوص موسم سرما میں امنیاتی نظام مضبوط بنا کر ہمیں سردیوں کی بیماریوں سے بچاتے ہیں۔مٹروں میں فائبر،پروٹین،معدنیات،وٹامن،فائٹونیوٹرینٹس اور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین کہتے ہیں کہ مٹر کھانے سے چار بڑے طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں جو درج ذیل ہیں۔
ذیابیطس میں مفید
مٹر کھانے سے خون میں شکر کی مقدار قابو میں رہتی ہے کیونکہ اس کا گلائسیمک انڈیکس بہت کم ہوتا ہے۔دوسری جانب مٹروں میں ریشہ (فائبر) بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے جو ہاضمے کو بہتر بناتا ہے اور خون میں شکر کی مقدار قابو میں رکھتا ہے۔

جلد کے لئے مفید
مٹروں میں ہماری جلد کے لئے انتہائی مفید اجزاء پائے جاتے ہیں۔ان میں سب سے اہم وٹامن بی 6،وٹامن سی اور فلیٹ یعنی فولک ایسڈ کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔یہ تینوں اجزاء مل کر نہ صرف اندرونی جسمانی سوزش (انفلیمیشن) کم کرتے ہیں۔ان کی بدولت بدن میں فری ریڈیکلز کم بنتے ہیں اور ان کا نقصان بھی کم ہوتا ہے۔
اس طرح جلد کی لچک اور چمک برقرار رہتی ہے۔
پروٹین کا خزانہ
مٹروں میں پروٹین کی بہتات ہوتی ہے اور سبزی جاتی پروٹین کا یہ اہم ترین ماخذ بھی ہے۔یاد رہے کہ ہم گوشت،انڈوں اور دودھ وغیرہ سے پروٹین حاصل کرتے ہیں۔لیکن ان غذاؤں سے ہٹ کر مٹر ہمیں بہترین پروٹین فراہم کرتے ہیں۔اگر آپ صرف سبزیاں کھاتے ہیں تو پروٹین کی کمی مٹروں سے پوری ہو سکتی ہے۔

کولیسٹرول کم کرے
مٹر کا باقاعدہ استعمال نیاسین نامی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے جو مضر کولیسٹرول اور چکنائیوں کو بڑھنے سے روکتا ہے۔اس طرح مضر کولیسٹرول کم ہوتا ہے اور مفید کولیسٹرول میں اضافہ ہوتا ہے۔اس طرح کہا جا سکتا ہے کہ مٹر امراضِ قلب اور بلڈ پریشر کے خطرات کو کم کر سکتے ہیں کیونکہ یہ کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj