Peach - Article No. 1944

Peach

آڑو - تحریر نمبر 1944

پیٹ کی تیزابیت اور پیاس کی شدت میں مفید ہے

جمعرات 3 ستمبر 2020

آڑو خون کی شریانوں میں سختی دور کرکے ہائی بلڈ پریشر کو اعتدال پر لاتا ہے۔قبض کشا اثرات کی وجہ سے یہ پھل زہریلے فاسد مادے کو جسم سے خارج کرتاہے۔پیٹ کے کیڑے مارتا ہے اور آئندہ کے لئے ان کی افزائش کو روکتاہے۔آڑو کھانے سے پیاس کی شدت میں کمی آتی ہے۔یہ پھل گرمی کے بخاروں کے لئے بھی مفید ہے۔بخار کی حالت میں میٹھا پھل کھانے سے چہرے پر فوری طور پر بشاشت پھیل جاتی ہے۔
جن لوگوں کو پیٹ کی تیزابیت اور بھوک میں کمی کا مرض لاحق ہو جاتا ہے،پیاس زیادہ لگتی ہے ان کے لئے آڑو مفید بتایا جاتا ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ آڑو کے استعمال میں زیادتی سے گریز کرنا چاہیے۔آڑو مقوی معدہ،مقوی جگر،جوش خون کو اعتدال پر لانے والا اور تشنگی کا مسکن پھل ہے۔یہ ذیابیطس اور تیز بخار میں بھی مفید بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

آڑو بلغمی مزاج کے حامل لوگوں کے لئے موزوں بتایا جاتا ہے۔

آڑو درج ذیل امراض میں مفید بتایا جاتا ہے۔
پرانی تپ
آڑو کے چند پتے ایک کالی مرچ کے ساتھ پیس کر صبح کے وقت پیتے رہنے سے پرانی تپ میں فائدہ ہوتاہے۔
منہ کی بو
معدے کی خرابی کے باعث اکثر منہ سے بو آنے لگتی ہے۔ایسے میں کھانا کھانے سے تقریباً دو گھنٹے پہلے 20 گرام پھل نمک لگا کر کھائیں، منہ کی بو دور ہو جائے گی اور فرحت کا احساس ہو گا۔
آڑو کو کھانے کے ساتھ کھانا مفید ہے بعد میں زیادہ مفید نہیں۔
پیٹ کے کیڑے
جن بچوں کے پیٹ میں کیڑے پیدا ہو جائیں انہیں آڑو کھلائیں،اس سے پیٹ کے کیڑوں سے نجات مل جاتی ہے۔
معدے کی تیزابیت
جن لوگوں کے معدے میں تیزابیت رہتی ہو،وہ اس موسم میں اس پھل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔کھانے سے ایک دو گھنٹے قبل دو آڑو کھانے سے معدے کی تیزابیت دور ہو جاتی ہے،اس سے معدے کی گرمی بھی دور ہو جاتی ہے اور بھوک بڑھ جاتی ہے۔

