Pear - Fiber Or Vitamen Ka Khazana - Article No. 1989

Pear - Fiber Or Vitamen Ka Khazana

ناشپاتی فائبر اور وٹامن کا خزانہ - تحریر نمبر 1989

اس پھل کا ایک نام بگو گوشہ بھی ہے

پیر 26 اکتوبر 2020

قدرت نے ہر پھل میں کچھ نہ کچھ طبی فوائد رکھے ہیں۔اس لئے کہا جاتا ہے کہ جہاں آپ گوشت،سبزی،دالیں اور دوسری غذائیں لیتے ہیں وہیں موسمی پھلوں کو بھی اہمیت دیں اور اپنی استطاعت کے مطابق کوئی نہ کوئی پھل روزانہ اپنی غذا میں شامل رکھیں۔ناشپاتی کو معدے کی طاقت بخشنے والا پھل کہا جاتا ہے۔یہ گرمیوں کا ایسا پھل ہے جو پیاس بجھاتا ہے۔
یہ قے کو روکتا ہے۔بزرگ خواتین اس کے رس کو نچوڑ کر ایک جوش دینے(ابالنے)کے بعد جما لیا کرتی ہیں اور اسہال کے مریضوں کو دیا کرتی تھیں۔یہ دستوں کا قدرتی غذائی علاج رہا ہے۔
غذائی افادیت
ناشپاتی میں سوڈیم،پوٹاشیم،شکر،فاسفورس،پروٹین،وٹامن Cہوتی ہے۔
وٹامن7Cملی گرام
پوٹاشیئم 153ملی گرام
فائبرز 22گرام
فاسفورس 1-3ملی گرام
شکر 1.5گرام
پروٹین 1.6-1گرام
یہ پھل دھو کر چھلکے سمیت بالکل سیب کی طرح کھانا چاہئے۔

(جاری ہے)

جس کی بڑی اہم وجہ ناشپاتی کے چھلکے میں موجود ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ Hydroxycinnamic acidموجود ہے جو کینسر سے تحفظ دیتا ہے،موٹاپے سے نجات اور ہڈیوں کے امراض کے لئے معاون ہے ۔نرم گودے والی ناشپاتی کو بگو گوشہ کہتے ہیں جسے بڑے،بچے دونوں ہی پسند کرتے ہیں۔حکماء کے مطابق یہ دیر سے ہضم ہوتی ہے مگر بھوک بڑھاتی ہے۔ناشپاتی کے رس میں شکر ملا کر پینے سے سر درد سے نجات ملتی ہے مگر بہتر ہے کہ سفید شکر کے بجائے گڑ یا براؤن شوگر شامل کی جائے۔
ناشپاتی سے زعفرانی مربہ بھی تیار کیا جاتا ہے جو خون بواسیر سے نجات دلاتی ہے۔بد ہضمی کے مریض ناشپاتی کے رس میں سیاہ کٹی مرچ اور نمک ملا کر پئیں تو بد ہضمی دور ہو جاتی ہے۔کھانے سے بے رغبتی بھی جاتی رہتی ہے۔
کولیسٹرول میں کمی
ناشپاتی میں فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو جسم کو نقصان پہنچانے والے خراب کولیسٹرول میں کمی لا کر دل کی بیماریوں سے تحفظ دینے والا عنصر ہے۔
اس طرح فالج کا خطرہ بھی بہت حد تک کم ہو جاتا ہے۔
نمکیات کی روک تھام
ناشپاتی میں موجود فائبر ایسے نمکیات کی بھی روک تھام کرتا ہے جو آنتوں کے سرطان کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔تحقیق کے مطابق جو خواتین روزانہ ایک ناشپاتی کھاتی ہیں ان میں چھاتی کے سرطان کا خطرہ 34فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
ہڈیوں کے بھربھرے پن سے نجات
ناشپاتی میں کیلشیم موجود نہیں لیکن روزانہ ماہرین کی تجویز کردہ کیلشیم کی مقدار کھا کر ناشپاتی کھا لی جائے تو یہ کیلشیم کو جسم میں آسانی سے جذب کرنے میں مدد دیتی ہے۔

وٹامن Cبہترین قوت مدافعت کا ذریعہ
یہ مسوڑھوں سے خون آنے کو روکتی ہے۔دانتوں کو گرم اور ٹھنڈا لگنے سے محفوظ رکھتی ہے۔منہ کی بو دور کرتی ہے پرانے قبض کا خاتمہ کرکے جگر کی سوزش کو دور کرتی ہے۔اسے کھانے سے بال مضبوط ہوتے ہیں۔جلد پر نکھار آتا ہے۔سرطان اور بخاروں کے خلاف جسم میں قوت مدافعت پیدا کرتی ہے۔سانس کے مریضوں کو بھی فائدہ دیتی ہے۔یہ ہائی بلڈ پریشر کے علاوہ مٹاپے کو بھی کم کرتی ہے غرضیکہ یہ ذائقے، غذائیت اور افادیت کے اعتبار سے کسی بھی طرح سیب،آم اور کیلے سے کم نہیں۔

Browse More Ghiza Kay Zariay Mukhtalif Bemarion Ka Elaaj