دماغی گرمی
نوجوان لڑکیوں کو اکثر گرمی کی شکایت لاحق ہو جاتی ہے،جس کے باعث ان کے چہروں پر کیل مہاسے نکل آتے ہیں۔موسم گرما میں آڑو روزانہ کھانے سے جوش خون اعتدال پر آنے کے ساتھ فاسد رطوبتوں کا اخراج بھی ہوتا رہے گا۔
دن بھر کی مشقت
دھوپ میں سارا دن کام کرتے رہنے سے بعض لوگوں کی غذا کی نالی میں سوزش پیدا ہو جاتی ہے۔
ان کے لئے کھانا پینا قدرے دشوار ہو جاتا ہے۔اس کیفیت میں آڑو کھانا تجویز کیا جاتاہے۔
بوڑھوں کے لئے
بڑی عمر میں اکثر معدہ کمزور ہو جاتا ہے،کھانا پینا جلد ہضم نہیں ہوتاہے۔ایسے افراد کے لئے آڑو کھانا ٹھیک نہیں ہے۔کیونکہ یہ دیر ہضم پھل ہے۔اگر بڑی عمر کے لوگ اس پھل کو کھانے کا شوق ظاہر کریں تو انہیں چاہیے کہ وہ اس کے ہمراہ ادرک کا مربہ استعمال کریں۔
اس طرح آڑو جلد ہضم ہو جاتا ہے اور اس کے نقصان دینے والے اثرات بھی ختم ہو جاتے ہیں۔
کدو دانوں کے لئے
اس کے پتوں کا رس پلانے سے کدو دانے ختم ہو جاتے ہیں۔
پھوڑوں پھنسیوں کے لئے
غذا کی بے قاعدگی سے اکثر جگر میں شدید گرمی ہو جاتی ہے جس سے الرجی کا امکان رہتا ہے۔اس کے بیرونی اثرات میں پھوڑے اور پھنسیاں نکل آتے ہیں یا پھر جلد کی رنگت کئی مقامات پر سرخ پڑجاتی ہے۔
ایسے میں آڑو کا استعمال مفید ہے۔کچھ لوگ اس کا چھلکا اتار کر کھاتے ہیں مگر اسے چھلکے سمیت کھانا زیادہ زود ہضم اور قبض کشا ہوتاہے۔یہ پھوڑے پھنسیوں اور اسی نوعیت کی دیگر بیماریوں کے لئے شفائی اثرات رکھتا ہے۔
آڑو کا جیم
چھوٹے بچے جام کھانا پسند کرتے ہیں۔اگر انہیں آڑو کا جام کھلایا جائے تو انہیں لذت کے ساتھ ساتھ مقوی دماغ دوا بھی میسر ہو گی۔
اس کے لئے کھٹا میٹھا پھل لیں،اسے اچھی طرح صاف کرکے چاقو کی مدد سے اس کی چھوٹی چھوٹی قاشیں بنالیں۔انہیں ہم وزن چینی میں ملا کر دھیمی آنچ پر پکائیں،تھوڑے وقفے سے اس میں حسب ضرورت پانی بھی ملاتے رہیں۔اگر اس میں آلو بخارا یا خوبانی کی آمیزش کر دی جائے تو اس کی لذت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔یہ جیم صبح کے وقت بچوں کو استعمال کرایا جائے تو سارا دن بچے ہشاش بشاش رہیں گے اور ان کی تعلیمی قابلیت میں بھی خاصا اضافہ دکھائی دے گا۔

آڑو کا اسیٹو
سخت آڑو کے چوکور ٹکڑے کیجیے۔اس میں سے گٹھلی نکال دیں۔چھلکے بھی اتار دیں۔انہیں ہلکی آنچ پر ابالیے۔جب یہ اچھی طرح نرم ہو جائیں تو ان میں چینی شامل کر دیں۔یہ اسیٹو سادہ یا کریم ڈال کر کھایا جاتاہے۔
آڑو کا مربہ
درختوں پر پکے ہوئے سرخ آڑو لے کر انہیں دو حصوں میں کاٹ کر ان کی گٹھلی نکال دیں۔
اس کا چھلکا بھی اتار دیں،پھر انہیں شیرے میں بھگو کر ڈبوں میں بند کر دیں۔اس طرح یہ پھل لمبے عرصے تک قابل استعمال رہتا ہے اور اس کی غذائیت بھی لاجواب ہوتی ہے۔اس ترکیب سے محفوظ کردہ آڑو کو آڑو کے مربے کے نام سے موسوم کیا جاتاہے۔
آڑو کا فلیور
سکول جانے والے کئی بچے ناشتہ کیے بغیر ہی سکول چلے جاتے ہیں اور پھر سکول سے واپسی پر کھانا کھانے سے انکار کرتے ہیں۔
ان کے لئے آڑو کی یہ میٹھی ڈش بنائیے۔بچوں کے پسندیدہ فلیور کا سادہ کسٹرڈ بنا کر اس میں آڑو کے ٹکڑے ڈال کر انہیں کھانے کے لئے دیجیے۔اگر ان کے اوپر تھوڑی سی جیلی بھی ڈال دی جائے تو مزہ دوبالا ہو جاتاہے بچوں کو سکول سے آتے ہی یہ ڈش کھانے کو دیجیے ۔چند دن بعد بچوں کو دیکھ کر حیران ہو جائیں گے کہ ان کی بھوک میں خود بخود اضافہ ہوتا جا رہا ہے،اب وہ گھر میں داخل ہوتے ہی کھانے کا شور مچائیں گے۔وہ نہ صرف پیٹ بھر کر کھانا کھائیں گے بلکہ پہلے کی نسبت زیادہ چاق و چوبند دکھائی دیں گے۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj